• Thu, 16 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بالی ووڈ کی ڈریم گرل ہیما مالنی نے گلیمرس اور دیگر کردار نبھائے

Updated: October 16, 2025, 11:24 AM IST | Agency | Mumbai

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ہیما مالنی آج ۷۶؍ برس کی ہو گئی ہیں۔ہیما مالنی کی پیدائش۱۶؍اکتوبر۱۹۴۸ءکو امان کنڈی، تمل ناڈو میں ہوئی۔

Dream Girl Hema Malini. Photo: INN
ڈریم گرل ہیما مالنی. تصویر: آئی این این
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ہیما مالنی آج ۷۶؍ برس کی ہو گئی ہیں۔ہیما مالنی کی پیدائش۱۶؍اکتوبر۱۹۴۸ءکو امان کنڈی، تمل ناڈو میں ہوئی۔ ان کی  والدہ جیا چکرورتی ایک فلم پروڈیوسرتھیں۔ہیما نے اپنی ابتدائی تعلیم چنئی سے مکمل کی۔ ۱۹۶۱ء میں ہیما مالنی کو ایک مختصر ڈرامے پانڈو ونواسم میں بطور ڈانسر کام کرنے کا موقع ملا۔۱۹۶۸ءمیں ہیما مالنی کو پہلی بار راج کپور کے ساتھ فلم  سپنوں کا سوداگر میں کام کرنے کا موقع ملا۔ فلم کی پروموشن کے دوران ہیما مالنی کو ڈریم گرل کے طور پر پروموٹ کیا گیا۔ بدقسمتی سے یہ فلم باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئی لیکن بطور اداکارہ ہیما مالنی کو ناظرین نے پسند کیا۔ ہیما مالنی کو پہلی کامیابی۱۹۷۰ءکی فلم جانی میرا نام سے ملی۔اس میں ان کے ساتھ اداکار دیوآنند مرکزی کردار میں تھے۔ فلم میں ہیما اور دیوآنند کی جوڑی کو شائقین نے بے حد سراہا اور فلم سپرہٹ رہی۔اس کے بعد  رمیش سپی کی۱۹۷۱ءمیں ریلیز ہونے والی  فلم انداز میں ہیما مالنی نے اپنی اداکاری سے ناظرین کے دل جیت لئے۔۱۹۷۲ءمیں ہیما کو رمیش سپی کی ہی فلم  سیتا اور گیتا میں کام کرنے کا موقع ملا، جو ان کے فلمی کریئر میں سنگ میل ثابت ہوئی۔ اس فلم کی کامیابی کے بعد وہ شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئیں۔ اس فلم میں ان کی زبردست اداکاری کے لئے انہیں بہترین اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ہیما مالنی نے  جب  فلم انڈسٹری میں قدم رکھا تھا تو ایک تمل ہدایت کار سریدھر نے انہیں اپنی فلم میں کام دینے سے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ ان کے پاس اسٹار  اپیل نہیں ہے۔ بعد ازاں ۷۰ء کی دہائی میں اسی پروڈیوسر اور ہدایت کار نے ان کی مقبولیت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے۱۹۷۳ءمیں ان کے ساتھ فلم ’گہری چال‘ بنائی۔ 
دھرمیندرکے ساتھ ہیما مالنی کی جوڑی سلور اسکرین پر کافی کامیاب رہی۔ یہ فلمی جوڑی پہلی بار فلم شرافت سے روشنی میں آئی تھی۔۱۹۷۵ءمیںریلیز  فلم ’شعلے‘ میں دھرمیندر کے ویرو اور ہیما مالنی بسنتی کے  کردار نے شائقین کو محظوظ کیا، ہیما اور دھرمیندر کی اس جوڑی کو اس قدر پسند کیا گیا کہ دھرمیندر کی ریل لائف ڈریم گرل ہیما مالنی ان کی حقیقی زندگی کی ڈریم گرل بن گئیں۔ بعد میں اس جوڑی نے ڈریم گرل، چرس، آس پاس، پرتیگیا، راجہ جانی، رضیہ سلطان، علی بابا چالیس چور، بغاوت، آتنک، دی برننگ ٹرین، دوست وغیرہ جیسی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا۔۷۰ء کی دہائی میں ہیما مالنی پر یہ الزام لگایا جانے لگا کہ وہ صرف گلیمر کردار ہی ادا کرسکتی ہیں لیکن انہوں نے خوشبو، نارا اور میرا جیسی فلموں میں سنجیدہ کردار ادا کر کے اپنے ناقدین کو ہمیشہ کے لیے خاموش کر دیا۔اس دوران ہیما مالنی  کی خوبصورتی اور اداکاری کا جلوہ چھایا ہوا تھا جسے دیکھ کر  پروڈیوسر پرمود چکرورتی نے ان کے ساتھ فلم ڈریم گرل بنائی۔۱۹۹۰ءمیںہیما مالنی نے  چھوٹے پردے کا رخ کیا اور سیریل نوپور کی ہدایت کاری کی، اس کے بعد سال ۱۹۹۲ءمیں انہوں نے فلم اداکار شاہ رخ خان کے ساتھ فلم دل آشنا ہے کی فلم سازی  اور ہدایت کاری کی۔۱۹۹۵ءمیں انہوں نے  چھوٹے پردے  کے لئے موہنی  پروڈیوس اور ڈائریکٹ کی۔ ۲۰۰۰ء میں ہیما مالنی کو پدم شری ایوارڈ سے  نوازا گیا۔ہیما مالنی نے اپنے ۴؍دہائیوں کے طویل فلمی کریئر میں تقریباً ۱۵۰؍ فلموں میں کام کیا۔ ہیما مالنی بی جے پی کے ٹکٹ پر متھرا سے الیکشن جیت کر پارلیمنٹ پہنچی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK