Inquilab Logo Happiest Places to Work

۵؍ ستمبر کو کاکروچ جنتا پارٹی کا احتجاجی مارچ

Updated: August 25, 2026, 10:16 AM IST | Agency | New Delhi

نیٹ پیپر لیک کی بنا پر خود کشی کرنےوالے طلبہ کے اہل خانہ قیادت کرینگے، وعدے وفا نہ کرنے پر مودی سرکار کووارننگ دی کہ ’’صبر کو کمزوری نہ سمجھیں‘‘

Abhijit Dapke at the conclusion of the Jantar Mantar protest on July 25. Picture: INN
ابھیجیت دپکے ۲۵؍ جولائی کو جنتر منتر کے احتجاج کے خاتمے کے وقت۔ تصویر: آئی این این

مودی سرکار کی وعدہ خلافیوں کی وجہ سے کاکروچ جنتا پارٹی  (سی جے پی) پھر احتجاج پر مجبور ہوگئی ہے۔ فی الحال تنظیم   نے ۵؍ ستمبر کو یعنی یوم آساتذہ کے موقع پردہلی میں انڈیا گیٹ سے پولیس ہیڈ کوارٹرز تک مارچ کا  اعلان کیا ہے تاہم حکومت کو وارننگ دی ہے کہ اس کے صبر کو اس کی کمزور نہ سمجھا جائے۔ سی جے پی نے اعلان کیا ہے کہ ۵؍ ستمبر کے مارچ کی قیادت  نیٹ پیپر لیک کی وجہ سے خود کشی کرنے والے طلبہ  کے اہل خانہ کریں گے جبکہ اس میں دہلی پولیس کے تشدد میں زخمی ہونےوالوں کو بھی پیش پیش رکھا جائےگا۔ 

یہ بھی پڑھئے: رکن پارلیمنٹ سریش مہاترے پرکلیان حلقےکو نظر انداز کرنے کا الزام

سی جے پی نے  مودی سرکار پر الزام لگایا  کہ اس نے۲۵؍جولائی کو کئے  گئے وہ وعدے پورے نہیں کئے جن کی بنیاد پر تنظیم نے جنتر منتر کا احتجاج ۳۶؍ دن بعد ختم کیاتھا۔  احتجاجی مارچ کا  فیصلہ پیر کو سی جے پی کی نیشنل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔سی جے پی نے واننگ دی کہ ’’ہمارے صبر کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ ہماری نیک نیتی کو حکومت کی جانب سے ملک کے نوجوانوں کے ساتھ دھوکہ کرنے کا موقع نہیں بننے دیا جاسکتا۔‘‘ یاد رہے کہ نیٹ پیپر لیک اور امتحانی بے ضابطگیوں  کے خلاف جنتر منتر پر کاکروچ جنتا پارٹی کا احتجاج وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ اوراس وعدہ پر ختم ہواتھا کہ تعلیمی نظام کی خامیوں کو دور کیاجائےگا، خود کشی کرنے والے نیٹ  کے طلبہ  کے اہل خانہ کو معاوضہ دیا جائےگا اور مظاہر میں شرکت کرنےوالے کسی بھی شخص پر ملک میں کہیں کوئی کیس درج نہیں کیا جائے گا اور جو کیس درج کئے گئے ہیں وہ واپس لئے جائیں گے۔پیر کو جاری کئے گئے  بیان میں سی جے پی نے الزام لگایا کہ حکومت نے’’کارروائی میں تاخیر کی، تکنیکی پیچیدگیوں کا بہانہ بنایا  اور واضح یقین دہانی   سے گریز کیا۔‘‘تنظیم نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ مرکز نےجس تحریری یقین دہانی کا وعدہ کیا تھا وہ بھی ایک ماہ گزر جانے کے باوجود فراہم نہیں کی گئی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK