Inquilab Logo Happiest Places to Work

ڈومبیولی کے رویندر چوہان کہاں ہیں ؟ ایم این ایس لیڈر راجو پاٹل کا سوال

Updated: July 12, 2026, 1:03 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan

شندے سینا کے کارپوریٹررمیش مہاترے کے ذریعے ا سپتال میں مار پیٹ کے معاملے پرایم این ایس لیڈرنے رکن اسمبلی کو بھی گھیرے میں لیا۔

MNS leader Raju Patil during a press conference. Photo: INN
ایم این ایس لیڈر راجو پاٹل پریس کانفرنس کے دوران۔ تصویر: آئی این این

ڈومبیولی کے شاستری نگر سرکاری اسپتال میں ڈاکٹروں اور طبی عملے پر حملے کے معاملے نے اب سیاسی رخ اختیار کرلیا ہے۔ ایک جانب پولیس کی کارروائی جاری ہے تو دوسری جانب مختلف سیاسی پارٹیاں ایک دوسرے کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ اسی سلسلے میں مہاراشٹر نو نرمان سینا (ایم این ایس) لیڈر اور سابق رکن اسمبلی راجو پاٹل نے جمعہ کی شام کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن( کے ڈی ایم سی) کے میونسپل کمشنر ابھینو گوئل سے ملاقات کرکے واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بی جے پی کے ریاستی صدر اور ڈومبیولی کے رکن اسمبلی رویندر چوہان پر سخت تنقید کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ آخر ڈومبیولی کے رویندر چوہان کہاں ہیں؟  
سابق رکن اسمبلی راجو پاٹل نے کہا کہ بارش رکنے کے بعد تو سورج نکل آیا مگر اس ڈومبیولی کے `روی (رویندر چوہان) کا کہیں کوئی اتا پتا نہیں۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ڈومبیولی کا برا حال ہو چکا ہےلیکن عوامی نمائندے کہیں دکھائی نہیں دیتے۔ ان کے بقول صرف قمیص پر کمل کا نشان لگا کر جنازوں اور بچوں کے نام رکھنے کی تقریبات میں شرکت کرنے سے شہر کے بنیادی مسائل حل نہیں ہوتے۔ اگر عوامی نمائندوں نے شہر کے لیے کوئی مؤثر کام نہیں کیا تو انہیں اس پر شرمندہ ہونا چاہئے۔ 
ایم این ایس لیڈرنے واضح کیا کہ شندے سینا کے کارپوریٹر رمیش مہاترے کے تشدد کی وہ کسی بھی صورت حمایت نہیں کرتے بلکہ اس کی سخت مذمت کرتے ہیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو روز کے دوران اس معاملے میں سیاسی رنگ بھی نمایاں نظر آ رہا ہے اور واقعہ کے کئی اہم پہلو اب تک عوام کے سامنے نہیں آئے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ سرکاری اسپتالوں میں بنیادی طبی سہولیات فراہم کرنے کی ذمہ داری آخر کس کی ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ ایم این ایس نے میونسپل کارپوریشن میں شندے سینا کی حمایت اسی امید پر کی تھی کہ شہری مسائل حل ہوں گےلیکن جو پارٹی گزشتہ تیس برس سے اقتدار میں ہے اصل جواب دہی اسی سے ہونی چاہئے۔ 
راجو پاٹل نے یہ بھی کہا کہ بعض مواقع پر اسپتال کا طبی عملہ مریضوں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرتا ہے جس پر بھی انتظامیہ کو نظر رکھنی چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسپتال میں ایک ڈیجیٹل ڈیش بورڈ نصب کیا جائے جس پر خالی اور بھرے ہوئے بستروں اور ادویات کی دستیابی اور دیگر طبی سہولیات کی تازہ معلومات عوام کے لیے نمایاں طور پر موجود ہوں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK