منگل کو سپریم کورٹ نے کرناٹک ہائی کورٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور تمل اداکار کمل ہاسن کی فلم’’ٹھگ لائف‘‘ کی ریاست میں ریلیز پر پابندی سے متعلق کیس میں نوٹس جاری کیا۔
EPAPER
Updated: June 17, 2025, 6:23 PM IST | New Delhi
منگل کو سپریم کورٹ نے کرناٹک ہائی کورٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور تمل اداکار کمل ہاسن کی فلم’’ٹھگ لائف‘‘ کی ریاست میں ریلیز پر پابندی سے متعلق کیس میں نوٹس جاری کیا۔
منگل کو سپریم کورٹ نے کرناٹک ہائی کورٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور تمل اداکار کمل ہاسن کی فلم’’ٹھگ لائف‘‘ کی ریاست میں ریلیز پر پابندی سے متعلق کیس میں نوٹس جاری کیا۔ عدالتِ عظمیٰ نے ان گروہوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جنہوں نے فلم کی ریلیز کو روکنے کی دھمکیاں دی تھیں، جو کمل ہاسن کے متنازع بیان کے بعد سامنے آئیں جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ "کنڑ زبان، تمل زبان سے پیدا ہوئی ہے۔ ‘‘جسٹس اُجّول بھویان اور جسٹس منموہن پر مشتمل بنچ نے ریمارکس دیے کہ ملک میں قانون کی حکمرانی کو قائم رکھنا ضروری ہے اور کسی کو بندوق کی نوک پر فلم دیکھنے سے نہیں روکا جا سکتا۔ عدالت نے مزید کہا کہ "غنڈہ عناصر کے گروہ" یہ فیصلہ نہیں کر سکتے کہ تھیٹروں میں کیا دکھایا جائے گا۔ بنچ نے کہا:"اگر کسی نے کوئی بیان دیا ہے، تو اس کا جواب بھی بیان سے دیں، نہ کہ تھیٹروں کو آگ لگانے کی دھمکی دیں۔ "
یہ بھی پڑھئے: مئی۲۰۲۵ء میں تھوک مہنگائی میں گراوٹ، ماہانہ کی بنیاد پر۳۹ء۰؍ فیصد رہی
عدالتِ عظمیٰ نے کرناٹک حکومت کو ایک دن کی مہلت دی ہے کہ وہ عدالت کو آگاہ کرے کہ فلم ریاست میں ریلیز کی جا سکتی ہے یا نہیں۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ جب ایک فلم کو سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن (CBFC) سے منظوری مل چکی ہو، تو اسے ملک کی تمام ریاستوں میں ریلیز ہونے سے روکا نہیں جا سکتا۔ عدالت نے کمل ہاسن کے بیان کے ارد گرد پیدا ہونے والے تنازع پر کہا کہ اگر انہوں نے کچھ "نامناسب" کہا ہے تو اسے کوئی حتمی سچ نہیں سمجھا جا سکتا۔ کرناٹک کے باشعور لوگوں کو چایئے تھا کہ وہ علمی بحث کے ذریعے ثابت کرتے کہ وہ غلط ہیں۔ سپریم کورٹ نے کرناٹک ہائی کورٹ کی اُس حالیہ آبزرویشن کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، جس میں کمل ہاسن سے کنڑ زبان کے بارے میں دیئے گئے بیان پر معافی مانگنے کو کہا گیا تھا۔ عدالتِ عظمیٰ نے کہا:"ہائی کورٹ کا معافی مانگنے کا مطالبہ کرنا اس کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔ "اس کیس کی سماعت اب جمعرات کو دوبارہ ہوگی۔
یہ بھی پڑھئے: پل خطرناک تھا تو اس پر آمدورفت بند کیوں نہیں کی گئی؟
قابل ذکر بات یہ ہے کہ کمل ہاسن کی فلم ٹھگ لائف، جس کی ہدایت کاری منی رتنم نے کی ہے، ملک بھر میں ۵؍جون کو ریلیز ہوئی تھی۔ یہ فلم۱۹۸۷ء کی مشہور فلم نائکن کے بعد ہاسن اور منی رتنم کے درمیان دوبارہ اشتراک ہے۔ تاہم، ۷۰؍ سالہ اداکار کے کنڑ زبان پر دیئے گئے بیان کے باعث فلم کو کرناٹک میں ریلیز نہیں کیا جا سکا۔