• Tue, 22 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جو گھر چاہو خرید لو، ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ بلاک بسٹر ہے: آدتیہ چوپڑہ نے کرن جوہر سے کہا

Updated: September 21, 2026, 10:03 PM IST | Mumbai

کرن جوہر اس وقت لندن میں والدین کے ساتھ تھے۔ ریلیز کے ۵؍ دن بعد لال فون بوتھ سے آدتیہ چوپڑہ سے فلم کا حال پوچھا؛ جواب ملا ’’جو گھر خریدنا ہے، خرید لو، فلم بلاک بسٹر ہے۔‘‘

Karan Johar. Picture: INN
کرن جوہر۔ تصویر: آئی این این

کرن جوہر نے اپنی پہلی ہدایت کاری والی فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کی غیر معمولی کامیابی سے جڑا ایک دلچسپ واقعہ سنایا ہے۔ مراکش میں جاری مراکش انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کرن جوہر نے بتایا کہ فلم کی ریلیز کے کئی دن بعد تک انہیں اندازہ نہیں تھا کہ فلم نے باکس آفس پر کیسا کاروبار کیا ہے۔ اس وقت نہ انٹرنیٹ تھا اور نہ ہی آج کی طرح فوری طور پر باکس آفس کے اعداد و شمار دستیاب ہوتے تھے۔ کرن جوہر کے مطابق فلم کی ریلیز کے آس پاس فلم سازوں کو جرائم پیشہ گروہوں کی جانب سے دھمکیوں کا سامنا تھا۔ ان کے والد یش جوہر، والدہ اور خود کرن جوہر کو بھی دھمکی آمیز فون موصول ہوئے، جس کے بعد خاندان کو احتیاطاً لندن جانا پڑا۔ کرن نے بتایا کہ وہ لندن میں اپنے والدین کے ساتھ تھے اور ہندوستان میں فلم کی کارکردگی سے تقریباً کٹ گئے تھے۔

یہ بھی پڑھئے:’’ہنکار: دی رور‘‘ کا ٹریلر جاری، انیت پڈا اور فاطمہ ثنا شیخ کی طاقتور ’باپ جی‘ سے ٹکر

انہوں نے بتایا کہ فلم کی ریلیز کے ۵؍ دن بعد وہ لندن میں ایک لال فون بوتھ تک گئے تاکہ آدتیہ چوپڑہ سے فلم کی کارکردگی کے بارے میں معلوم کرسکیں۔ کرن کے مطابق اس زمانے میں گوگل موجود نہیں تھا، اس لیے فلم کے بارے میں جاننے کے لیے کسی جاننے والے کو فون کرنا ہی ایک ذریعہ تھا۔ انہوں نے عادل سے پوچھا کہ فلم کیسی چل رہی ہے۔ کرن نے بتایا کہ آدتیہ چوپڑہ نے براہ راست فلم کی کمائی بتانے کے بجائے ان سے پوچھا کہ وہ کیا خریدنا چاہتے ہیں۔ کرن نے جواب دیا کہ وہ اپنے والدین کے لیے ایک بڑا گھر خریدنا چاہتے ہیں۔ اس پر عادل نے کہا، ’’جو گھر خریدنا ہے، خرید لو، فلم بلاک بسٹر ہے۔‘‘ کرن کے مطابق یہ سنتے ہی وہ رونے لگے۔ انہوں نے اپنے والدین کو جگایا اور بتایا کہ فلم نے بڑی کامیابی حاصل کرلی ہے۔
کرن نے کہا کہ ان کے والد یش جوہر بھی اس خبر سے حیران رہ گئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً ۲۰؍ سال تک فلم سازی سے وابستہ رہنے کے بعد ان کے خاندان کو اس نوعیت کی کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ ماضی میں یش جوہر کی فلموں کو مسلسل ناکامیوں کا سامنا رہا تھا، اس لیے ’بلاک بسٹر‘ کا لفظ ان کے لیے خاص اہمیت رکھتا تھا۔ فلم کی کامیابی سے پہلے ہی کرن جوہر کو اس بات کا اندازہ ہونے لگا تھا کہ ناظرین اسے پسند کررہے ہیں، لیکن وہ خود اس ردعمل کا مشاہدہ نہیں کرسکے تھے۔ فلم کی نمائش کے دوران سیکوریٹی وجوہات کی بنا پر انہیں الگ رکھا گیا تھا۔ بعد میں ان کے معاونین نے انہیں بتایا کہ ناظرین نے فلم کے اختتام پر کھڑے ہوکر داد دی۔

یہ بھی پڑھئے:نانی پہلے ہی راگھو جویال کے مداح تھے، ’دی پیراڈائز‘ میں توقع سے بڑھ کر کام کیا

مراکش میں گفتگو کے دوران کرن نے شاہ رخ خان کے ساتھ اپنی دوستی کی ابتدا بھی یاد کی۔ دونوں کی قربت ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کے دوران ہوئی، جب کرن جوہر آدتیہ چوپڑہ کے معاون ہدایت کار کے طور پر کام کررہے تھے۔ کرن نے بتایا کہ بعد میں شاہ رخ ان کے لیے بڑے بھائی جیسے بن گئے اور ان کی اہلیہ گوری خان بھی ان کے خاندان کا حصہ بن گئیں۔ ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کی شوٹنگ کے حوالے سے کرن نے بتایا کہ پہلے شیڈول کے اختتام کے فوراً بعد شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی پیدائش ہوئی۔ کرن اور فلم کی ٹیم اسٹوڈیو سے سیدھے اسپتال پہنچے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے آریان کو پیدائش کے اگلے ہی دن اپنی گود میں اٹھایا تھا۔ کرن نے یہ بھی بتایا کہ آریان کی ہدایت کاری میں بنائی گئی سیریز دیکھتے ہوئے وہ جذباتی ہوگئے اور بہت روئے۔
شاہ رخ خان کے ساتھ اپنے تعلق پر کرن نے کہا کہ ان کا رشتہ گہرا ہے اور شاہ رخ ان کے لیے سہارا اور طاقت رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کی شوٹنگ کے دوران انہیں کیمرے اور فلم سازی کی تکنیکی معلومات زیادہ نہیں تھیں، جبکہ شاہ رخ نے سیٹ پر کئی معاملات میں ان کی مدد کی اور انہیں فلم سازی کی تکنیک سمجھائی۔ ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ ۱۶؍ اکتوبر ۱۹۹۸ء کو ریلیز ہوئی تھی۔ فلم میں شاہ رخ خان، کاجول اور رانی مکھرجی مرکزی کرداروں میں تھے جبکہ سلمان خان نے خصوصی کردار ادا کیا تھا۔ باکس آفس انڈیا کے مطابق فلم نے ہندوستان میں ۸۶ء۴۶؍ کروڑ نیٹ اور دنیا بھر میں تقریباً ۷۴ء۱۰۶؍ کروڑ کا مجموعی کاروبار کیا اور اسے ’’آل ٹائم بلاک بسٹر‘‘ قرار دیا گیا۔ کرن جوہر نے یہ یادیں مراکش انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کی گفتگو کے دوران تازہ کیں، جہاں وہ اپنی پروڈیوس کردہ فلم ’ہوم باؤنڈ‘ کی خصوصی نمائش کے لیے بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK