Updated: January 17, 2026, 5:06 PM IST
| Mumbai
مقبول ٹی وی کامیڈی شو ’’بھابی جی گھر پر ہیں!‘‘ پر مبنی فلم ’’فن آن دی رَن‘‘ کا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔ فلم میں آصف شیخ، شبھانگی آترے اور روی کشن مرکزی کرداروں میں نظر آئے۔ ٹریلر میں مزاح، رومان اور ہلکے ہارر عناصر نے شائقین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔
ٹیلی ویژن کی دنیا کے مقبول ترین کامیڈی شوز میں شمار ہونے والے بھابی جی گھر پر ہیں! اب بڑی اسکرین پر ناظرین کو محظوظ کرنے کے لیے تیار ہے۔ شو پر مبنی فلم بھابھی جی گھر پر ہیں: فن آن دی رن کا آفیشل ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے، جس نے سوشل میڈیا پر خاصی ہلچل مچا دی ہے۔ ٹریلر میں وہی پرانے اور پسندیدہ کردار ایک نئے مگر ہنگامہ خیز پلاٹ کے ساتھ واپس آئے ہیں۔ آصف شیخ ایک بار پھر وبھوتی نارائن مشرا کے کردار میں اپنی مخصوص مزاحیہ ٹائمنگ کے ساتھ نظر آئے جبکہ شبھانگی آترے انگوری بھابی کے کردار میں سادگی اور مزاح کا حسین امتزاج پیش کرتی ہیں۔ ان کے ساتھ روہیتاش گورو (منموہن تیواری) اور وِدِشا شریواستو (انیتا مشرا) بھی اپنی جانی پہچانی اداکاری کے ساتھ شامل ہیں۔
فلم کے ٹریلر میں کہانی کو ایک نئے موڑ پر لے جایا گیا ہے، جہاں مزاح کے ساتھ ساتھ رومان اور ہلکے خوف کے مناظر بھی شامل کیے گئے ہیں۔ اس بار کہانی صرف پڑوسیوں کی نوک جھونک تک محدود نہیں، بلکہ اس میں ایک مجرمانہ سازش اور عجیب و غریب صورتحال بھی شامل ہے، جو کرداروں کو ایک غیر متوقع سفر پر لے جاتی ہے۔ فلم میں روی کشن اور مکیش تیواری منفی کرداروں میں دکھائی دیئے جو کہانی میں نیا تناؤ اور مزاح پیدا کرتے ہیں۔ دونوں اداکار اپنے مخصوص انداز میں ویلن کے کردار کو مزاحیہ رنگ دیتے نظر آتے ہیں، جس سے فلم کا مجموعی لہجہ ہلکا پھلکا مگر دلچسپ بن جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مَیں مسلمان ہوں، ’’رامائن‘‘ ہندو: فلم کی موسیقی پر اے آر رحمان کا موقف
ٹریلر سے واضح ہوتا ہے کہ فلم سازوں نے ٹی وی شو کی اصل روح کو برقرار رکھنے کی کوشش کی ہے۔ مکالمے سادہ، صورتحال پر مبنی اور خاندانی ناظرین کے لیے موزوں ہیں۔ یہی وہ عنصر ہے جس نے برسوں تک اس شو کو مقبول رکھا، اور اب اسی کامیابی کو فلمی شکل دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ بھابی جی گھر پر ہیں! پہلے ہی گھریلو ناظرین میں ایک مضبوط شناخت رکھتا ہے، اور فلم کے ٹریلر سے اندازہ ہوتا ہے کہ شائقین کو بڑی اسکرین پر بھی وہی بے ساختہ ہنسی اور تفریح ملنے والی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ فلم ریلیز کے بعد ٹی وی کی کامیابی کو سنیما گھروں میں بھی دہرا پاتی ہے یا نہیں، مگر ٹریلر نے توقعات ضرور بڑھا دی ہیں۔