پلے بیک گلوکاری سے کنارہ کشی کے اعلان کے بعد اریجیت سنگھ نے آزاد موسیقی کی طرف قدم بڑھا یا ہے۔ ان کا نیا سنگل ’’رائنا‘‘ ۲۷؍ فروری کو ریلیز ہوا، جسے شیکھر راوجیانی نے کمپوز کیا ہے۔ مداح اسے اریجیت کے کریئر کے نئے دور کا آغاز قرار دے رہے ہیں۔
EPAPER
Updated: February 28, 2026, 4:02 PM IST | Mumbai
پلے بیک گلوکاری سے کنارہ کشی کے اعلان کے بعد اریجیت سنگھ نے آزاد موسیقی کی طرف قدم بڑھا یا ہے۔ ان کا نیا سنگل ’’رائنا‘‘ ۲۷؍ فروری کو ریلیز ہوا، جسے شیکھر راوجیانی نے کمپوز کیا ہے۔ مداح اسے اریجیت کے کریئر کے نئے دور کا آغاز قرار دے رہے ہیں۔
معروف گلوکار اریجیت سنگھ نے پلے بیک سنگنگ سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد اپنا پہلا آزاد گانا ’’رائنا‘‘ جاری کر دیا ہے۔ اس گانے کی موسیقی شیکھر راوجیانی نے ترتیب دی ہے جبکہ بول پریہ سرایا کے ہیں۔ پورا نغمہ ۲۷؍ فروری کو ریلیز کیا گیا۔ انسٹاگرام پر گانا شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا کہ ’’رائنا‘‘ آگیا۔ اسے گہرائی سے محسوس کریں، رات گزرنے دیں۔‘‘
’’رائنا‘‘ ایک رومانوی غزل ہے جس میں محبوبہ کو رات کی علامت کے طور پر پیش کیا گیا ہے پراسرار، خاموش اور لازوال۔ اریجیت کی نرم، روح پرور آواز اور شیکھر کی میلوڈک کمپوزیشن نے اسے ایک دھیما، میٹھا اور جذباتی ٹریک بنا دیا ہے۔ نغمہ کے ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر مداحوں کے پیغام کی جھڑی لگ گئی۔ ایک نے کہا کہ ’’پلے بیک سے ریٹائر ہونے کے بعد اریجیت بہترین آزاد موسیقی دے رہے ہیں۔‘‘ دوسرے نے لکھا کہ ’’یہ اریجیت کا ایک نیا پہلو ہے سلو، میٹھا، روح پرور۔‘‘ تیسرے مداح نے لکھا کہ ’’آخرکار ان کی آواز دوبارہ سن کر آنکھوں میں آنسو آ گئے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: مردبھی گھریلو تشدید کا شکار ہوسکتے ہیں: ادریجا رائے
یاد رہے کہ ۲۷؍ جنوری کو اریجیت سنگھ نے اعلان کیا تھا کہ ’’میں اب سے پلے بیک گلوکار کے طور پر کوئی نیا اسائنمنٹ نہیں لوں گا۔‘‘ انہوں نے اپنے فلمی سفر کو ’’شاندار‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس باب کو سمیٹ رہے ہیں۔ تاہم بعد میں انہوں نے وضاحت کی کہ کئی نامکمل اور غیر ریلیز شدہ فلمی گانے اب بھی پائپ لائن میں ہیں جو رواں سال اور ممکنہ طور پر اگلے سال تک سامنے آتے رہیں گے۔
ریٹائرمنٹ کے باوجود اریجیت کی آواز سنائی دیتی رہے گی۔ انہوں نے ’’ایک دن‘‘ کے لیے بھی گانے ریکارڈ کیے ہیں، جس میں جنید خان اور سائی پلوی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم کو عامر خان پروڈیوس کر رہے ہیں۔ اس کا ٹائٹل ٹریک حال ہی میں جاری ہوا ہے۔
اریجیت سنگھ کی پلے بیک سے کنارہ کشی ہندوستانی فلمی موسیقی کے لیے ایک بڑا لمحہ ہے۔ پچھلی دہائی میں ان کی آواز ہندی سنیما کی شناخت بن چکی تھی۔ تاہم ’’رائنا‘‘ کے ساتھ وہ واضح پیغام دے رہے ہیں کہ ان کی تخلیقی توانائی ختم نہیں ہوئی صرف سمت بدل گئی ہے۔ فلمی حدود سے آزاد ہو کر، وہ اب ذاتی اور تجرباتی موسیقی کی طرف بڑھ رہے ہیں، جہاں انہیں نہ پروڈیوسر کی شرائط کا سامنا ہوگا اور نہ باکس آفس کا دباؤ۔