Updated: November 23, 2025, 6:18 PM IST
| Abu Dhabi
نیچرل ہسٹری میوزیم ابوظہبی نے ۲۲؍ نومبر کو عوام کیلئے اپنے دروازے کھول دیئے۔ افتتاح سے قبل بالی ووڈ اسٹارز سلمان خان اور شاہ رخ خان نے میوزیم کا خصوصی دورہ کیا اور ایک مکمل ٹی ریکس کنکال کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں۔ دونوں اداکاروں نے میوزیم کی ڈسپلے کو متاثر کن اور حیرت انگیز قرار دیا۔
نیچرل ہسٹری میوزیم ابوظہبی (این ایچ ایم اے ڈی) نے ۲۲؍ نومبر کو باضابطہ طور پر عوام کیلئے اپنے دروازے کھول دیئے۔ افتتاح سے پہلے بالی ووڈ کے سپر اسٹارز سلمان خان اور شاہ رخ خان نے میوزیم کا خصوصی دورہ کیا۔ سلمان خان نے اپنے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کیا جس میں دونوں اداکار ایک مکمل Tyrannosaurus rex (ٹی ریکس) کے کنکال کے ساتھ پوز دیتے نظر آ رہے ہیں۔ نیا شروع ہونے والا یہ میوزیم اپنے شاندار ڈسپلے کی وجہ سے دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔ اس کا مرکزی حصہ ۳۸؍ فٹ لمبا مکمل ٹی ریکس کنکال ہے، جو دو لڑتے ہوئے ٹیرینوسارس ریکسز کی ڈسپلے کا حصہ ہے۔ سلمان خان نے سوٹ میں ملبوس اپنی اور شاہ رخ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’’ابوظہبی کے نیچرل ہسٹری میوزیم میں۔‘‘
شاہ رخ خان نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں میوزیم کی تعریف کرتے ہوئے اسے ’’حیرت انگیز‘‘ قرار دیا اور کہا کہ یہاں دیکھنے اور محسوس کرنے کیلئے بہت کچھ ہے۔ سلمان خان نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ وہ خود کو ’اصلی جراسک پارک‘ میں محسوس کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل دونوں اسٹارز سعودی عرب میں جوائے فورم میں بھی ایک ساتھ نظر آئے تھے۔ تقریب کے دوران شاہ رخ خان نے سلمان اور عامر خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں ان کیلئے ہمیشہ سے متاثر کن شخصیات رہی ہیں، جنہوں نے اپنے کریئر میں مسلسل محنت کی ہے۔ شاہ رخ نے کہا، ’’شکر ہے کہ مجھے ان دونوں کے ساتھ ایک ہی اسٹیج پر بیٹھنے کا موقع ملا۔‘‘
شاہ رخ خان اب سدھارتھ آنند کی فلم ’’کنگ‘‘ میں نظر آئیں گے جو ۲۰۲۶ء میں ریلیز ہوگی۔ سلمان خان جلد ہی اپوروا لاکھیا کی فلم ’’بیٹل آف گلوان‘‘ میں مرکزی کردار ادا کریں گے، جس میں چترانگدا سنگھ بھی نظر آئیں گی۔