Updated: September 12, 2026, 4:12 PM IST
| Mumbai
اکشے کمار اور سیف علی خان کی ۱۸؍ سال بعد اسکرین پر واپسی بھی فلم ’’حیوان‘‘ کو باکس آفس پر مضبوط آغاز نہ دلا سکی۔ پریہ درشن کی ہدایتکاری میں بننے والی اس تھرلر فلم نے ریلیز کے پہلے روز صرف ۳؍ کروڑ روپے نیٹ کا بزنس کیا، جو رواں سال بڑے ستاروں کی فلموں میں سب سے کم اوپننگ قرار دی جا رہی ہے۔ کمزور ایڈوانس بکنگ، محدود تشہیر اور ناقدین کے منفی تبصروں کے باعث فلم کی شروعات توقعات کے مطابق نہ ہو سکیں، جبکہ دوسری جانب ’’مرزا پور: دی مووی‘‘ اور ’’ہنومان انش‘‘ جیسی فلمیں باکس آفس پر مسلسل مضبوط کارکردگی دکھا رہی ہیں۔
فلم ’’حیوان‘‘۔ تصویر: آئی این این
فلم بھوت بنگلہ کی بڑی باکس آفس کامیابی کے بعد اکشے کمار نے ہدایتکار پریہ درشن کے ساتھ دوبارہ کام کیا اور ’’حیوان‘‘ کے نام سے ایک تھرلر فلم پیش کی۔ پریہ درشن کی اپنی ۲۰۱۶ء میں ریلیز ہونے والی ملیالم فلم ’’اوپم‘‘ کی آفیشل ریمیک فلم ’’حیوان‘‘ نے اکشے کمار اور سیف علی خان کو ۱۸؍ سال بعد ایک بار پھر ایک ساتھ اسکرین پر لایا۔ فلم میں اکشے کمار نے ایک نفسیاتی قاتل کا کردار ادا کیا، جبکہ سیف علی خان نے ایک نابینا شخص کا مرکزی کردار نبھایا۔ فلم کم تشہیر اور کمزور ایڈوانس بکنگ کے درمیان ریلیز ہوئی، جبکہ فلمی ناقدین کے تبصرے بھی زیادہ مثبت نہیں تھے۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ فلم نے پہلے ہی دن باکس آفس پر انتہائی کمزور آغاز کیا۔
یہ بھی پڑھئے: آدتیہ پنچولی ہیرو کے بجائےمنفی اور معاون کرداروں میں مشہور ہوئے
سیف علی خان اور اکشے کمار کی ’’حیوان‘‘ پہلے دن کمزور آغاز
ایڈوانس بکنگ کو دیکھتے ہوئے پہلے ہی اندازہ تھا کہ فلم ’’حیوان‘‘ کا اوپننگ ڈے کمزور رہے گا، اور صبح کے شوز میں نظر آنے والی کم حاضری نے بھی اس کی تصدیق کر دی۔ فلم نے پہلے دن ۳؍ کروڑ روپے نیٹ کا بزنس کیا، جو اس سال بڑے ستاروں کی اداکاری والی فلموں میں سب سے کم اوپننگ ہے۔ موجودہ رفتار کو دیکھتے ہوئے امکان ہے کہ فلم ’’حیوان‘‘ شاید اپنی مکمل نمائش کے دوران بھی ۳۰؍ کروڑ روپے کا بزنس نہ کر پائے۔
یہ بھی پڑھئے: کشمیر پہنچ کر سُنیدھی چوہان نے کہا ’’ایسا لگتا ہے جیسے میں جنت میں ہوں‘‘
’’مرزا پور: دی مووی‘‘ اور ’’ہنومان انش‘‘ اب بھی باکس آفس پر سرفہرست
صورتحال اس وقت مزید خراب نظر آتی ہے جب ’’مرزا پور: دی مووی‘‘ جیسی فلم، جس میں روایتی طور پر باکس آفس پر بڑی کشش رکھنے والے ستارے موجود نہیں ہیں، اب بھی زبردست بزنس کر رہی ہے۔ اس فلم نے اپنی ریلیز کے آٹھویں دن ۱۰؍ کروڑ روپے کمائے، جو فلم ’’حیوان‘‘ کی پہلے دن کی کمائی سے بھی کہیں زیادہ ہے۔ یہی نہیں، کم بجٹ کی مذہبی بلاک بسٹر فلم ’’ہنومان انش‘‘ نے بھی اپنی ریلیز کے ۳۶؍ ویں دن ۱۰؍ کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے۔ ’’مرزا پور: دی مووی‘‘ نے آٹھ دنوں میں مجموعی طور پر ۱۶۰؍ کروڑ روپے کا بزنس کر لیا ہے۔ دوسری جانب فلم ’’حیوان‘‘ نے گھریلو باکس آفس پر ۳۶؍ دنوں میں ۱۶۰؍ کروڑ روپے کمائے ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ ’’مرزا پور: دی مووی‘‘ اپنے دوسرے ویک اینڈ میں جبکہ فلم ’’ہنومان انش‘‘ اپنے چھٹے ویک اینڈ میں ۳۵؍ کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کر سکتی ہیں۔ تاہم فلم ’’حیوان‘‘ کے پہلے دن کی کمائی کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جا سکتا ہے کہ فلم کو باکس آفس پر مشکلات کا سامنا کر پڑ سکتا ہے۔