• Fri, 10 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’آم کیسے کھاتے ہیں؟‘‘ سے ’’سنترہ کیسے کھاتے ہیں؟‘‘ اکشے کمار پھر ٹرول

Updated: October 09, 2025, 7:19 PM IST | Mumbai

۲۰۱۹ء میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ’’آپ آم کیسے کھاتے ہیں؟‘‘ والا وائرل سوال پوچھنے کے بعد اکشے کمار نے اب ۲۰۲۵ء میں مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس سے پوچھا کہ وہ سنترہ کیسے کھاتے ہیں؟ اور ٹرولرس کو ٹرول کرنے کے چکر میں اکشے کمار ایک بار پھر ٹرول ہوگئے۔

Akshay Kumar being interviewed by Devendra Fadnavis. Photo: X
اکشے کمار دیوندر فرنویس کا انٹرویو لیتے ہوئے۔ تصویر: ایکس

فکی فریمز کے ایک پروگرام کے دوران بالی ووڈ اداکار اکشے کمار نے ۲۰۱۹ء کے وزیر اعظم مودی کے ساتھ اپنے انٹرویو کا ایک ’’لمحہ‘‘ دوبارہ تخلیق کرنے کی کوشش کی، اور سوشل میڈیا پر ایک بار پھر ٹرول ہوگئے۔ انہوں نے مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس سے پوچھا، ’’سر! آپ ناگپور سے ہیں، اور ناگپور سنتروں کیلئے مشہور ہے۔ تو سر، کیا آپ کو سنترے اچھے لگتے ہیں؟ آپ انہیں چھیل کر کھاتے ہیں یا جوس نکال کر پیتے ہیں؟‘‘
اکشے کمار کے سوال پر پروگرام کے شرکاء ہنس پڑے جبکہ فرنویس نے سنجیدگی سے جواب دیتے ہوئے سنترے کھانے کا ایک نیا اور منفرد طریقہ بتایا۔ وزیر اعلیٰ نے جواب دیا کہ ’’مَیں آپ کو سنترے کھانے کا ایک نیا طریقہ بتاتا ہوں۔ آپ سنترے کو چھیلنے کے بجائے اس کو اوپر سے تھوڑا سا کاٹیں، پھر اسے نچوڑ کر اندر کا جوس پی لیں۔ اس طرح بغیر چھلکے اتارے آپ کو اصل ذائقہ ملتا ہے۔‘‘

سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہوا اور صارفین نے اکشے کمار کو خوب ٹرول کیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’’۲۰۱۹ء کا وہ لمحہ یاد آگیا جب کنیڈین کمار نے مودی سے پوچھا تھا کہ آپ آم کیسے کھاتے ہیں۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ اس وقت بھی اکشے بری طرح ٹرول ہوئے تھے۔‘‘ 
دلچسپ بات یہ ہے کہ فرنویس کے ساتھ بات چیت کے دوران اکشے نے اسی واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’سر! اس وقت مجھے لوگوں نے بہت ٹرول کیا تھالیکن میں سدھرنے والا نہیں۔‘‘ ایک صارف نے طنزیہ لکھا کہ ’’یقیناً! آپ سدھرنے والے نہیں، اور وجہ سب کو معلوم ہے!‘‘ ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’’دریں اثنا، آم کو نظرانداز کر دیا گیا۔‘‘ ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ ’’ شکر ہے! ان کی فلم لکھنے والے ان سے بہتر ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK