Inquilab Logo

اللو ارجن کی فلم ’پشپا‘ کے کردار کا پورا ملک دیوانہ ہوگیا تھا

Updated: April 08, 2024, 2:07 PM IST | Mumbai

اللو ارجن نے بطور ہیرو فلمی سفر کا آغاز فلم گنگوتری ۲۰۰۳ء سے کیا، پھر۲۰۰۴ءکی فلم آریہ میں یکطرفہ محبت کرنے والے طالب علم کا کردار نبھایا۔ اس فلم کے بعد نوجوانوں میں اللو ارجن کا جنون پیدا ہوگیا۔

Stylish star Allu Arjun. Photo: INN
اسٹائیلش اسٹار اللو ارجن۔ تصویر: آئی این این

کورونا دور کے بعد یعنی ۲۰۲۱ء میں جب جنوبی ہند کی فلم’پشپا‘ ریلیز ہوئی تھی تو صرف جنوبی ہند کی ریاستیں ہی نہیں بلکہ پورا ہندوستان اسی کےرنگ میں رنگ گیا تھا۔ ہر کوئی اس کی طرح ٹیڑھا ہوکر رقص کرتا اور اس کا ڈائیلاگ ’’پشپا، جھکے گا نہیں سالا‘‘بولتا نظر آرہا تھا۔ ناظرین صرف اس کردار کو نہیں بلکہ اس رول کو ادا کرنے والے اللو ارجن کو بھی سراہ رہے تھے۔ 
آج ہم اسی اللو ارجن کے تعلق سے تفصیلات پیش کررہے ہیں۔ اللو ارجن۸؍اپریل۱۹۸۳ءکوتمل ناڈو کے شہرچنئی میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ بنیادی طور پر تیلگو زبان کی فلموں میں کام کرتےہیں۔ برسوں سےتیلگو سنیما سے منسلک ایک خاندان میں ان کی پیدائش ہوئی۔ وہ جنوبی ہند کے مشہورپروڈیوسر اللو اروندکے بیٹے، تیلگو اور ہندی فلموں کے اداکار چرن جیوی اور پون کلیان کے بھتیجے اور رام چرن کےچچا زاد بھائی ہیں۔ والدہ نرملا ایک گھریلو خاتون ہیں جبکہ ان کے دادا اللو رامالنگیہ بھی ایک مشہور مزاحیہ اداکار تھے۔ ۶؍مارچ ۲۰۱۱ء کو اللو ارجن نے حیدرآباد میں اداکارہ اسنیہہ ریڈی سے شادی کرلی۔ اللو ارجن کو کئی ایوارڈ مل چکے ہیں جن میں ایک نیشنل ایوارڈ، ۶؍فلم فیئر ایوارڈ اور ۳؍نندی ایوارڈ شامل ہیں۔ 
اللو ارجن نے بطور ہیرو فلمی سفر کا آغاز فلم گنگوتری ۲۰۰۳ء سے کیا، پھر۲۰۰۴ءکی فلم آریہ میں یکطرفہ محبت کرنے والے طالب علم کا کردار نبھایا۔ اس فلم کے بعد نوجوانوں میں اللو ارجن کا جنون پیدا ہوگیا۔ اگر چہ ابتدائی فلموں میں انھیں زیادہ پزیرائی نہیں ملی لیکن آریہ فلم کے سیکوئل آریہ ۲؍نے اللو ارجن کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ 
اللو ارجن کی تمام فلمیں ملیالم اور ہندی زبان میں ڈب ہو چکی ہیں۔ جنوبی ہندوستان کےعلاوہ شمالی ہندوستان، بنگلہ دیش اور پاکستان تک میں ان کے بڑی تعداد میں شائقین موجودہیں، جوان کی فلموں کے ہندی ڈب ورژن کو بڑے شوق سےدیکھتے ہیں۔ اس کےعلاوہ کیرالہ میں انہیں مللو ارجن کے نام سے جانا جاتا ہے۔ 
اللوارجن جنوبی ہند کے واحد اداکار ہیں جن کی فلموں سرئنوڈو اور دوواڈا جگناتھم کے ہندی ڈب ورژن نےیوٹیوب پر۱۵؍کروڑ ویوز حاصل کیے۔ ان کی بعض فلمیں تمل زبان میں بھی ڈب اور دوبارہ بنائی جاچکی ہیں۔ ۲۰۱۸ءتک وہ جنوبی ہند کے واحد اداکار تھےجنہیں فیس بک کے باضابطہ اکاؤنٹ پرایک کروڑ سے زیادہ پسند (لائکس) تھے۔ بچپن میں اللوارجن نےاپنے والد اللو اروند کی پروڈیوس کی گئی فلموں وجیتا اور سواتی موتیم میں بطور چائلڈ آرٹسٹ کام کیا۔ ۲۰۰۱ء میں انہوں نے فلم ڈیڈی میں بطور ڈانسر ایک معمولی کردار ادا کیا۔ بعد میں، اللو ارجن کی بطور ہیرو پہلی فلم۲۰۰۳ءکی فلم گنگوتری ریلیز ہوئی جس کے ہدایت کار کے راگھویندر راؤ تھے۔ اس فلم نے تھیٹروں میں ۱۰۰؍ دن مکمل کیے اور ایک کامیاب ثابت ہوئی۔ ان کی دوسری فلم آریہ تھی، جو۲۰۰۴ءمیں ریلیزہوئی اور باکس آفس پر بھاری کامیابی حاصل کی۔ اس فلم کی کامیابی کے بعد نوجوانوں کے درمیان اللو ارجن کا ایک نام بن گیا۔ آریہ۲؍ کے بعد فلم پشپا ان کے کریئر کی سب سے بڑی ہٹ فلمیں ثابت ہوئی ہیں۔ پشپا کو پورے ملک میں دیکھا گیا اور اب اس کے دوسرے حصے کا بے صبری سے انتظار ہورہا ہے جو ۱۵؍اگست۲۰۲۴ءکو ریلیز ہوگی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK