Inquilab Logo

کیدار شرما کسی کی اداکاری پسند آنے پر انعام دیا کرتے تھے

Updated: April 29, 2024, 12:23 PM IST | Mumbai

کیدارشرما نے کئی اداکاروں اور مختلف آرٹسٹوں کو فلم انڈسٹری میں ‌ متعارف کروایا اور کام کرنے کا موقع دیا۔ ان میں گیتا بالی کے علاوہ مدھوبالا، راج کپور، مالا سنہا، بھارت بھوشن اور تنوجا بھی شامل ہیں۔

Famous director Kidar Sharma. Photo: INN.
مشہور ہدایت کار کیدار شرما۔ تصویر: آئی این این۔

کیدار شرما جن اداکاروں اور آرٹسٹوں کے کام سےخوش ہوتے، انھیں انعام میں کچھ رقم ضرور دیتے تھے۔ یہ انعامی رقم عام طور پرایک آنہ یادو آنے ہوا کرتی تھی۔ بعدمیں انھوں نے یہ انعامی رقم بڑھاکر چونی (۲۵؍پیسے)کر دی تھی۔ فلم چترلیکھاکی شوٹنگ کے دوران مینا کماری نے کیدارشرما سے کہا کہ شرما جی میرے پاس آپ کی چونی اور دو آنوں کا امبار اکٹھا ہو گیا ہے، اب آپ اپنا ریٹ بڑھا دیں۔ اور پھر ایک دن فلم کے ایک سین میں مینا کماری کی اداکاری سے خوش ہو کر کیدارشرما نے انعام میں مینا کماری کو ایک سو روپے کا نوٹ دیا۔ کیدارشرما سےداد اور بخشش وصول کرنے والوں میں راج کپور، دلیپ کمار، گیتا بالی اور نرگس بھی شامل تھے۔ الی ووڈ کے اس باکمال اور کامیاب فلم ساز نے۲۹؍اپریل ۱۹۹۹ء میں ہمیشہ کے لیے اپنی آنکھیں ‌ بند کرلی تھیں۔ 
وہ۱۲؍اپریل۱۹۱۰ءکوناروال(موجودہ پاکستان) میں پیدا ہوئے۔ کیدار نے امرتسر میں تعلیم مکمل کی اور روزگار کی تلاش میں ممبئی آ گئے۔ ۱۹۳۳ء میں کیدار کو دیوکی بوس کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’پران بھگت‘دیکھنے کا موقع ملا۔ اس فلم نے انھیں بہت متاثر کیا اور کیدار نے فلم نگری میں کریئربنانے کا فیصلہ کرلیا، اس خواب کی تکمیل کیلئےانھوں نے کولکتہ کارخ کیا جہاں کسی طرح دیوکی بوس سے ملاقات ہوئی اور انہی کی سفارش پر نیو تھیٹر میں بطور سنیماٹوگرافر کام ملا۔ سنیماٹوگرافرکی حیثیت سے کیدار کی پہلی فلم ’سیتا‘تھی۔ اس کے بعدنیوتھیٹرکی فلم ’انقلاب‘میں انھیں ایک چھوٹا سا کردار نبھانےکو ملا اور۱۹۳۶ءمیں فلم ’دیو داس‘نےانھیں ایک باصلاحیت فن کار ثابت کرتےہوئے فلمی کریئربنانے کا موقع فراہم کیا۔ بعد میں ‌ انھوں نے بطور ڈائریکٹر اپنی شناخت بنائی۔ ’چتر لیکھا‘ وہ فلم تھی جس نے انھیں ڈائریکٹر کی حیثیت سے کامیاب کیا۔ انھوں نے راج کپور کو پہلی مرتبہ سلور اسکرین پر پیش کیا تھا۔ ۱۹۵۰ءمیں کیدار نے فلم ’باورےنین‘بنائی اور گیتا بالی کو پہلی مرتبہ بطور اداکارہ کام کرنےکا موقع دیا۔ ان کی ایک فلم ’جوگن‘ سپر ہٹ ثابت ہوئی جس میں دلیپ کمار اور نرگس نے اہم کردار ادا کیے تھے۔ 
کیدارشرما نے کئی اداکاروں اور مختلف آرٹسٹوں کو فلم انڈسٹری میں ‌ متعارف کروایا اور کام کرنے کا موقع دیا۔ ان میں گیتا بالی کے علاوہ مدھوبالا، راج کپور، مالا سنہا، بھارت بھوشن اور تنوجا بھی شامل ہیں۔ وہ ایک ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے۔ وہ فلم سازی کے ساتھ فنونِ‌ لطیفہ کے مختلف شعبوں کا علم اور ان میں گہری دلچسپی رکھتے تھے۔ کیدار شرما نغمہ نگار بھی تھے۔ انھوں نے متعدد فلموں کے لیے گیت تحریرکیے۔ ان کا فنی سفر تقریباً ۵؍دہائیوں تک جاری رہا اور ان کا نام بڑے پردے کے ایک باکمال شخصیت کی حیثیت سے امر ہوگیا۔ ۱۹۴۵ء میں ہندوستان سے ایک وفد انگلینڈ اور ہالی ووڈ کے دورے پرگیا تھا جس نے چارلی چیپلن، والٹ ڈزنی اور سیسل بی ملی جیسے مشہور افراد سے ملاقات کی تھی۔ کیدار شرما اس وفد کا حصہ تھے۔ اس کے علاوہ وینس میں منعقدہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ان کی فلم ’جلدیپ‘ کو بچوں کیلئے بہترین فلم کا ایوارڈ دیا گیا تھا، جبکہ ۱۹۵۶ء میں ہندوستان میں بھی اس فلم کو نیشنل ایوارڈ دیا گیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK