Updated: March 31, 2026, 4:04 PM IST
| Mumbai
عام لوگ ہوں یا فلمی دنیا کے ستارے، تعلیم سب کے لیے اہم ہے۔ اداکار اکشے کمار نے تعلیم کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں اس کی بے حد اہمیت ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ جب وہ بہت زیادہ پڑھے لکھے اور اعلیٰ تعلیم یافتہ لوگوں سے ملتے ہیں تو اکثر خود کو کمتر اور چھوٹا محسوس کرتے ہیں۔
اکشے کمار۔تصویر:آئی این این
عام لوگ ہوں یا فلمی دنیا کے ستارے، تعلیم سب کے لیے اہم ہے۔ اداکار اکشے کمار نے تعلیم کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں اس کی بے حد اہمیت ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ جب وہ بہت زیادہ پڑھے لکھے اور اعلیٰ تعلیم یافتہ لوگوں سے ملتے ہیں تو اکثر خود کو کمتر اور چھوٹا محسوس کرتے ہیں۔
فلم انڈسٹری کو کئی کامیاب فلمیں دینے والے اور طویل عرصے سے کامیابی کی مثال بنے اکشے کمار نے کہا کہ وہ اپنی کم تعلیم کو کبھی نہیں چھپاتے بلکہ کھل کر اس کا اعتراف کرتے ہیں۔ایک شو کے دوران اکشے کمار نے ایک پڑھی لکھی کنٹسٹنٹ سونالی سے بات کرتے ہوئے کہا’’کوئی بھی انسان، خاص طور پر میرے جیسا جو زیادہ پڑھا لکھا نہیں ہے، کبھی کبھی آپ جیسے لوگوں کے سامنے خود کو بہت چھوٹا محسوس کرتا ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:’’دُھرندھر‘‘ کی کامیابی کے بعد ارجن رامپال نےاپنی کامیابی کا رازبتایا
انہوں نے مزید کہاکہ ’’کبھی کبھی میں سوچتا ہوں کہ مجھے پڑھنا چاہیے۔ اب احساس ہوتا ہے کہ کاش میں نے تعلیم حاصل کی ہوتی، لیکن اب جب پڑھنا چاہتا ہوں تو بھی نہیں پڑھ پاتا کیونکہ مجھے پڑھنا اچھا نہیں لگتا۔‘‘ اکشے کمار نے اپنی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ٹوئنکل ایک مصنفہ ہیں اور اب تک چار کتابیں لکھ چکی ہیں جبکہ پانچویں پر کام کر رہی ہیں۔ اکشے نے مزاحیہ انداز میں کہاکہ ’’آپ یقین نہیں کریں گے، میں نے ٹوئنکل کی ایک بھی کتاب نہیں پڑھی۔ جب بھی پڑھنے بیٹھتا ہوں، نہ جانے کیا ہوتا ہے، آنکھوں سے آنسو نکلنے لگتے ہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:چنئی سپر کنگز کو چھوڑنا جذباتی تھا : رویندر جڈیجہ
اداکار نے سونالی کی کئی ڈگریوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم بہت ضروری ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہاکہ ’’میں بس یہی کہنا چاہتا ہوں کہ پڑھو، پڑھنا بہت ضروری ہے۔ میرے جیسے لوگوں کو فالو مت کرو، سونالی جیسے لوگوں کو فالو کرو۔‘‘انہوں نے بتایا کہ ان کی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ نے حال ہی میں اپنی ماسٹر ڈگری مکمل کی ہے اور اب پی ایچ ڈی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ اکشے کمار اپنے بچوں کو ہمیشہ تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