پروین کھنڈیلوال نے تجارت و صنعت کے مرکزی وزیر پیوش گوئل کو ایک خط لکھ کر اُن ای کامرس اور کوئیک کامرس کمپنیوں کے خلاف سخت قانون بنانے کا مطالبہ کیا ہے جو ملک کے قوانین کی خلاف ورزی کر رہی ہیں۔
EPAPER
Updated: October 26, 2025, 10:10 PM IST | Mumbai
پروین کھنڈیلوال نے تجارت و صنعت کے مرکزی وزیر پیوش گوئل کو ایک خط لکھ کر اُن ای کامرس اور کوئیک کامرس کمپنیوں کے خلاف سخت قانون بنانے کا مطالبہ کیا ہے جو ملک کے قوانین کی خلاف ورزی کر رہی ہیں۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ اور کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرز (کیٹ) کے قومی جنرل سکریٹری پروین کھنڈیلوال نے تجارت و صنعت کے مرکزی وزیر پیوش گوئل کو ایک خط لکھ کر اُن ای کامرس اور کوئیک کامرس کمپنیوں کے خلاف سخت قانون بنانے کا مطالبہ کیا ہے جو ملک کے قوانین کی خلاف ورزی کر رہی ہیں۔ پروین کھنڈیلوال نے اپنے خط میں مرکزی وزیر کی توجہ کئی ای کامرس اور کوئیک کامرس کمپنیوں کے ذریعے کیے جا رہے حیران کن اور بے قابو خلاف ورزیوں کی طرف مبذول کروائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ متعدد کمپنیاں موجودہ قانونی و پالیسی ضوابط کو مکمل طور پر نظر انداز کر رہی ہیں۔ ایسی سرگرمیاں نہ صرف منصفانہ تجارت کے اصولوں کو کمزور کر رہی ہیں بلکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے تاجروں کے مفادات کو بھی نقصان پہنچا رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:ایل آئی سی کو کوئی خط نہیں لکھا گیا، سرکاری کال کی رپورٹ غلط
انہوں نے کہا کہ حکومت کی ایف ڈی آئی پالیسی اور کنزیومر پروٹیکشن (ای۔کامرس) ضوابط۲۰۲۰ء کے واضح احکامات کے باوجود کئی پلیٹ فارم مارکیٹ پلیس کے نام پر انوینٹری پر مبنی ماڈل پر کام کر رہے ہیں، جو مخصوص فروخت کاروں کو غیرمناسب فائدہ پہنچاتے ہیں، یہ براہِ راست قانون کی خلاف ورزی ہے۔
پروین کھنڈیلوال نے کوئیک کامرس سیکٹر میں بڑھتی بدنظمی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ یہ کمپنیاں مقامی کاروباری قوانین کی خلاف ورزی کر رہی ہیں، ضروری لائسنس اور ڈیلیوری سیفٹی پروٹوکولز کو نظرانداز کر رہی ہیں اور روایتی خوردہ نظام کو متاثر کر رہی ہیں۔ ایسی غیر شفاف سرگرمیاں نہ صرف غیر قانونی ہیں بلکہ ملک بھر کے لاکھوں چھوٹے تاجروں اور مقامی دکانداروں کی روزی روٹی کے لیے بھی سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے حکومت سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط انضباطی فریم ورک کی غیر موجودگی نے ان کمپنیوں کو یہ یقین دلایا ہے کہ وہ قانون سے بالاتر ہیں۔ حکومت کو فوری اقدامات کر کے جوابدہی یقینی بنانی چاہیے اور جائز کاروبار کا تحفظ کرنا چاہیے ۔ پروین کھنڈیلوال نے وزیر اعظم نریندر مودی کے منصفانہ، شفاف اور قانون پر مبنی ڈیجیٹل معیشت کے ویژن کی مکمل حمایت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ کیٹ اور ملک کا تاجر طبقہ حکومت کے ساتھ کھڑا ہے تاکہ ہندوستان کے خردہ شعبے کے تمام فریقوں کو برابر کے مواقع اور منصفانہ مسابقتی ماحول فراہم کیا جا سکے۔