Updated: January 03, 2026, 9:02 PM IST
| Mumbai
’’بارڈر ۲‘‘ کا نیا گانا ’’گھر کب آؤگے‘‘ ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گیا۔ صارفین نے موسیقی، آوازوں اور جذباتی فضا کو سراہا، تاہم بول (نغمہ نگاری) کو کمزور اور اوریجنل گانے کے مقابلے میں کم اثر انگیز قرار دیا۔ اب ناظرین ویڈیو اور فلم کی ریلیز کے منتظر ہیں تاکہ گانے کا مکمل اثر جانچ سکیں۔
’’بارڈر ۲‘‘ کی ٹیم نے باضابطہ طور پر اپنی آنے والی فلم کا انتہائی متوقع گانا ’’گھر کب آؤگے‘‘ ریلیز کر دیا ہے۔ یہ ٹریک مشہور نغمے ’’سندیسے آتے ہیں‘‘ کی ایک جدید تشکیل ہے، جسے جذباتی روح برقرار رکھتے ہوئے آج کے سامعین کیلئے نئے انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ گانے کی قیادت معروف گلوکار سونو نگم نے کی ہے جبکہ اس میں کئی بڑے نام شامل ہیں۔ فلم کے میکرز نے نئی کاسٹ، ورون دھون، آہان شیٹی اور دلجیت دوسانجھ کے ساتھ اوریجنل گانے کے جادو کو دوبارہ تخلیق کرنے کی کوشش کی ہے۔ جیسے ہی نغمہ ریلیز ہوا، سوشل میڈیا پر صارفین کے ردِعمل سامنے آئے۔
یہ بھی پڑھئے: شاہد ، کریتی اور رشمیکا کی ’’کاک ٹیل ۲‘‘ اگست ۲۰۲۶ء میں ریلیز ہوسکتی ہے
مجموعی طور پر سامعین نے موسیقی، آواز اور پروڈکشن کو سراہا، تاہم بول کے حوالے سے ملا جلا بلکہ تنقیدی ردِعمل سامنے آیا۔ کئی صارفین کا کہنا ہے کہ دھن اثر رکھتی ہے مگر بول وہ گہرائی اور یادگار کیفیت پیدا نہیں کر پاتے جو اصل گانے کی پہچان تھی۔ ریلیز کے موقع پر ٹی سیریز نے ایکس پر لکھا کہ ’’قوم کا ترانہ حاضر ہے۔ ہندوستان کی روح سے جنم لینے والا ایک گانا۔ ہندوستان کا سب سے بڑا میوزیکل تعاون پہنچ گیا!‘‘
سوشل میڈیا پر صارفین کے نمایاں تبصرے
ایک صارف نے لکھا کہ ’’دھن میں سکون اور جذبات ہیں، چیخ و پکار نہیں، لیکن بول دل میں وہ ٹھہراؤ نہیں پیدا کرتے جو ہم امید کر رہے تھے۔‘‘ایک اور تبصرہ تھا: ’’گانا ٹھیک ہے مگر کچھ کمی محسوس ہوتی ہے۔ شاید فلم کے تناظر میں بہتر لگے، لیکن ’سندیشے آتے ہیں‘ جیسا اثر اب بھی نہیں۔‘‘ جبکہ ایک مداح نے جذباتی انداز میں کہا: ’’موسیقی شاندار ہے، آوازیں طاقتور ہیں۔ بطور ۹۰؍ کی دہائی کا بچہ جذبات آ گئے، مگر یہ واضح ہے کہ نیا ورژن بول کے معاملے میں کمزور ہے۔‘‘ یوں مجموعی تاثر یہی ہے کہ نغمے کی موسیقی اور گلوکاری کو پذیرائی ملی ہے، مگر بول پر تنقید غالب ہے، اور سامعین کی بڑی تعداد اب ویڈیو اور فلم کے سیاق میں اس کے اثر کو دیکھنے کی منتظر ہے۔
اس فلم میں سنی دیول، دلجیت دوسانجھ، ورون دھون اور آہان شیٹی مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے، جبکہ ’’بارڈر ۲‘‘ رواں سال ۲۳؍ جنوری کو ریلیز ہوگی۔