Inquilab Logo

ہندی باکس آفس پر’’جوان‘‘ نے محض چند گھنٹوں میں ’’غدر۔۲‘‘ کو پچھاڑ دیا

Updated: September 30, 2023, 3:28 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

جمعرات کو ’’غدر۔۲‘‘ نے جنوری ۲۰۲۳ء میں ریلیز ہونے والی شاہ رخ خان کی فلم ’’پٹھان‘‘ کے ہندی زبان کے مجموعی کلیکشن سے ۷۰؍ لاکھ روپے زیادہ کمائے تھے۔ اس طرح یہ ہندی زبان میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی تھی۔ تاہم، شاہ رخ خان کی ’’جوان‘‘ نے محض چند گھنٹوں میں ’’غدر۔۲‘‘ اور اپنی ہی فلم ’’پٹھان‘‘ کا ریکارڈ توڑ دیا۔ 

`Jawan` and `Gadr 2` Photo. INN
’’جوان‘‘ اور ’’غدر۔۲۔ تصویر:آئی این این

شاہ رخ خان کی’’جوان‘‘ ہندی زبان میں بالی ووڈ کی تاریخ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی ہے۔ اس سے قبل یہ سہرا بھی شاہ رخ خان ہی کے سر تھا جن کی جنوری ۲۰۲۳ء میں ریلیز ہونے والی فلم’’پٹھان‘‘ نے یہ ریکارڈ بنایا تھا۔ تاہم، جمعرات کو سنی دیول کی ’’غدر۔۲‘‘ نے ’’پٹھان‘‘ کا ریکارڈ توڑ دیا تھا اور ہندی زبان میں سب سے زیادہ کاروبار کرنے والی فلم بن گئی تھی۔ تاہم، فلم کے ہدایتکار انل شرما اور اسٹار کاسٹ کا جشن صرف ایک ہی دن جاری رہا۔ اگلے ہی دن یعنی جمعہ کو شاہ رخ خان کی ’’جوان‘‘ نے نہ صرف ’’پٹھان‘‘ بلکہ ’’غدر۔۲‘‘ کا بھی ریکارڈ توڑ دیا اور ہندی زبان میں سب سے زیادہ کاروبار کرنے والی فلم بن گئی۔ 
ہندوستان میں’’پٹھان‘‘ کا مجموعی کلیکشن ۵۴۳؍ کروڑ روپے تھا جس میں سے ۵۲۴؍ کروڑ اس نے ہندی زبان میں کمائے تھے۔ایسا پہلی بار ہوا تھا کہ کسی ہندی فلم نے ۴۰۰ ؍ اور پھر ۵۰۰؍ کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کیا تھا۔ خیال رہے کہ جنوبی ہند کی دو فلمیں جو ہندی میں ڈب کی گئی تھیں اس دوڑ میں شامل ہیں۔ ہندی زبان میں ’’باہو بلی۔۲‘‘ نے۵۱۱؍ کروڑ اور ’’کے جی ایف۔ون‘‘  نے ۴۳۵؍ کروڑ روپے کمائے تھے۔ 
ہندی زبان میں ’’غدر۔۲‘‘ کا اب تک کلیکشن ۵۲۴ء۵۷؍ کروڑ روپے ہے جو ’’پٹھان‘‘ کے کلیکشن سے صرف ۳۰؍ لاکھ روپے زیادہ ہے۔ فلم ماہرین کا کہنا ہے کہ ’’غدر۔۲‘‘ کا مجموعی کلیکشن ۵۳۰؍ کروڑ تک پہنچے گا۔ 
دوسری جانب، جمعہ کو شاہ رخ خان کی ’’ جوان‘ ‘ نے ’’غدر۔ ۲‘‘ کو چند گھنٹوں میں پچھاڑ دیا۔ ’’جوان‘‘ نے ہندی زبان میں جمعہ کو ۴؍ کروڑ کی کمائی کی، اس طرح اس نے مجموعی طور پر۵۲۸؍ کروڑ روپے کی کمائی کی۔امید کی جاری ہے کہ ’’جوان‘‘ جلد ہی ۵۵۰ ؍ کروڑ روپے کا ہندسہ پارکر لے گی۔ اہم بات یہ ہے کہ ’’جوان‘‘ نے ڈب ورژن سے ۵۷ ؍ کروڑ روپے کمائے ہیں۔ بالی ووڈ کی تاریخ میں کسی بھی فلم نے اس کلیکشن کا نصف بھی پار نہیں کیا ہے۔ واضح رہے کہ ’’پٹھان‘‘ نے عالمی سطح پر ۳۰ء۱۰۵۰؍ کروڑ روپے کمائے ہیں۔ ’’غدر۔۲‘‘ نے ۲۴ء۶۹۰؍ کروڑ روپے جبکہ ’’جوان‘‘ نے ۱۰۲۴؍ کروڑ روپے کا کاروبار کرلیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK