Inquilab Logo Happiest Places to Work

علیشا چنائے نے بالی ووڈ میں انڈی پاپ کو فروغ دیا

Updated: March 19, 2026, 10:58 AM IST | Agency | Mumbai

جدید دور کی مشہور گلوکارائوں میں ایک نام بطور خاص لیا جاتا ہے اور وہ نام علیشا چنائے کا ہے۔گلوکارہ علیشا چنائے کی پیدائش ۱۸؍مارچ ۱۹۶۵ء کواحمد آباد، گجرات میں ہوئی تھی۔ان کا تعلق گجراتی خاندان سے ہے۔ ان کے نام سے جڑی ایک دلچسپ کہانی بھی ہے۔

Pop Singer Alisha Chinoy.Photo:INN
پاپ گلوکارہ علیشا چنائے-تصویر:آئی این این
جدید دور کی مشہور گلوکارائوں میں ایک نام بطور خاص لیا جاتا ہے اور وہ نام علیشا چنائے کا ہے۔گلوکارہ علیشا چنائے کی پیدائش ۱۸؍مارچ ۱۹۶۵ء کواحمد آباد، گجرات میں ہوئی تھی۔ان کا تعلق گجراتی خاندان سے ہے۔ ان کے نام سے جڑی ایک دلچسپ کہانی بھی ہے۔ دراصل، ان کے والدین نے ان کا نام سجاتاچنائے رکھا، جسے بعد میں انہوں نے علیشا (ان کی کزن کی بیٹی کا نام) رکھ دیا۔ علیشا کو بچپن سے ہی موسیقی میں گہری دلچسپی تھی اور وہ استاد کی دھنیں سن کر بڑی ہوئیں۔ علیشا نے میوزک میں اپنےکریئر کا آغاز ۱۹۸۵ءمیں اپنے پہلے البم ’جادو‘سے کیا۔ ان کے دیگر میوزک البمس میں بیبی ڈال، آہ علیشا، بامبے گرل، میڈونا، میڈانڈیاوغیرہ شامل ہیں۔ ۱۹۹۰ءتک،انہیں انڈین پاپ کی ملکہ یعنی ’انڈی پاپ کوئین‘ کہا جانے لگا۔کہا جاتا ہے کہ علیشا کو ہندی فلموں میں لانے والا کوئی اور نہیں بلکہ میوزک ڈائریکٹر اور کمپوزر بپی لہری تھے۔ ۸۰ءی دہائی میں علیشا چنائے نے بپی لہری کے ساتھ کئی ڈسکو ہٹ دیئے جن میں’لو لو لو لو‘،’گرو‘، ’ایڈونچر آف ٹارزن‘، ’ڈانس ڈانس‘،’کمانڈو‘جیسی فلموں کے گانےشامل تھے۔ اپنے کرئیر کے آغاز میں انہوں نے بالی ووڈ کی معروف اداکاراؤں  کیلئےپلے بیک سنگنگ کی ہے، جن میں سری دیوی، دویا دتہ، کرشمہ کپور، جوہی چاولہ، مادھوری دکشت جیسی تجربہ کار اداکارائیں شامل ہیں۔ 
۱۹۸۵ءمیں، علیشا نےکوکنی زبان میں ریمو فرنانڈس کے ساتھ ایک میوزک البم ’اولڈ گوا گولڈ‘کے لیے اپنی آواز دی۔ ۱۹۸۷ءمیںانہوں نے پنکج پراشر کی فلم ’جلوہ‘میں  اپنی آواز کا جادو جگایا۔ یہ گانا آنند ملند نےترتیب دیا تھا۔ انہوں نے فلم ’مسٹر انڈیا‘ (۱۹۸۷ء)کیلئےکشور کمار کے ساتھ ’کاٹے نہیں کٹتے‘ گایا،جو اس وقت کی سب سے بڑی ہٹ فلموں میں سے ایک تھی۔ 
 
 
۱۹۸۹ءمیں علیشا چنائے کا ایک اور مقبول گانا فلم ’تری دیو‘ کا’رات بھر جام سے‘آیا، جس کی موسیقی کلیان جی-آنند جی اور وجو شاہ نے دی تھی۔ ۹۰ءکی دہائی میں وہ کئی ہٹ فلمیں دے کر اپنے کرئیر کے عروج پر پہنچ گئیں اور ۱۹۹۵ءمیںانہوں نے اپنا سب سے بڑا ہٹ گانا’میڈ ان انڈیا‘گایا، جسے ملک بھر کے لوگوں کی جانب سے خوب پسند کیا گیا۔علیشا نے مشہور بالی ووڈ گلوکار اور میوزک کمپوزر  انو ملک کے ساتھ بھی کئی ہٹ گانے دیے۔ ۱۹۹۵ءمیں ان کا انو ملک کے ساتھ شدید جھگڑا ہوا تھا لیکن کچھ سال کےبعد انہوں نے ۲۰۰۳ءمیںدوبارہ انو ملک کے ساتھ کام کیا۔ علیشا نے فلم’عشق وشق‘کے لیے ایک گانا گایا تھا۔ یہ شاہد کپور کی پہلی فلم تھی۔ علیشا کے ہٹ گانوں کی فہرست کافی طویل ہے جس میں فلم ’پھول اور کانٹے‘ کا گانا’دل یہ کہتا ہے‘، ڈانس ڈانس کا’ زوبی زوبی‘،  مسٹر انڈیا کا گانا’کاٹے نہیں کٹتے‘  خوددار کا’سیکسی سیکسی‘،وجے پتھ کا’رک رک رک‘ جیسے متعدد زبردست گانے شامل ہیں۔ 
 
 
اس کے بعد علیشا نے فلم مجھ سے دوستی کروگے کے گانے’او مائی ڈارلنگ‘ کے ساتھ واپسی کی اور کئی گانے گائے۔۲۰۰۵ءمیں فلم’بنٹی اور ببلی‘کےگانے ’کجرا رے‘جوایشوریا رائے بچن، امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن  پر فلمایا گیا تھا،کے ساتھ علیشا   ایک بار پھر میوزک انڈسٹری میں اپنا نیا سفر شروع کرنے کے لیےتیار ہوگئی تھیں۔انہوں نے عشق وشق میں’چوٹ دل پر لگی‘، نو انٹری میں’عشق دی گلی‘، جھوم برابر جھوم  میں ’ٹکٹ ٹو ہالی ووڈ‘، نمستے لندن  میں’دلربا‘ اور۲۰۱۳ءکی  آخری فلم کرش۳؍ میں’دل تو ہی بتا‘ اور’یو آر مائی لو‘جیسے گانے دیے۔ اس فلم کے بعد علیشا میوزک انڈسٹری سے غائب ہوگئیں۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK