Inquilab Logo

علیشا چنائے نے پوپ گیتوں کے ذریعہ بالی ووڈ میں خوب نام کمایا

Updated: March 18, 2024, 9:49 AM IST | Agency | Mumbai

کہا جاتا ہے کہ علیشا کو ہندی فلموں میں لانے والا کوئی اور نہیں بلکہ میوزک ڈائریکٹر اور کمپوزر بپی لہری تھے۔ ۸۰ءکی دہائی میں علیشا چنائے نے بپی لہری کےساتھ کئی ڈسکو ہٹ دیئے۔

 Alisha Chinai. Photo: INN
علیشا چنائے۔ تصویر: آئی این این

ہندوستانی گلوکارہ علیشا چنائےکی پیدائش ۱۸؍مارچ۱۹۶۵ءکو احمد آباد، گجرات میں ہوئی تھی۔ ان کا تعلق گجراتی خاندان سےہے۔ ان کے نام سے جڑی ایک دلچسپ کہانی بھی ہے۔ دراصل، ان کے والدین نےان کا نام سجاتا چنائے رکھا، جسے بعد میں انہوں نے علیشا (ان کی کزن کی بیٹی کا نام) رکھ دیا۔ علیشا کو بچپن سے ہی موسیقی میں گہری دلچسپی تھی اور وہ استاد کی دھنیں سن کر بڑی ہوئیں۔ علیشا نے اپنے میوزک کریئر کا آغاز۱۹۸۵ء میں اپنے پہلے البم ’جادو‘ سے کیا۔ ان کی دیگر میوزک البمس میں بیبی ڈال، آہ علیشا، بامبے گرل، میڈونا، میڈ ان انڈیاوغیرہ شامل ہیں۔ ۱۹۹۰ء تک، انہیں انڈین پاپ کی ملکہ یعنی ’انڈی پوپ کوین‘ کہا جانے لگا۔ کہا جاتا ہے کہ علیشا کو ہندی فلموں میں لانے والا کوئی اور نہیں بلکہ میوزک ڈائریکٹر اور کمپوزر بپی لہری تھے۔ ۸۰ءکی دہائی میں علیشا چنائے نے بپی لہری کےساتھ کئی ڈسکو ہٹ دیئے جن میں ’لو لو لو لو‘، ’گرو‘، ’ایڈونچر آف ٹارزن‘، ’ڈانس ڈانس‘، ’کمانڈو‘ جیسی فلموں کے گانے شامل تھے۔ اپنے کرئیرکے آغاز میں انہوں نے بالی ووڈ کی معروف اداکاراؤں کے لیے پلے بیک سنگنگ کی ہے، جن میں سری دیوی، دویا دتہ، کرشمہ کپور، جوہی چاولہ، مادھوری دکشت جیسی تجربہ کار اداکارائیں شامل ہیں۔ 
۱۹۸۵ءمیں، علیشانے کونکنی زبان میں ریمو فرنانڈس کے ساتھ ایک میوزک البم ’اولڈ گوا گولڈ‘ کے لیے اپنی آواز دی۔ ۱۹۸۷ء میں انہوں نے پنکج پراشرکی فلم ’جلوہ‘ میں اپنی آواز کا جادو جگایا۔ یہ گانا آنندملندنےترتیب دیا تھا۔ انہوں نے فلم ’مسٹر انڈیا‘ (۱۹۸۷ء) کیلئےکشور کمار کے ساتھ’کاٹے نہیں کٹتے‘ گایا، جو اس وقت کی سب سے بڑی ہٹ فلموں میں سے ایک تھی۔ 
۱۹۸۹ءمیں علیشا چنائے کا ایک اور مقبول گانا فلم ’تری دیو‘ کا ’رات بھر جام سے‘ آیا، جس کی موسیقی کلیان جی-آنند جی اور وجو شاہ نے دی تھی۔ ۹۰ءکی دہائی میں وہ کئی ہٹ فلمیں دے کر اپنے کرئیر کےعروج پر پہنچ گئیں اور ۱۹۹۵ء میں انہوں نے اپنا سب سےبڑا ہٹ گانا ’میڈ ان انڈیا‘ گایا، جسے ملک بھرکے لوگوں کی جانب سے زبردست پذیرائی حاصل ہوئی۔ 
علیشا نے مشہور بالی ووڈ گلوکار اور میوزک کمپوزر انوملک کے ساتھ بھی کئی ہٹ گانے دیے۔ ۱۹۹۵ءمیں ان کا انو ملک کے ساتھ شدید جھگڑا ہوا تھا لیکن کچھ سال کےبعد انہوں نے۲۰۰۳ءمیں دوبارہ انو ملک کے ساتھ کام کیا۔ علیشا نے فلم ’عشق وشک‘ کےلیے ایک گانا گایا تھا۔ یہ شاہد کپور کی پہلی فلم تھی۔ علیشا کے ہٹ گانوں کی فہرست کافی طویل ہےجس میں فلم ’پھول اور کانٹے‘ کا گانا ’دل یہ کہتا ہے‘، ڈانس ڈانس کا ’ زوبی زوبی‘، مسٹر انڈیا کا گانا ’کانٹے نہیں کٹے‘ خودار ’سیکسی سیکسی‘، `وجے پتھ کا ’رک رک رک‘ جیسے متعدد زبردست گانے شامل ہیں۔ اس کے بعد علیشا نے فلم مجھ سے دوستی کروگے کے گانے ’او مائی ڈارلنگ‘ کے ساتھ واپسی کی اور کئی گانے گائے۔ ۲۰۰۵ءمیں فلم ’بنٹی اور ببلی‘ کے گانے ’کجرا رے‘ جوایشوریا رائے بچن، امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن پر فلمایا گیا تھا، کے ساتھ علیشا ایک بار پھر میوزک انڈسٹری میں اپنا نیا سفر شروع کرنے کے لیے تیار ہوگئیں۔ انہوں نے عشق وشک میں ’چوٹ دل پر لگی‘، نو انٹری میں ’عشق دی گلی‘، جھوم برابر جھوم میں ’ ٹکٹ ٹو ہالی ووڈ ‘، نمستے لندن میں ’دلربا‘ اور۲۰۱۳ء کی آخری فلم کرش۳؍ میں ’دل تو ہی بتا‘ اور ’یو آر مائی لو‘ جیسے گانے دیے۔ اس فلم کے بعد علیشا میوزک انڈسٹری سے غائب ہوگئیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK