• Fri, 30 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

زیوریو کو شکست دے کر الکاراز پہلی بار آسٹریلین اوپن کے فائنل میں پہنچے

Updated: January 30, 2026, 4:06 PM IST | Melbourne

اسپین کے اسٹار ٹینس کھلاڑی کارلوس الکاراز نے جمعہ کو ایک سنسنی خیز اور طویل مقابلے میں جرمنی کے الیگزینڈر زیوریو کو شکست دے کر پہلی مرتبہ آسٹریلین اوپن کے فائنل میں رسائی کر لی۔ شدید جسمانی مشکلات اور شکست کی دہلیز تک پہنچنے کے باوجود الکاراز نے غیر معمولی حوصلے اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے یادگار فتح حاصل کی۔

Alcaraz.Photo:INN
کارلوس الکاراز۔تصویر:آئی این این

 اسپین کے اسٹار ٹینس کھلاڑی کارلوس الکاراز نے جمعہ کو ایک سنسنی خیز اور طویل مقابلے میں جرمنی کے الیگزینڈر زیوریو کو شکست دے کر پہلی مرتبہ آسٹریلین اوپن کے فائنل میں رسائی کر لی۔ شدید جسمانی مشکلات اور شکست کی دہلیز تک پہنچنے کے باوجود الکاراز نے غیر معمولی حوصلے اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے یادگار فتح حاصل کی۔
اے ٹی پی رینکنگ کے عالمی نمبر ایک کھلاڑی کارلوس الکاراز نے عالمی نمبر تین الیگزینڈر زیوریو کو پانچ سیٹوں پر مشتمل تاریخی سیمی فائنل میں۴۔۶،۷۔۶، ۶۔۷، ۷۔۶، ۵۔۷؍سے شکست دی۔ راڈ لیور ایرینا میں کھیلا گیا یہ مقابلہ ۵؍ گھنٹے اور۲۷؍ منٹ تک جاری رہا، جو آسٹریلین اوپن کی تاریخ کا طویل ترین سیمی فائنل ثابت ہوا۔
میچ کے دوران تیسرے سیٹ کے اختتام پر الکاراز کو دائیں اوپری پیر میں تکلیف کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث انہیں فزیوتھراپسٹ سے دو مرتبہ علاج کروانا پڑا۔ اس کے باوجود ہسپانوی کھلاڑی نے فیصلہ کن پانچویں سیٹ میں ۳۔۵؍ سے پیچھے ہونے کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے میلبورن میں اپنے پہلے فائنل میں جگہ پکی کر لی۔
میچ کے بعد کورٹ پر دیے گئے انٹرویو میں کارلوس الکاراز نے کہاکہ ’’سب سے اہم بات خود پر یقین رکھنا ہے۔ میں ہمیشہ یہی کہتا ہوں کہ چاہے حالات کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں، خود پر اعتماد قائم رکھنا چاہیے۔ تیسرے سیٹ میں میں شدید مشکلات سے گزر رہا تھا۔ جسمانی اعتبار سے یہ میرے اب تک کے مختصر کیریئر کا سب سے چیلنجنگ مقابلہ تھا۔‘‘
انہوں نے مزید  کہاکہ میں اس طرح کے حالات پہلے بھی دیکھ چکا ہوں اور مجھے معلوم تھا کہ مجھے کیا کرنا ہے۔ میں نے آخری پوائنٹ تک دل لگا کر مقابلہ کیا۔ مجھے یقین تھا کہ مواقع ضرور آئیں گے، اور جس طرح میں نے پانچویں سیٹ میں واپسی کی، اس پر مجھے اپنے آپ پر بے حد فخر ہے۔

اس کامیابی کے ساتھ کارلوس الکاراز کیریئر گرینڈ سلیم مکمل کرنے سے محض ایک فتح کی دوری پر ہیں، یعنی چاروں گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس میں سنگلز ٹائٹل جیتنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن سکتے ہیں۔ اگر وہ اتوار کے فائنل میں یانک سینر یا نوواک جوکووچ کو شکست دے دیتے ہیں تو وہ یہ اعزاز اپنے ہم وطن رافیل ندال سے چھین لیں گے۔ تاہم، تاریخ رقم کرنے کی راہ میں الکاراز کو ایک اور سخت امتحان کا سامنا ہے۔ عالمی نمبر دو یانک سنر میلبورن پارک میں مسلسل دو مرتبہ دفاعی چیمپئن رہ چکے ہیں جبکہ نوواک جوکووچ ریکارڈ دس بار آسٹریلین اوپن کے فاتح بن چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:فرحان اختر فی الحال ’’ڈان ۳‘‘ نہیں بنائیں گے، توجہ ’’جی لے ذرا‘‘ پر مرکوز

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ الکاراز نے ٹورنامنٹ کے ابتدائی پانچ مقابلوں میں ایک بھی سیٹ نہیں ہارا تھا۔ زیوریو کے خلاف بھی انہوں نے ابتدائی دو سیٹ جیت کر برتری حاصل کر لی تھی۔ خاص طور پر دوسرے سیٹ میں ۲۔۵؍ سے پیچھے ہونے کے باوجود شاندار واپسی ان کے غیر معمولی اعتماد کا مظہر رہی۔ تیسرے سیٹ میں۴۔۴؍ اور ۱۵/۱۵؍ کے اسکور پر مقابلے نے نیا رخ اختیار کیا، جب سرو کرتے ہوئے الکاراز کے دائیں پیر کے اوپری حصے میں چوٹ لگی۔ علاج کے باوجود زیوریو نے میچ میں بھرپور واپسی کی اور مقابلہ فیصلہ کن سیٹ تک لے گئے۔

یہ بھی پڑھئے:امریکہ: پاسپورٹ ماتھے پر چسپاں کرکے ،عوام کا ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف منفرد احتجاج

پانچویں سیٹ کے آغاز میں زیوریو نے الکاراز کی سروس توڑ کر سبقت حاصل کی اور ۴۔۵؍ پر میچ جیتنے کے لیے سرو کرنے لگے، تاہم اسی لمحے الکاراز نے ناقابلِ یقین حوصلہ دکھاتے ہوئے مسلسل چار گیمز جیت لیے اور میچ پوائنٹ پر الکاراز نے تاریخی فتح اپنے نام کر لی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK