Updated: November 21, 2026, 4:59 PM IST
| Cincinnati
امریکہ کے شہر سنسناٹی میں لاکھوں لوگوں کی محبوب دریائی گھوڑی فیونا کی موت پر غم کی لہر دوڑ گئی۔ سیکڑوں مداح چڑیا گھر پہنچ کر پھول، نرم کھلونے اور تعزیتی پیغامات چھوڑ رہے ہیں، جب کہ شہر کی عمارتیں جامنی روشنیوں سے روشن کردی گئیں۔ سنسناٹی بینگلز کے فٹ بال کھلاڑیوں نے بھی اس کی یاد میں روایتی تعزیتی دھن بجائی۔
قبل از وقت پیدا ہونے والی مشہور دریائی گھوڑی ’فیونا‘ ۔ تصویر: ایکس
امریکی ریاست اوہائیو کے شہر سنسناٹی میں دریائی گھوڑی فیونا کی موت نے مقامی شہریوں کے ساتھ دنیا بھر میں اس کے مداحوں کو افسردہ کردیا ہے۔ سنسناٹی چڑیا گھر میں ۱۹؍ نومبر کو ۹؍ سالہ فیونا کی موت کا اعلان کیا گیا، جس کے بعد سیکڑوں افراد اس کی یاد میں چڑیا گھر پہنچے۔ لوگوں نے فیونا کے مجسمے کے قریب پھولوں کے گلدستے، ہاتھ سے بنائے گئے کارڈز، بچوں کی ڈرائنگز اور نرم کھلونے رکھے۔ ایک مداح اپنے ساتھ تربوز بھی لایا، جو فیونا کی پسندیدہ غذاؤں میں شمار ہوتا تھا۔ فیونا کی موت کی خبر سامنے آنے کے بعد شہر کی متعدد عمارتوں، پلوں اور اسٹیڈیمز کو جامنی روشنیوں سے روشن کیا گیا۔ کنونشن سینٹر کے باہر نصب ’سنسناٹی‘ کا بڑا روشن سائن بھی جامنی رنگ میں جگمگاتا رہا، جس میں دریائی گھوڑی کی تصاویر دکھائی گئیں۔ شہر کی فٹ بال ٹیم سنسناٹی بینگلز کے کھلاڑیوں نے بھی اس کی موت کے اعلان کے ایک گھنٹے سے کم وقت میں لاکر روم میں فوجی آخری رسومات کے موقع پر بجائی جانے والی روایتی دھن ’ٹیپس‘ بجا کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔
فیونا کی زندگی ابتدا ہی سے جدوجہد کی داستان تھی۔ وہ ۲۴؍ جنوری ۲۰۱۷ء کو مقررہ وقت سے ۶؍ ہفتے پہلے پیدا ہوئی تھی اور پیدائش کے وقت اس کا وزن محض ۲۹؍ پاؤنڈ تھا، جو اس نسل کی دریائی گھوڑیوں کے معمول کے پیدائشی وزن سے کہیں کم تھا۔ اس کے زندہ بچنے کے امکانات بہت کم سمجھے جارہے تھے، لیکن چڑیا گھر کے عملے نے دن رات اس کی دیکھ بھال کی۔ اسے بوتل سے دودھ پلایا گیا اور تیرنا سیکھنے میں بھی مدد دی گئی۔ اس کی صحت یابی کے سفر کو سوشل میڈیا پر لاکھوں لوگوں نے دیکھا اور وہ امید، حوصلے اور زندگی سے لڑنے کی علامت بن گئی۔ تاہم، اس کی زندگی کا اختتام ایک افسوس ناک حادثے کے بعد ہوا۔ چڑیا گھر کے مطابق ۸؍ نومبر کو ایک سیاح کی اونی ٹوپی حادثاتی طور پر اس کے احاطے میں جاگری اور فیونا نے اسے نگل لیا۔ بتایا گیا کہ ایک پنکھے نے ٹوپی کو احاطے کے اندر اچھال دیا تھا۔ ابتدائی طور پر اس کی طبیعت میں کوئی نمایاں خرابی نظر نہیں آئی، لیکن چند روز بعد اس کی بھوک کم ہونے لگی۔ ویٹرنری ماہرین نے مسلسل نگرانی، طبی امداد، اینڈوسکوپی اور دیگر طریقوں سے ٹوپی کو اس کے نظامِ ہاضمہ سے نکالنے کی کوشش کی، مگر کامیابی نہیں ملی۔ پوسٹ مارٹم میں ٹوپی چھوٹی آنت میں پائی گئی۔ ماہرین کے مطابق اس کی جگہ اور جسمانی ساخت کے باعث اسے سرجری کے ذریعے نکالنا بھی ممکن نہیں تھا۔
چڑیا گھر کے ڈائریکٹر ڈیو جینیکی نے کہا کہ عملے نے فیونا کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کی، لیکن وہ مزید مقابلہ نہیں کرسکی۔ چڑیا گھر نے مداحوں کی محبت اور تعزیت پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ لوگ پھول یا مادی تحائف بھیجنے کے بجائے فیونا کی یاد میں اپنے اردگرد کے لوگوں میں محبت اور خوشیاں بانٹیں۔ اس کی موت کے بعد ہپو کوو کے علاقے کو عملے کو سنبھلنے کا وقت دینے کے لیے ہفتے کے اختتام تک بند رکھا گیا ہے۔