بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور کی آنے والی فلم’’رامائن‘‘نے ریلیز سے پہلے ہی شائقین میں زبردست جوش پیدا کردیا ہے۔ فلم کی ایڈوانس بکنگ شروع ہوتے ہی ٹکٹوں کی فروخت میں تیزی دیکھی گئی اور پہلے ہی دن فلم نے ملک بھر میں تقریباً ۸۸ء۴؍ کروڑ روپے کی کمائی کرلی۔
EPAPER
Updated: October 21, 2026, 9:03 PM IST | Mumbai
بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور کی آنے والی فلم’’رامائن‘‘نے ریلیز سے پہلے ہی شائقین میں زبردست جوش پیدا کردیا ہے۔ فلم کی ایڈوانس بکنگ شروع ہوتے ہی ٹکٹوں کی فروخت میں تیزی دیکھی گئی اور پہلے ہی دن فلم نے ملک بھر میں تقریباً ۸۸ء۴؍ کروڑ روپے کی کمائی کرلی۔
بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور کی آنے والی فلم’’رامائن‘‘ (Ramayana) نے ریلیز سے پہلے ہی شائقین میں زبردست جوش پیدا کردیا ہے۔ فلم کی ایڈوانس بکنگ شروع ہوتے ہی ٹکٹوں کی فروخت میں تیزی دیکھی گئی اور پہلے ہی دن فلم نے ملک بھر میں تقریباً ۸۸ء۴؍ کروڑ روپے کی کمائی کرلی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ممبئی کے ایک معروف سینما گھر میں مخصوص آئی میکس تھری ڈی نمائش کے لیے آرام دہ ریکلائنر نشستوں کے ٹکٹ کی قیمت ۲۷۷۰؍ روپے تک پہنچ گئی ہے۔ فلم کی ہدایت کاری نتیش تیواری نے کی ہے اور اسے ہندوستانی رزمیہ داستان رامائن پر مبنی دو حصوں میں پیش کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے:ٹائیگر شروف پر فائرنگ : حملہ آوروں کا اصل نشانہ سلمان خان تھے: رپورٹ
میڈیا رپورٹس کے مطابق۲۰؍ اکتوبر کو ایڈوانس بکنگ شروع ہونے کے بعد ۲۱؍اکتوبر کی صبح ۸؍بجے تک فلم کے۸۴۹۶۹؍ ٹکٹ فروخت ہوچکے تھے۔ اس دوران ملک کے ۱۰۴؍ شہروں میں ٹکٹوں کی پیشگی فروخت سے ۸۸ء۴؍ کروڑ روپے حاصل ہوئے۔ بلاک بکنگ کی رقم نکالنے کے بعد یہ مجموعہ تقریباً ۰۵ء۳؍ کروڑ روپے رہ جاتا ہے۔ فلم کی ہندی زبان میں نمائش کو سب سے زیادہ پذیرائی مل رہی ہے، جس سے تقریباً۶۲ء۴؍ کروڑ روپے کی آمدنی ہوئی، جبکہ کنڑ زبان کے ڈب شدہ نسخے نے ۹۲ء۲۴؍لاکھ روپے اور تیلگو نے۴۷۴۰۰؍ روپے کمائے۔ ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق، دہلی اور قومی دارالحکومت کے آس پاس کے علاقوں میں فلم کی ایڈوانس بکنگ سب سے زیادہ رہی۔ یہاں۱۸۶۷۴؍ ٹکٹوں کی فروخت سے تقریباً۴۲ء۱؍ کروڑ روپے حاصل ہوئے۔ ممبئی دوسرے نمبر پر رہی، جہاں ۱۴۸۲۳؍ ٹکٹ فروخت ہونے سے تقریباً ۰۱ء۱؍کروڑ روپے کی آمدنی ہوئی۔ پونے، کولکاتا اور بنگلورو میں بھی فلم کے ٹکٹ فروخت ہوئے ہیں۔ ممبئی میں ٹکٹوں کی قیمت زیادہ ہونے کے باوجود شائقین کی دلچسپی نمایاں ہے۔
ممبئی کے لوئر پریل علاقے میں واقع پی وی آر آئیکون، فینکس پیلیڈیم میں ۵؍ اور۶؍ نومبر کی بعض آئی میکس تھری ڈی نمائشوں کے لیے ریکلائنر نشستوں کی قیمت ۲۷۷۰؍ روپے درج کی گئی ہے۔ یہ قیمت مخصوص نمائشوں اور نشستوں کے لیے ہے؛ اس کا مطلب یہ نہیں کہ فلم کے تمام ٹکٹ اتنے مہنگے ہیں۔ مختلف شہروں، سینما گھروں، نمائش کے انداز اور نشستوں کے مطابق ٹکٹوں کی قیمتیں مختلف ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:بھونیشور جانتے ہیں کہ اس فارمیٹ میں کیسے دبدبہ قائم کرنا ہے: شریاس ایّر
فلم سازوں نے ابتدا میں اعلان کیا تھا کہ ایڈوانس بکنگ دسہرے کے موقع پر شروع ہوگی، تاہم پہلے مرحلے میں ملک کے بعض سنیما گھروں میں ہی ٹکٹ دستیاب ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق، تقسیم کاروں اور سینما مالکان کے درمیان فلم کی نمائش کے ابتدائی تین ہفتوں کی آمدنی میں حصے داری کو لے کر اختلافات کی وجہ سے بکنگ کا آغاز متاثر ہوا۔ بعد میں فلم سازوں نے ملک بھر میں بکنگ شروع ہونے کا اعلان کیا۔ دسہرے کے موقع پر یش کے کردار راون پر مبنی ’راون تانڈو‘ کی ویڈیو بھی جاری کی گئی، جس سے فلم کے حوالے سے دلچسپی مزید بڑھی۔
’’رامائن‘‘ میں رنبیر کپور بھگوان رام، سائی پلوی سیتا اور یش راون کا کردار ادا کررہے ہیں۔ فلم میں سنی دیول ہنومان، روی دوبے لکشمن، ارون گوول دشرتھ، لارا دتہ کیکئی، انوپم کھیر جٹایو اور رکول پریت سنگھ سورپنکھا کے کرداروں میں نظر آئیں گے۔ فلم کی تیاری میں پرائم فوکس اور یش کی کمپنی مونسٹر مائنڈ کریشنز شامل ہیں، جبکہ بیرونِ ملک تقسیم کی ذمہ داری سونی پکچرز انٹرنیشنل کے پاس ہے۔ ’’رامائن‘‘ کا پہلا حصہ ۵؍نومبر ۲۰۲۶ء کو دیوالی کے موقع پر سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والا ہے، جبکہ دوسرا حصہ اگلے سال ریلیز کیے جانے کا منصوبہ ہے۔ ایڈوانس بکنگ کے ابتدائی اعداد و شمار فلم کے لیے شائقین کی دلچسپی ظاہر کرتے ہیں، تاہم اصل کامیابی کا اندازہ ریلیز کے بعد ناظرین کے ردعمل اور باکس آفس کی کمائی سے ہوگا۔