ٹی وی اداکارہ انوپما سولنکی نے کہاکہ میں کسی بھی شو کیلئے جلد ہامی نہیں بھرتی بلکہ اس پر غوروفکر کرتی ہوں، اسی لئے میں نے ویب سیریز اور فلموں پر ٹی وی شوز کو ترجیح دی ہے۔
EPAPER
Updated: May 04, 2025, 11:58 AM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai
ٹی وی اداکارہ انوپما سولنکی نے کہاکہ میں کسی بھی شو کیلئے جلد ہامی نہیں بھرتی بلکہ اس پر غوروفکر کرتی ہوں، اسی لئے میں نے ویب سیریز اور فلموں پر ٹی وی شوز کو ترجیح دی ہے۔
ٹی وی انڈسٹری کی ورسٹائل اداکارہ انوپما سولنکی نے چھوٹے پردے پر زیادہ تر منفی کردار ہی نبھائے ہیں۔ ان کرداروں کی اداکاری کے ذریعہ انہوں نے شائقین کے دلوں میں جگہ بنائی ہے اور وہ آج بھی اپنے ہنر سے سبھی کی تفریح کررہی ہیں۔ انوپما نے مختلف ٹی وی چینلوں کے شوز میں کام کیاہے۔ انہوں نے یہ ہے محبتیں، ڈائن، ریئلٹی شو جذبات، میڈم سر، وگن ہرتا گنیشااور بندیا سرکار جیسے ہٹ شوز میں کام کیاہے۔ ۲۰۲۳ء میں ان کا شو ناتھ زیور یا زنجیر بہت ہٹ ہوا تھا۔ وہ سوشل میڈیا پر بھی سرگرم رہتی ہیں اور ان کا ایک یوٹیوب چینل بھی ہے۔ نمائندہ انقلاب نےٹی وی اداکارہ انوپما سولنکی سے گفتگو کی جسے یہاں پیش کیا جارہا ہے:
اس وقت آپ کہاں مصروف ہیں ؟
ج:ایک ہفتےپہلے ہی میں نے اپنے ایک شو جمونیا کی شوٹنگ مکمل کی ہے، اسلئے ابھی فرصت کے لمحات ہیں۔ فی الحال میں گھرپر رہتے ہوئے اسکرپٹ پڑھ رہی ہوں۔ جمونیا شو شیمارو چینل پر آتا تھا جو اَب بند ہو جائے گا۔ میں کسی بھی شو کیلئے جلد ہامی نہیں بھرتی، اسلئے میں شو کی اسکرپٹ اطمینان پڑھ رہی ہوں۔ ایسے بھی انسان کو کبھی کبھار تھوڑاآرام بھی کرنا چاہئے اور میں نے منصوبہ بنایا ہے کہ کچھ دنوں تک آرام کروں گی تاکہ اپنے ذہن کو پُرسکون رکھوں ۔
کیا آپ کو کسی شو یا فلم کی پیشکش ہوئی ہے ؟
ج:مجھے ابھی ایک شو کی پیشکش ہوئی تھی لیکن وہ چنڈی گڑھ کا شو تھا، اسلئے میں نے منع کردیا۔ میں چاہتی ہوں کہ میں ممبئی میں ہی کام کروں۔ یہ شو اداکارروی ٹنڈن کا تھا۔ انہوں نے کافی اصرار کیا تھا لیکن میں ممبئی میں کام کرنا پسند کرتی ہوں۔ میں نے ۳۔ ۴؍ شو میں منفی کردار ادا کیا ہے، اسلئے میں ایسے شو یا رول دیکھ رہی ہوں جس میں مجھے منفی رول یا اس سے بہتر کیریکٹر نبھانے کا موقع ملےکیونکہ میں چیلنجنگ رول نبھانا چاہتی ہوں۔ میں کوئی پروجیکٹ کرنے میں احتیاط کرتی ہوں، اسلئے سبھی شو کیلئےہاں نہیں کہتی لہٰذا مجھے تھوڑا نتظار کرنا پڑتاہے۔
اب ٹی وی شوز زیادہ دیرتک نہیں چلتے؟اس کی وجہ کیا ہے؟
ج:یہ بات صحیح ہے لیکن اس کی کوئی ایک وجہ نہیں ہے۔ اب شائقین میں صبر نہیں ہے۔ وہ جلدی جلدی کچھ اچھا دیکھنا چاہتے ہیں، اسلئے وہ زیادہ طویل شوز کو پسند نہیں کرتے۔ دوسری طرف ٹی وی شوز میں ایک جیسی ہی کہانی دکھائی جاتی ہے، اس سے بھی شائقین اکتاہٹ محسوس کرتے ہیں۔ تیسری وجہ یہ ہے کہ ٹی وی کے بہت سے دیکھنے والے اب نیٹ فلکس اور اوٹی ٹی چینلز کو دیکھ رہے ہیں۔ جب میں چھوٹی تھی تو اس وقت بہت اچھےاچھے شوز آتے تھے۔ انہیں میری نانی دادی بھی بہت دلچسپی سے دیکھتی تھیں۔ اب میری نانی اور دادی بھی یہ شوز نہیں دیکھ رہی ہیں۔ میں جس میں کام کرتی ہوں وہ شومیری فیملی دیکھتی ہے۔
کیا آپ ویب سیریز میں کام کرنا پسند کرتی ہیں ؟
