جواب دینے کو تیار نہیں، سپریم کورٹ میں پُرزور مخالفت کی، اپوزیشن کو اِن سوالوں کے جواب ملیں گے یا نہیں یہ فیصلہ ۹؍ دسمبر کو کمیشن کا موقف سننے کے بعد ہوگا۔
EPAPER
Updated: November 20, 2026, 1:26 PM IST | Agency | New Delhi
جواب دینے کو تیار نہیں، سپریم کورٹ میں پُرزور مخالفت کی، اپوزیشن کو اِن سوالوں کے جواب ملیں گے یا نہیں یہ فیصلہ ۹؍ دسمبر کو کمیشن کا موقف سننے کے بعد ہوگا۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ایس آئی آر کے طریقۂ کار اور اس سے متعلق فیصلوں پر اپوزیشن کی جانب سے اٹھائے گئے ۴۸ سوالوں کے جواب دینے پر سخت اعتراض کیا ہے۔ کمیشن نے سپریم کورٹ میں کہا ہے کہ اسے کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور انڈیا اتحاد کے دیگر لیڈروں کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر سخت تحفظات ہیں۔ واضح رہےکہ اپوزیشن نے عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور ۲؍ دیگر الیکشن کمشنروں سمیت متعلقہ افسران کو ان سوالوں کے جواب حلف ناموں کے ذریعے دینے کی ہدایت دی جائے۔
الیکشن کمیشن کو سوالوں پر موقف پیش کرنے کا موقع
چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ کے سامنے الیکشن کمیشن کی جانب سے پیش ہوئے سینئر وکیل ہریش سالوے نے درخواست کی مخالفت کی۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کو اپوزیشن کی جانب سے پیش کئے گئے سوالات پر سنجیدہ اعتراضات ہیں۔ کمیشن کے وکیل منندر سنگھ نے بھی درخواست پر ابتدائی سماعت سے پہلے نوٹس جاری کرنے کی مخالفت کی۔ اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت پہلے درخواست کی سماعت کرے گی اور اس کے بعد ضروری احکامات جاری کرے گی۔ اب ۹؍ دسمبر کی سماعت کے بعد ہی طے ہوگا کہ اپوزیشن کو اپنے سوالوں کے جواب ملیں گے یا نہیںملیں گے۔ اگلی سماعت میں الیکشن کمیشن اپوزیشن لیڈروں کے سوالوں کی مخالفت کرتے ہوئے ا ن کے جواب نہ دینے کیلئے اپنے دلائل پیش کرے گا۔
یہ بھی پڑھئے: رکن پارلیمنٹ یوسف پٹھان کو ۱۵؍ کروڑ کی زمین مفت ملے گی، ۱۴؍ سال سےکوشش کررہے تھے
درخواست گزاروں میں راہل سمیت۱۲؍ لیڈر
یہ درخواست لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی اور انڈیا اتحاد کے ۱۲؍ دیگر لیڈروں نے دائر کی ہے۔ اپوزیشن نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ۲۶؍ اکتوبر کو سپریم کورٹ میں داخل کردہ جوابی حلف نامے میں ایس آئی آر سے متعلق اہم فیصلوں کو ۳؍ رکنی کمیشن کی متفقہ منظوری قرار دیا ہے، لیکن اس دعوے کی تائید میں اجلاسوں کی کارروائی، فائلوں کی تفصیلات، منظوری کی تاریخوں یا متعلقہ ریکارڈ کی کوئی وضاحت نہیں دی گئی۔
اپوزیشن نے ۴۸؍ سوالوں کے ذریعے یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ ملک گیر ایس آئی آر شروع کا فیصلہ کس نے کیا، یہ فیصلہ کب اور کس فائل میں درج کیا گیا اور کمیشن کے ہر رکن کی اس بارے میں کیا رائے تھی۔
اپوزیشن کے۴۸؍ سوالوں کا مقصد
الیکشن کمیشن آف انڈیا سے ۴۸؍ سوال پوچھنے کے پیچھے اپوزیشن کا بنیادی مقصد یہ معلوم کرنا ہے کہ ملک گیر ایس آئی آر شروع کرنے کا فیصلہ کس نے کیا الیکشن کمیشن کے تینوں ارکان نے اس کی منظوری کس طریقے سے دی اور اس پورے عمل کے دوران کیا کمیشن کے اندر اختلافات بھی سامنے آئے تھے۔
یہ سوالات محض ایس آئی آر کے انتظامی طریقۂ کار تک محدود نہیں ہیں بلکہ ان کے ذریعے الیکشن کمیشن کے فیصلہ سازی کے عمل، ووٹر فہرستوں میں نام شامل کرنے اور حذف کرنے کے ضابطوں، ڈجیٹل نظام کے استعمال اور کمیشن کے اراکین کے درمیان ممکنہ اختلافات کی تفصیلات سامنے لانے کی کوشش کی گئی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار، الیکشن کمشنروں سکھ بیر سنگھ سندھو اور وویک جوشی کے علاوہ الیکشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل (آئی ٹی) اور دیگر متعلقہ افسران سے بھی جواب طلب کرنے کی اجازت مانگی گئی ہے۔ اپوزیشن اپنے ۴۸؍ سالوں کے ذریعہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی کردینے کی حکمت عملی پر کام کررہا ہے۔ اسے الیکشن کمیشن کے ذرائع سے اب بھی اطلاعات مل رہی ہیں کہ کمیشن میں اتفاق رائے نہیں ہے اور وہ اسی کو عدالت کے سامنے لانا چاہتا ہے۔