سونیا گاندھی کی کتاب کے خلاف احتجاج اُلٹا پڑ جانے کے بعد پریشان۔
EPAPER
Updated: November 20, 2026, 1:29 PM IST | Agency | Mumbai
سونیا گاندھی کی کتاب کے خلاف احتجاج اُلٹا پڑ جانے کے بعد پریشان۔
شیوسینا (شندے) کی لیڈر شائنا این سی نے بال ٹھاکرے کی تصویر پھاڑنے کے واقعے پر جمعرات کو معافی مانگ لی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کی اس حرکت سے شیوسینکوں یا بال ٹھاکرے کے مداحوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں تو وہ دل سے معافی مانگتی ہیں۔ یہ واقعہ بدھ کو پریس کانفرنس کے دوران پیش آیا جس کا اہتمام ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیوسینا نے کانگریس لیڈر سونیا گاندھی کی کتاب ’بلانگنگ: اے جرنی آف لو‘ میں وی ڈی ساورکر سے متعلق تبصروں کے خلاف احتجاج کیلئے کیا تھا۔
اس موقع پر شائنا سمیت شیوسینا کے دیگر لیڈروں نے کتاب کے صفحات پھاڑے۔ اسی دوران شائنا نے غلطی سے بال ٹھاکرے کی تصویر والا کاغذ بھی پھاڑ دیا۔ اس تصویر میں بال ٹھاکرے سابق مرکزی وزیر منی شنکر ایر کے پتلے کو تھپڑ مارتے دکھائی دے رہے تھے۔ شائنا نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بال ٹھاکرے کو اپنے لیے والد جیسی شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خاندان کے ساتھ بال ٹھاکرے کے قریبی تعلقات تھے اور وہ ان کی شادی میں بھی شریک ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بال ٹھاکرے سے اپنی محبت اور وفاداری ثابت کرنے کیلئے انہیں کسی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے۔