ج:جب میں بالاجی پروڈکشن کے شوز کررہی تھی تب مجھے آلٹ بالاجی کی جانب سے ویب سیریز کیلئے آفر آئی تھی لیکن میں اس طرح کی ویب سیریز میں دلچسپی نہیں رکھتی۔ دوسری بات یہ ہے کہ ویب سیریز میں کچھ فحش مناظر آتے ہیں جنہیں میں کرنا نہیں چاہتی۔ میں صاف ستھرا کام کرتی ہوں اور میں ایسے ہی کام کرتی رہوں گی۔ حال ہی میں مجھے ایک فلم کی بھی پیشکش آئی تھی لیکن میں نے اسے بھی منع کردیا تھا۔ میں نے بچپن سے ٹی وی کو پسند کیا ہے اور میں اس پر ہی شو کرنا چاہتی ہوں۔ ٹی وی میری پہلی اور آخری پسند ہے۔ میرے خیال میں اداکار کو وہی کام کرنا چاہئے جسے وہ پسند کرتا ہے۔
منفی کردار نبھانے سے آپ اکتاہٹ محسوس نہیں کرتیں ؟
ج:میں نے ڈائن شو سے شروعات کی تھی اور اس کے بعد مجھے منفی کردار کے ہی شوز ملتے گئے۔ میں نے یہ رول نبھاتے ہوئے محسوس کیا کہ ایسے رول میں خود کو بہتر انداز میں پیش کرنے کیلئے بہت کچھ ہے۔ مثبت مرکزی کردار میں کوئی خاص بات نہیں ہوتی ہے اور اس میں صرف ایک ہی انداز اپنانا پڑتا ہے جبکہ منفی کردار میں اپنے رول میں تنوع پیدا کرسکتے ہیں۔ مثبت کردار میں آپ کوماں جی کہنا پڑتاہے اور سر نیچے رکھنا ہوتاہے۔ کبھی کبھی مجھے لگتاہے کہ شائقین سے جڑنے کیلئے مثبت کردار بھی اداکرنے چاہئے۔ منفی کردار ادا کرتے ہوئے ہمیں شائقین کے غصے کا بھی سامنا کرنا ہوتا ہے۔
ٹی وی شوز میں بہتر ی لانے کیلئے کیا کرنا چاہئے؟
ج:میرے خیال میں ٹی وی شوز کے پروڈیوسرس کو اپنی ذہنیت تبدیل کرنی چاہئے۔ مثلاً میں نے بہت سے منفی رول نبھائے ہیں اور شائقین مجھے ایسےرول میں دیکھ کر اب اکتاہٹ محسوس کررہے ہیں۔ میں خود پروڈیوسرس کو کہتی ہوں کہ مجھے مثبت رول نبھانے ہیں تو وہ کہتے ہیں کہ میڈم آپ نے نگیٹیو رول کیاہے تو آپ یہی کیریکٹر ادا کریں۔ آپ خود سوچئے کہ شائقین مجھے بار بار ایک ہی جیسے رول میں دیکھنا پسند کریں گے؟ میں چاہتی ہوں کہ پروڈیوسرس کہانی کے مطابق ہی کرداروں کا انتخاب کریں گے تو شائقین ٹی وی شوز کو پسند کریں گے۔
آپ اپنے یوٹیوب چینل پر کتنی مصروف رہتی ہیں ؟
ج:یوٹیوب چینل پر زیادہ مصروف نہیں رہتی۔ کبھی کبھار جب وقت ملتاہے تو اپ لوڈ کرتی ہوں۔ مثلاً مجھے اس کیلئے زیادہ وقت نہیں ملتاہے کیونکہ کسی بھی وی لاگ کی شوٹنگ کرو، اس کی ایڈٹنگ کرو اور اسے اپ لوڈ کرو، یہ سارے کام میرے اکیلے کے بس کے نہیں ہیں۔ دوسری بات پھر آپ کو اس کیلئے تھمب نیل بھی بنانا ہوتاہے۔ میں نے سوچا تھا کہ میں کسی پیشہ ور کو ملازمت پر رکھ کر یہ کام کروں گی لیکن یہ ممکن نہیں ہوسکا ہے۔ میرے ایک یا دو وی لاگ فون میں موجود ہیں جنہیں ایڈٹ کرنا با قی ہے۔ وقت کی قلت کی وجہ سے میں اس جانب کم توجہ دیتی ہوں۔
ایکٹنگ کے ساتھ اور کیا کرنا پسند ہے؟
ج:مجھے رقص پسند ہے، اسلئے میں اس میں ہی قسمت آزما سکتی ہوں۔ اس کے علاوہ مجھے کسی شعبے کا کوئی تجربہ نہیں ہے۔ میں نے اداکاری سے شروعات کی تھی اور اس میں ہی مصروف رہنا پسند کرتی ہوں۔ بہت سے لوگ ہیں جو یہ فیصلہ کرلیتے ہیں کہ انہیں کچھ وقت کے بعد انڈسٹری میں کیا کیا کام کرنے ہیں لیکن میں اس طرح کی کہانیاں نہیں بنا سکتی۔ میں اداکار ہوں اور یہی کام کرتی رہوں گی۔ دوسری بات یہ کہ میں جلدبازی میں ایسا کوئی بھی پروجیکٹ نہیں کرنا چاہتی جس کی وجہ سے مجھے بعد میں پچھتاوا ہو۔ میں کسی بھی پروجیکٹ کو ایسے ہی پسند نہیں کرتی اور اس پر بہت غوروفکر کرتی ہوں۔ اس کے ساتھ ہی میں زیادہ دیر تک گھر پر رہنا بھی پسند نہیں کرتی کیونکہ اس سے آپ کے شائقین آپ کو بھول سکتے ہیں۔ بہرحال اداکاری ہی میرا آخری ہدف ہے۔