Inquilab Logo Happiest Places to Work

کرسٹوفر نولن کی ’دی اوڈیسی‘ کا ایڈوانس بکنگ میں ریکارڈ، ایک سال بعد ریلیز ہوگی

Updated: July 17, 2025, 10:09 PM IST | Los Angeles

ہالی ووڈ کے معروف ہدایتکار کرسٹوفر نولن کی فلم ’’دی اوڈیسی‘‘ ایک سال بعد (۱۷؍ جولائی ۲۰۲۶ء) کو ریلیز ہوگی مگر ایڈوانس بکنگ میں اس کی تمام ٹکٹیں منٹوں میں فروخت ہوگئیں۔ عوام حیران۔

Poster for the film "The Odyssey." Photo: INN.
فلم ’’دی اوڈیسی‘‘ کا پوسٹر۔ تصویر: آئی این این۔

کرسٹوفر نولن کی اگلی فلم ’’دی اوڈیسی‘‘ کا فلم شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے۔ فلم ۱۷؍ جولائی ۲۰۲۶ء یعنی ایک سال بعد سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی مگر ’’دی اوڈیسی‘‘ نے اس سے پہلے ہی بکنگ کے سارے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ تاریخ میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے جب کسی فلم کی ایڈوانس بکنگ ریلیز سے ایک سال پہلے شروع کی گئی ہو اور چند منٹوں ہی میں سارے ٹکٹ فروخت ہوجائیں۔ امریکہ میں آئی میکس فارمیٹ والے اُن تمام سنیما گھروں میں ’’’دی اوڈیسی‘‘ کے ٹکٹ منٹوں میں فروخت ہوگئے، جنہوں نے فلم کی پروڈکشن کمپنی سے ایک سال پہلے بکنگ کا معاہدہ کیا۔ 
آئی میکس نے اعلان کیا کہ ’’آئی میکس ۷۰؍ ایم ایم کی اسکرینوں کیلئے ’’دی اوڈیسی‘‘ کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔ نیویارک، لاس اینجلس، سان فرانسسکو،اٹلانٹا، فلاڈیلفیا، ڈیلاس اور فنکس جیسے متعدد امریکی شہروں کے علاوہ کنیڈا اور چیک جمہوریہ کے درجنوں تھیٹروں میں کرسٹوفرنولن کی فلم ’’دی اوڈیسی‘‘ کی ایڈوانس بکنگ بند ہوگئی ہے۔ ‘‘

معروف ہدایت کار کرسٹیوفر نولن۔ تصویر: آئی این این

اس عجیب وغریب صورتحال پر سوشل میڈیا صارفین بھی حیرت زدہ ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’’ میں حیران ہوں کہ ’’دی اوڈیسی‘‘کی تمام ٹکٹیں ایک سال پہلے ہی ایڈوانس بکنگ میں فروخت ہوگئیں۔‘‘ دوسرے صارف نے لکھا کہ ’’ ہم عجیب وقت میں جی رہے ہیں۔ کل کیسا ہو، کوئی نہیں جانتا مگر ایک سال بعد کیلئے اتنی ’’امید‘‘ حیران کن ہے۔ ‘‘ تیسرے صارف نے لکھا ہے کہ ’’اوڈیسی‘‘ کی ٹکٹیں اوسطاً ۶؍ منٹ میں فروخت ہوگئیں۔ کیا اس فلم کو دیکھنے کیلئے کئی دنوں تک انتظار کرنا پڑے گا؟‘‘
خیال رہے کہ آئی میکس کی۷۰؍ ایم ایم کی اسکرین پر فلم دیکھنے کا تجربہ بے مثال ہوتا ہے۔ ’’اوڈیسی‘‘ کو اسی فارمیٹ کے لحاظ سے شوٹ کیا جارہا ہے۔ میٹ ڈیمن، ٹام ہالینڈ، اینی ہیتھوے، زینڈایا، جان برنتھال، شارلیز تھیورن اور رابرٹ پیٹنسن وغیرہ جیسے بڑے ہالی ووڈ ستارے ۲۵۰؍ ملین ڈالر کے بجٹ والی اس فلم کا حصہ ہیں جس کے ہدایتکار کرسٹوفر نولن ہیں جنہوں نے ’’دی ڈارک نائٹ ٹرائیولوجی‘‘، ’’ٹیننٹ‘‘، ’’اوپن ہائمر‘‘ اور ’’انٹرسٹیلار‘‘ جیسے شاہکار فلمیں بنائی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK