Inquilab Logo

باکس آفس کے ساتھ ہی ’گوگل سرچ لسٹ‘ پر بھی شاہ رُخ کی بادشاہت

Updated: December 31, 2023, 12:39 PM IST | Inquilab Desk | Mumbai

کنگ خان جہاں کمائی کے معاملے میں سب سے آگے ہیں، وہیں ان کی فلموں کا ’گوگل سرچ‘ پر بھی راج ہے۔ گوگل نے دنیا بھرمیں سب سے زیادہ تلاش کی جانیوالی فلموں کی ایک فہرست جاری کی ہےجس میں شاہ رخ کی فلم ’جوان‘ تیسری اور ’پٹھان‘ دسویں پوزیشن پر ہے جبکہ ہندوستانی فلموں میں ’جوان‘ سرفہرست ہے۔

Shah Rukh Khan. Photo: INN
شاہ رخ خان۔ تصویر : آئی این این

اگر یہ کہیں تو شاید غلط نہیں ہوگا کہ بالی ووڈ کے حوالے سے یہ سال پوری طرح سے شاہ رخ خان کے نام رہا۔ حالانکہ اس درمیان سنی دیول کی غدر۔۲؍ اور رنبیر کپور کی ’اینی مل‘ جیسی فلمیں بھی باکس آفس پر اپنی چھاپ چھوڑنے میں کامیاب رہیں لیکن ’پٹھان ‘اور ’جوان‘ کے ساتھ شاہ رخ خان کا دبدبہ سال بھرقائم رہا اور اب ’ڈنکی‘ کے حوالے سے روزانہ کی خبریں بادشاہ خان کا تعاقب کرتی نظر آرہی ہیں۔
 جنوری کے دوسرے ہفتے میں ’کتے، لکڑ بگھا اورمشن مجنوں‘ سے لے کر دسمبر کے آخری ہفتے میں ریلیز ہونے والی ‘’ڈنکی، ڈرائے ڈے اورکھوگئےہم کہاں‘ تک سال رواں میںسیکڑوں فلمیں ریلیز ہوئی ہیں۔ان میںسے کچھ کامیاب رہیں، کچھ ناکام رہیں، کچھ بہت زیادہ کامیاب ہوئیں تو کچھ بری طرح ناکام ہوئیں، لیکن آج ہماری گفتگو کا موضوع کامیابی اور ناکامی سے قطع نظر وہ فلمیں ہیں جنہیں ’گوگل سرچ انجن‘ پر سب سے زیادہ تلاش کیا گیا۔ اس معاملے میں بھی شاہ رخ خان ، بادشاہ ثابت ہوئے۔ کنگ خان جہاں کمائی کے معاملے میں سب سے آگے رہے وہیں ان کی فلموں نے ’گوگل سرچ‘ پر بھی راج کیا۔ گوگل نے دنیا بھر میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی فلموں کی ایک فہرست جاری کی ہےجس میں شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ تیسری پوزیشن پر ہے جبکہ ہندوستانی فلموں میں سرفہرست ہے۔ اس فہرست میں ان کی ایک اور فلم ’پٹھان‘ بھی شامل ہے۔
آئیے جانتے ہیں کہ۲۰۲۳ء میں گوگل کی ٹاپ ٹرینڈنگ سرچ لسٹ میں کون سی فلمیں ٹاپ۱۰؍ میں شامل ہوئی ہیں۔شاہ رخ خان کی ’کم بیک‘ فلم ’پٹھان‘ کا جادو ابھی سر چڑھ کر بول ہی رہا تھا کہ اس سال’جوان‘ نے ہندوستانی فلموں کی سرچ لسٹ میں ٹاپ نمبر حاصل کرلیا۔ دنیا بھر کے فلم شائقین نے ہندوستانی فلموں میں ’جوان‘ کو سب سے زیادہ سرچ کیا۔ بین الاقوامی سطح پر’ گوگل سرچ‘ کی بات کریں تو ’جوان‘ تیسرے نمبر پر ہے۔ سنی دیول کی فلم ’غدر۔۲‘ ہندوستانی فلموں میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔ ’غدر۲‘ باکس آفس پر بھی کامیاب رہی تھی۔پربھاس کی فلم’آدی پروش‘ حالانکہ باکس آفس پر ناکام رہی تھی لیکن ’گوگل سرچ لسٹ‘میں اس کا نام چوتھے نمبر پر ہے۔ اس فہرست میں شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ پانچویں پوزیشن پر ہے۔ شاہ رخ خان واحد فنکار ہیں جن کی ۲؍ فلمیں ’گوگل سرچ لسٹ‘ کی ٹاپ ٹین میں شامل ہیں۔ 
 گوگل سرچ لسٹ میں بین الاقوامی سطح پر تین ہندوستانی فلمیں شامل ہیں جن میں ’غدر۲؍‘ آٹھویں نمبرپر اور ’پٹھان‘ دسویں نمبر ہے۔ اس فہرست میں ’باربی‘ سب سے اوپر ہےجبکہ ’اوپن ہائمر‘ کو دوسرا مقام ملا ہے۔ ’ساؤنڈ آف فریڈم‘ اور’جان وِک ۔۴‘ بالترتیب چوتھی اور پانچویں پوزیشن پر ہیں جبکہ فلم ’اوتار: دی وے آف واٹر‘ اور ’ایوری تھنگ: ایوری ویئر آل ایٹ ونس‘ کو چھٹا اور ساتواں مقام ملا ہے۔ اس فہرست میں ’کریڈ۔۳‘ نویں پوزیشن پر ہے۔
مشہور شخصیات میں کیارا اڈوانی سرفہرست
 گوگل نے اس طرح کی اور بھی کئی فہرستیں جاری ہیں۔ ان میں ایک فہرست سب سے زیادہ تلاش کی جانے والی مشہور شخصیات کی ہے۔ اس کے مطابق فلم ’کبیر سنگھ‘ کی اداکارہ ’کیارا اڈوانی‘ ٹاپ پر رہیں۔ اس کی وجہ شاید یہ ہے کہ ابھی حال ہی میں یش راج کی اسپائی سیریز کی اگلی فلم ’وار۔۲‘ میں بطور لیڈ کردار کے طورپر اِن کی شمولیت کی خبریں آئی ہیں۔ یہ ایک ایسی فلم ہے جس کا فلم شائقین بڑی شدت سے انتظار کررہے ہیں۔ اس میں شاہ رخ خان اور سلمان خان بھی ہوں گے۔ اس فہرست کے مطابق ہندوستانی کرکٹر شبھ من گل اور نیوزی لینڈ کے کرکٹر راچن رویندر بالترتیب دوسری اورتیسری پوزیشن پر ہیں۔ ورلڈ کپ میں اپنے کھیل سے پوری دنیا کو مسحور کردینے والے گیندباز محمد سمیع کو چوتھا اور بہت سارے تنازعات میں گھرے بدنام زمانہ یوٹیوبر ایلوش یادو کو پانچواں مقام ملا ہے۔ اس فہرست میں چھٹی پوزیشن پر فلم اداکارہ کیارا اڈوانی کے شوہر سدھارتھ ملہوترا ہیں جبکہ گلین میکس ویل، ڈیوڈ بیکہم،سوریہ کمار یادو اور آسٹریلوی کھلاڑی ٹریوس ہیڈ ’گوگل سرس لسٹ‘ میں بالترتیب ساتویں، آٹھویں، نویں اور دسویں پوزیشن پر ہیں۔

