• Sat, 27 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’بارڈر ۲‘‘، ’’سندیسے آتے ہیں‘‘ کا نام اب ’’گھر کب آؤ گے‘‘ ہوگا

Updated: December 27, 2025, 8:02 PM IST | Mumbai

’’بارڈر ۲‘‘ میں ’’سندیسے آتے ہیں‘‘ کا نام تبدیل کرکے ’’گھر کب آؤ گے‘‘ کردیا گیا ہے۔ اس نغمہ کو بغیر کسی کٹ کے منظوری مل چکی ہے۔ فلم ۲۳؍ جنوری ۲۰۲۶ء کو ریلیز ہوگی۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

ہندی سنیما کے چند ہی حب الوطنی کے گانے ایسے ہیں جو جے پی دتہ کی کلاسک فلم بارڈر کے شہرۂ آفاق نغمے ’’سندیسے آتے ہیں‘‘ جیسی گہری جذباتی تاثیر رکھتے ہوں۔ دہائیوں بعد بھی یہ گانا جدائی، قربانی اور انتظار کے احساسات کو تازہ کر دیتا ہے، اسی لئے اسے اب تک کے یادگار جنگی ترانوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اب جبکہ ’’بارڈر ۲‘‘ جنوری ۲۰۲۶ء میں سنیما گھروں میں ریلیز کیلئے تیار ہے، اس بات پر تجسس بڑھ گیا ہے کہ اس لازوال میوزیکل لمحے کو سیکوئل میں کس طرح نئے انداز سے پیش کیا جائے گا۔ بالی ووڈ ہنگامہ کے ذریعے فلم کے سینسر سرٹیفکیٹ سے حاصل معلومات کے مطابق ’’بارڈر ۲‘‘ میں ’’سندیسے آتے ہیں‘‘ کو پھر تخلیق کیا گیا ہے مگر اب اس کا نام ہے ’’گھر کب آؤ گے‘‘۔اگرچہ توقع ہے کہ دھن اصل گانے کی جذباتی کشش برقرار رکھے گی، نیا نام زاویۂ نظر میں تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے، جہاں فرض کی ذاتی قیمت اور سپاہیوں کی گھر واپسی کی تڑپ کو زیادہ نمایاں کیا جائے گا۔
سینسر تفصیلات یہ بھی بتاتی ہیں کہ گانے کو بغیر کسی کٹ کے منظوری مل گئی ہے اور اس کا دورانیہ ۳؍ منٹ ۲۳؍ سیکنڈ ہے۔ عنوان کی یہ تبدیلی اس امر کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ نیا گانا سیکوئل کے بیانیے سے زیادہ گہری ہم آہنگی رکھے گا، جبکہ اصل کمپوزیشن کی جذباتی وراثت سے جڑا رہے گا۔

یہ بھی پڑھئے: اپریل ۲۰۲۶ء: سلمان خان اور عالیہ بھٹ کا مقابلہ نہیں ہوگا، ’’الفا‘‘ کی ریلیز مؤخر

گانے کی اہمیت کیوں برقرار ہے؟
’’بارڈر‘‘ میں ’’سندیسے آتے ہیں‘‘ محض ایک حب الوطنی ٹریک نہیں تھا بلکہ فلم کی جذباتی ریڑھ کی ہڈی بن گیا تھا۔ اس نے محاذ پر تعینات سپاہیوں کے خاموش درد اور پیچھے رہ جانے والے خاندانوں کے جذباتی بوجھ کو مؤثر انداز میں پیش کیا، جس نے فلم کو ایک روایتی جنگی ڈرامے سے بلند کر کے نسل در نسل ناظرین کیلئے ایک لازوال تجربہ بنا دیا۔ اسی پس منظر میں ’’گھر کب آؤ گے‘‘ کا انتخاب جنگ کے انسانی پہلو کو اجاگر کرنے کی کوشش معلوم ہوتا ہے، جہاں تماشے کے بجائے جذباتی نتائج پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: بنگلہ دیش: گلوکار جیمس کا کنسرٹ ہنگامہ آرائی کے باعث منسوخ، ۳۰؍افراد زخمی

واپس آنے والے چہرے اور نئے کردار
’’بارڈر ۲‘‘ کے ساتھ سنی دیول فرنچائز میں واپسی کر رہے ہیں اور اس بار وہ لیفٹیننٹ کرنل فتح سنگھ کلر کے کردار میں نظر آئیں گے۔ سیکوئل میں ورون دھون میجر ہوشیار سنگھ دہیا، دلجیت دوسانجھ انڈین ایئر فورس کے افسر ایف جی آفیسر نرمل جیت سنگھ سیکھون، اور آہان شیٹی ہندوستانی بحریہ کے افسر لیفٹیننٹ کمانڈر جوزف نورالنہاں کے طور پر شامل ہیں۔ فلم میں فوجیوں کے ساتھ ان کے خاندانوں کی جذباتی زندگی کو بھی اہمیت دی گئی ہے۔ مونا سنگھ، میدھا رانا، سونم باجوہ اور انیا سنگھ فوجیوں کی بیویوں کے کردار ادا کر رہی ہیں، جس سے کہانی میں ایک مضبوط گھریلو اور جذباتی پرت شامل ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ، اصل بارڈر کے اداکاروں کے کیمیو کی بھی توقع ہے۔ یہ فلم ۲۳؍ جنوری ۲۰۲۶ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK