Updated: October 25, 2025, 10:12 PM IST
| Mumbai
بالی ووڈ کے مقبول رومانوی گیت ’’کہو نا کہو‘‘ نے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔ راگھو جویال کی آواز میں، جو آرین خان کی سیریز ’’دی بیڈز آف بالی ووڈ‘‘ میں شامل کیا گیا ہے، مداحوں میں پرانی یادوں کی لہر دوڑا رہی ہے۔ نغمے کے موسیقار اور گلوکار عامر جمال نے اسے ’’نئی زندگی‘‘ دینے پر آرین خان کا شکریہ ادا کیا۔
بالی ووڈ کے مشہور رومانوی گانوں میں سے ایک ’’کہو نا کہو‘‘ ایک بار پھر خبروں میں ہے۔ اس گانے کو اداکار اور ڈانسر راگھو جویال نے نئے انداز میں پیش کیا ہے، جو آرین خان کے شو ’’دی بیڈز آف بالی ووڈ‘‘ میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ گانا ۲۰۰۴ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’’مرڈر‘‘ میں عمران ہاشمی پر فلمایا گیا تھا، جس نے شہرت کی نئی بلندیاں چھولی تھیں۔ اب اس کے نئے ورژن نے سوشل میڈیا پر طوفان برپا کر دیا ہے، جہاں مداح اس کے پرانے دنوں کو یاد کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:سرمایہ کاری فراڈ کیس: ۲۲؍ ملزمین میں شریاس تلپڑے، آلوک ناتھ کا نام بھی شامل
گانے کے اصل گلوکار اور موسیقار عامر جمال نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی پیغام شیئر کرتے ہوئے اس گانے کے دوبارہ مقبول ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے آرین خان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس کلاسک گانے کو نئی نسل سے متعارف کرایا، اور ساتھ ہی راگھو جویال کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس میں ’’نئی زندگی‘‘ دی ہے۔ عامر جمال نے اپنے پوسٹ میں لکھا کہ ’’مَیں آرین کے شو ’’دی بیڈز آف بالی ووڈ‘‘ میں راگھو جویال اور عمران ہاشمی کو میرا گانا ’’کہو نا کہو‘‘ گاتے دیکھ کر بہت خوش ہوا۔ اس شاندار پیشکش کا مکمل کریڈٹ راگھو کو جاتا ہے۔ بہت اچھے لڑکے!‘‘
عامر جمال کے اس ردعمل پر سوشل میڈیا صارفین نے جذباتی تبصرے کئے۔ ایک صارف نے لکھا ’’بھیا، ہماری پوری کالج لائف میں ‘کہو نا کہو’ ہمیشہ پلے لسٹ میں رہتا تھا!‘‘ ایک اور نے کہا، ’’میری پسندیدہ لائن ہے، بادلوں سے اونچی اڑان ان کی، سب سے الگ پہچان ان کی۔‘‘ جبکہ ایک صارف نے تبصرہ کیا، ’’ان خوبصورت دھنوں سے ہمارا بچپن حسین بنانے کیلئے شکریہ!‘‘
یہ بھی پڑھئے:جھانوی کپوراور سدھارتھ ملہوترا کی فلم پرم سندری او ٹی ٹی پر ریلیز
’’دی بیڈز آف بالی ووڈ‘‘آرین خان کی تخلیق کردہ ایک سیاہ طنزیہ سیریز ہے جس میں لکشیا، راگھو جویال، سحر بامبا اور بوبی دیول مرکزی کرداروں میں ہیں جبکہ ۲۱؍ سلیبریٹیز کے کیمیو ہیں۔ یہ سیریز فلمی صنعت کے پس پردہ موجود طاقت، ہیرا پھیری، اور اخلاقی کشمکش کی دنیا کو بے نقاب کرتی ہے جہاں شہرت اور بقا کے بیچ کی لکیر دھندلا جاتی ہے۔