Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی: کرسٹوفرنولن، ٹام ہالینڈ اور میٹ ڈیمن نے کیفے میں چائے کا لطف اٹھایا

Updated: July 12, 2026, 4:16 PM IST | Mumbai

ہالی ووڈ کے نامور ہدایت کار کرسٹوفر نولن اور اداکار ٹام ہالینڈ اور میٹ ڈیمن نے ممبئی میں اپنی نئی فلم’’دی اوڈیسی‘‘ کے پریمیئر سے قبل ۱۰۸؍ سالہ قدیم اولمپیا کافی ہاؤس میں چائے اور بن مسکہ کا لطف اٹھایا۔ تینوں کی مختصر مگر سادہ ملاقات نے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی، جبکہ کیفے کے عملے کو بعد میں معلوم ہوا کہ ان کے مہمان عالمی شہرت یافتہ فلمی ستارے تھے۔

Tom Holland (right), Christopher Nolan and Matt Damon at Olympia Coffee House. Photo: X
ٹام ہالینڈ(دائیں )، کرسٹوفر نولن اور میٹ ڈیمن، اولمپیا کافی ہاؤس میں ۔ تصویر: ایکس

کرسٹوفر نولن، ٹام ہالینڈ اور میٹ ڈیمن سنیچر کو فلم’’دی اوڈیسی‘‘ کے ممبئی پریمیئر میں شرکت کیلئے شہر پہنچے۔ پریمیئر سے قبل تینوں نے اپنے مصروف شیڈول سے کچھ وقت نکال کر قلابہ کے مشہور اولمپیا کافی ہاؤس میں چائے نوشی کی اور بن مسکہ کھایا۔ یونیورسل پکچرز انڈیا نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں نولن، ہالینڈ اور ڈیمن کیفے پہنچتے ہوئے نظر آئے۔ انہیں شیشے کے گلاسوں میں چائے، بن مسکہ اور چند میٹھے پکوان پیش کئے گئے۔ ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں لکھا تھا: ’’دی اوڈیسی ممبئی پریمیئر سے پہلے چائے کا مختصر وقفہ۔ ‘‘ہالی ووڈ کے ان مہمانوں کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئیں، تاہم۱۰۸؍ سال پرانے اس کیفے کے عملے نے بتایا کہ ابتدا میں انہیں اندازہ ہی نہیں تھا کہ ان کے یہاں آنے والے مہمان اتنی بڑی عالمی شخصیات ہیں۔

 
 
 
 
 
View this post on Instagram
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Universal Pictures India (@universalpicturesindia)

ایچ ٹی سٹی کے مطابق کیفے کے منیجر عنایت مریدیا نے بتایا:’’ان تینوں کے ساتھی تقریباً ڈھائی بجے ناشتے کیلئے آئے تھے اور اس کے بعد سے کیفے کے باہر ہی انتظار کر رہے تھے۔ ہمیں تو یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ وہ جن کا انتظار کر رہے ہیں، وہ اتنی بڑی شخصیات ہیں۔ بعد میں جب گوگل پر دیکھا تو پتا چلا کہ ٹام وہی اداکار ہیں جنہوں نے اسپائیڈر مین کا کردار ادا کیا ہے۔ ‘‘انہوں نے مزید کہا:’’تینوں اندر آئے، چائے اور بن مسکہ کھایا اور صرف ہلکی پھلکی تواضع پر اکتفا کیا۔ وہ زیادہ دیر نہیں رکے کیونکہ ان کے پہنچتے ہی لوگوں کا بڑا ہجوم جمع ہونا شروع ہوگیا تھا۔ ان کے محافظ اور پولیس اہلکار بھی موجود تھے۔ وہ کیفے میں زیادہ سے زیادہ۱۰؍ سے۱۵؍ منٹ تک رہے۔ ‘‘
بتا دیں کہ کرسٹوفر نولن کی فلم ’’دی اوڈیسی‘‘ میں اینی ہیتھ وے، زنڈایا، رابرٹ پیٹنسن، لوپیتا نیونگو، سمانتھا مورٹن اور شارلیز تھیرون بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ یہ فلم۱۷؍ جولائی کو دنیا بھر کے سنیماگھروں میں ریلیز کی جائے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK