نیو انگلینڈ میں طاقتور ہوتے ’نوری ایسٹر‘ کے باعث شدید بارش، تیز ہواؤں اور ساحلی سیلاب کی وارننگ کے بعد ایڈ شیرن کے گلٹ اسٹیڈیم میں ۲۵؍ اور ۲۶؍ ستمبر کو ہونے والے دونوں کنسرٹس منسوخ کردیئے گئے۔
EPAPER
Updated: September 26, 2026, 7:02 PM IST | london
نیو انگلینڈ میں طاقتور ہوتے ’نوری ایسٹر‘ کے باعث شدید بارش، تیز ہواؤں اور ساحلی سیلاب کی وارننگ کے بعد ایڈ شیرن کے گلٹ اسٹیڈیم میں ۲۵؍ اور ۲۶؍ ستمبر کو ہونے والے دونوں کنسرٹس منسوخ کردیئے گئے۔
ایڈ شیرن کو گزشتہ چند ہفتوں سے شدید تنقید اور تنازعات کا سامنا ہے۔ میکلمور کو ٹور سے ہٹائے جانے اور دیگر معاون فنکاروں کے الگ ہونے کے بعد ان کا ’لوپ ٹور‘ بھی تنازع میں گھِر گیا ہے۔ اب جبکہ شائقین کی توجہ نیو انگلینڈ میں ان کے انتہائی متوقع شوز پر مرکوز تھی، ایک اور غیر متوقع پیش رفت نے ان کے ٹور کے منصوبوں کو متاثر کردیا ہے۔ واضح ہو کہ ایڈ شیرن کو جمعہ، ۲۵؍ ستمبر اور ہفتہ، ۲۶؍ ستمبر کو گلٹ اسٹیڈیم میں پرفارم کرنا تھا، تاہم نیو انگلینڈ سے گزرنے والے طاقتور ہوتے ’نوری ایسٹر‘ کے باعث شدید بارش، تیز ہواؤں اور ساحلی علاقوں میں سیلاب کی وارننگ جاری کی گئی، جس کے بعد منتظمین نے دونوں شوز منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔
یہ بھی پڑھئے: نیویارک: میئر ظہران ممدانی نے غزہ کے خاندانوں کے ساتھ زیتون کا پودا لگایا
ٹور کے پروموٹر ’میسینا ٹورنگ گروپ‘ نے مقامی حکام سے مشاورت کے بعد شوز منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔ پروموٹر کے مطابق یہ فیصلہ شائقین، عملے اور کنسرٹس سے وابستہ تمام افراد کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے کیا گیا ہے۔ جن شائقین نے پہلے ہی ٹکٹ خرید لیے تھے، انہیں رقم واپس کی جائے گی۔ پروموٹر کے مطابق ٹکٹ ماسٹر کے ذریعے ٹکٹ خریدنے والے افراد کو رقم خودکار طریقے سے واپس کردی جائے گی۔ موسم کی خرابی کے باعث کنسرٹس کی منسوخی ایسے وقت ہوئی ہے جب شیرن کا ’لوپ ٹور‘ پہلے ہی تنازعات کا شکار ہے۔ ٹور کو اس وقت تنازع کا سامنا کرنا پڑا تھا جب ریپر میکلمور کو ۵؍ ستمبر کو نیو جرسی میں ایک پرفارمنس کے دوران سیاسی بیانات دینے کے بعد ٹور سے ہٹا دیا گیا۔ اس کے بعد کئی دیگر معاون فنکاروں نے بھی ٹور سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا۔
ایڈ شیرن کا ’لوپ ٹور‘ ان کا چھٹا کنسرٹ ٹور ہے، جس کا مقصد ان کے آٹھویں اسٹوڈیو البم ’پلے‘ کی تشہیر ہے۔ ۲۰۲۵ء میں ریلیز ہونے والے البم ’پلے‘ میں عالمی موسیقی کے اثرات اور لوک روایات کو شامل کیا گیا ہے۔ ٹور کا آغاز ۱۶؍ جنوری ۲۰۲۶ء کو نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ سے ہوا اور اس کے تحت ۲۰۲۶ء کے اختتام تک مختلف ممالک اور شمالی امریکہ میں اسٹیڈیم شوز منعقد کیے جانے ہیں۔ ٹور میں جدید اسٹیج ڈیزائن کے ساتھ ایڈ شیرن کے نئے گانوں اور ان کے مقبول پرانے گانوں کو شامل کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اننت امبانی نے ’پروفیسرشپ‘ کا اعزاز نہیں خریدا، نیوکاسل یونیورسٹی کی وضاحت
ریپر میکلمور نے ۴؍ اور ۵؍ ستمبر ۲۰۲۶ء کو نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں ہونے والے شوز کے دوران بطور افتتاحی فنکار ’’فری فلسطین‘‘ کے نعرے لگائے اور غزہ کے بارے میں گفتگو کی۔ ان سیاسی بیانات کے بعد کنسرٹ مقامات اور پروموٹرز کی جانب سے دباؤ کے نتیجے میں میکلمور کو ٹور سے ہٹا دیا گیا۔ بعد ازاں ایڈ شیرن نے کہا کہ یہ فیصلہ ان کا نہیں بلکہ کنسرٹ مقامات اور پروموٹرز کا تھا۔ میکلمور سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے فِنِیاس، لوکاس گراہم، ایرن رو اور بیوگا سمیت ٹور کے دیگر اہم معاون فنکاروں نے بھی بعد ازاں ٹور سے الگ ہونے کا اعلان کردیا۔