Updated: October 21, 2026, 5:07 PM IST
| New Delhi
تقریباً چار سال کے طویل وقفے کے بعد بھونیشور کمار نے بنگلورو میں ویسٹ انڈیز کے خلاف فیصلہ کن ٹی۲۰؍ میچ میں ہندوستانی ٹیم میں واپسی کی۔ بارش کے باعث میچ منسوخ ہونے کی وجہ سے انہیں گیندبازی کا موقع نہیں ملا، لیکن ۳۷؍ سال کے ہونے سے چند ماہ قبل بھی تجربہ کار تیز گیندباز نے سلیکٹرز کی توجہ اپنی جانب برقرار رکھی ہے۔
تقریباً چار سال کے طویل وقفے کے بعد بھونیشور کمار نے بنگلورو میں ویسٹ انڈیز کے خلاف فیصلہ کن ٹی۲۰؍ میچ میں ہندوستانی ٹیم میں واپسی کی۔ بارش کے باعث میچ منسوخ ہونے کی وجہ سے انہیں گیندبازی کا موقع نہیں ملا، لیکن ۳۷؍ سال کے ہونے سے چند ماہ قبل بھی تجربہ کار تیز گیندباز نے سلیکٹرز کی توجہ اپنی جانب برقرار رکھی ہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں عرشدیپ سنگھ کے زخمی ہونے کی وجہ سے انہیں ٹیم میں شامل کیا گیا تھا، تاہم نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ ٹی۲۰؍ سیریز سے ہندوستانی ٹیم کے مستقبل کے منصوبوں میں بھی بھونیشور کی جگہ برقرار ہے۔ ٹی۲۰؍ کپتان شریاس ایّر کے مطابق بھونیشور جانتے ہیں کہ اس فارمیٹ میں دبدبہ قائم کرنے کے لیے کیا کرنا پڑتا ہے۔ایّر نے پہلے ٹی۲۰؍ سے قبل کہاکہ بھونیشور ٹیم میں کافی تجربہ لے کر آتے ہیں۔ آئی پی ایل کے بعد ہمیں اس کی کچھ کمی محسوس ہو رہی تھی، کیونکہ ہمارے پاس کئی نئے گیندباز تھے۔ اگر آپ ٹی۲۰؍ میں ان کے کریئر کو دیکھیں تو انہوں نے گزشتہ دو سال میں آئی پی ایل جیتا ہے۔ اس لیے انہیں بخوبی معلوم ہے کہ اس فارمیٹ میں کیسے دبدبہ قائم کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:کارٹونسٹ ستیش اچاریہ کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ۳؍ ہفتوں میں دوسری بار ہندوستان میں بلاک
۲۰۲۲ء میں قومی ٹیم کے لیے آخری بار کھیلنے کے بعد سے نو نئے تیز گیندباز ٹی۲۰؍ بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کر چکے ہیں۔ عرشدیپ سنگھ اور جسپریت بمراہ پہلی پسند ہیں، جبکہ مضبوط ٹیم میں تیسرے تیز گیندباز کی جگہ کے لیے مقابلہ ہے۔ ایّر کا ماننا ہے کہ بھونیشور کی واپسی سے انتخاب کی مشکل ضرور بڑھے گی، لیکن یہ ایک خوش آئند الجھن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے موجودہ کھلاڑیوں کو مسلسل اچھی کارکردگی پیش کرنے کی ترغیب ملے گی، کیونکہ ٹیم کا آخری مقصد میچ جیتنا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:وینکٹیش اور تریوکرم کی فلم’ ’آدرش کٹمبم‘‘ کی ریلیز پھر ملتوی
نیوزی لینڈ میں حالات تیز گیندبازوں، خصوصاً سوئنگ گیندبازوں کے لیے سازگار ہونے کی توقع ہے، تاہم ایّر نے پہلے سے کوئی حتمی رائے قائم کرنے کے بجائے حالات کے مطابق خود کو جلد ڈھالنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پچ اور حالات کسی بھی دن تبدیل ہو سکتے ہیں، اس لیے ٹیم جلد از جلد ماحول سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش کرے گی اور اچھے پریکٹس سیشن سے کھلاڑیوں کو اپنی حکمت عملی بنانے میں مدد ملے گی۔
ایّر نے نوجوان بلے باز ویشو سوریہ ونشی کو بار بار پلیئنگ الیون سے باہر رکھنے کے فیصلے کا بھی دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ ۱۵؍ سالہ کھلاڑی کو ڈریسنگ روم میں خوش رکھنا ضروری ہے اور اسے مستقبل میں مزید مواقع ملیں گے۔ ایئر کے مطابق ہندوستان کے اوپنرز مسلسل رنز بنا رہے ہیں اور ورلڈ کپ بھی جیت چکے ہیں، اس لیے محض ٹیم میں شامل ہوتے ہی سوریہ ونشی کے لیے جگہ بنانا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک کھیلنے سے سوریہ ونشی کو مختلف پچوں اور حالات کو سمجھنے کا موقع ملے گا اور آئندہ جب وہ ایسے حالات میں آئیں گے تو زیادہ بہتر طور پر تیار ہوں گے۔ اس کے ساتھ وہ پہلی بار بیرون ملک کھیلنے والے دیگر نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی بھی کر سکیں گے۔