شاہد کپور کا شو’فرضی‘ سب سے زیادہ سرچ کیا گیا
 سب سے زیادہ سرچ کئے جانے والے شوز کی فہرست میں شاہد کپور کا شو ’فرضی‘ پہلے نمبر پر ہے۔ اس کے علاوہ ’اسور‘ کو تیسرا اور بگ باس کو ساتواں مقام ملا۔ حالیہ دنوں میں موضوع بحث رہنے والی سیریز ’گنز اینڈ گلابس‘ کو فہرست میں آٹھویں پوزیشن ملی ہے۔اسی طرح زیادہ سرچ کئے جانے والے شوز کی فہرست میں ’ویڈنسڈے‘ کو دوسرا ’رانا نائیڈو‘ کو چوتھا اور’ دی لاسٹ آف اَس‘ کو پانچواں مقام ملا ہے۔ 
کاروبار پر خان صاحبان کا غلبہ
  جہاں تک فلموں کے کاروبار کی بات ہے، اس فہرست میں خان صاحبان کی اجارہ داری دکھائی دے رہی ہے۔ ٹاپ ٹین فلموں کی فہرست میں ’جوان‘ اور ’پٹھان‘ کی صورت میں ۲؍ فلمیں شاہ رخ خان کی اور تین فلمیں (دنگل، سیکریٹ سُپر اسٹار اور پی کے) عامر خان کی ہیں جبکہ دو فلمیں’ بجرنگی بھائی جان‘ اور’ سلطان‘ سلمان خان کی ہیں۔ خان صاحبان کی فلموں کے علاوہ جن ۳؍ فلموں کو اس فہرست میں جگہ ملی ہے، ان میں ایک ابھی حال ہی میں ریلیز ’اینی مل‘ ہے۔ اس کے علاوہ ’غدر۔۲‘ اور ’سنجو‘ ہیں۔ اس طرح سے دیکھیں تو اس فہرست میں رنبیر کپور کی بھی ۲؍ فلمیں ہوگئی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK