Inquilab Logo Happiest Places to Work

دادا کونڈکے کی فلموں میں عام آدمی کو اپنی جھلک نظر آتی تھی

Updated: August 09, 2026, 12:02 PM IST | Mumbai

دادا کونڈکے کا اصل نام کرشن کونڈکے تھا۔ وہ۸؍ اگست ۱۹۳۲ء کو ممبئی میں پیدا ہوئے۔ ان کا خاندان بنیادی طور پر مہاراشٹر کے بھور علاقےکےانگاولی گاؤں سے تعلق رکھتا تھا، جبکہ دادا کی پرورش ممبئی کے نائیگاؤں علاقے میں ہوئی۔

Famous comedian Dada Kondake. Photo: INN
مشہور مزاحیہ اداکار دادا کونڈکے۔ تصویر: آئی این این

ہندوستانی سنیما کی تاریخ میں کامیڈی کی ایک پوری روایت ہے۔ اس روایت میں کئی فن کارآئے، کچھ نے شائستہ مزاح کے ذریعے لوگوں کو ہنسایا، کچھ نے اپنے جسمانی انداز سے مزاح پیدا کیا اور کچھ نے سماج کی کمزوریوں پر طنز کرکے ناظرین کو محظوظ کیا۔ لیکن کچھ فن کار ایسے بھی گزرے جنہوں نے مزاح کو محض تفریح نہیں رہنے دیا بلکہ اسے اپنی شناخت بنا لیا۔ مراٹھی سنیما کے عظیم مزاحیہ اداکار، فلم ساز اور مصنف دادا کونڈکے اسی قبیلے کے فن کار تھے۔

یہ بھی پڑھئے: دنیا کی ۵۷؍ فلمیں جنہوں نے ایک ارب ڈالر کا کاروبار کیا

دادا کونڈکے کا اصل نام کرشن کونڈکے تھا۔ وہ۸؍ اگست ۱۹۳۲ء کو ممبئی میں پیدا ہوئے۔ ان کا خاندان بنیادی طور پر مہاراشٹر کے بھور علاقےکےانگاولی گاؤں سے تعلق رکھتا تھا، جبکہ دادا کی پرورش ممبئی کے نائیگاؤں علاقے میں ہوئی۔ ان کا تعلق ایک متوسط طبقے کے محنت کش خاندان سے تھا۔ ان کے خاندان کا رشتہ مل ورکرز اور چال کی زندگی سے جڑا ہوا تھا۔ یہی وجہ تھی کہ دادا نے بچپن سے ہی عام آدمی کی زندگی، اس کی زبان، اس کی محرومیاں اور اس کے مزاح کو بہت قریب سے دیکھا۔ یہی عام آدمی آگے چل کر ان کے فن کا سب سے بڑا سرمایہ بنا۔ دادا کونڈکے کی زندگی کا آغاز کسی فلمی گھرانے کے چشم و چراغ کی طرح نہیں ہوا تھا۔ وہ ابتدا میں عام زندگی کی جدوجہد سے گزرے۔ انہوں نے ایک مقامی ریٹیل چین میں بھی کام کیا۔ زندگی نے انہیں بہت جلد کئی صدمے دیے اور والدین کے انتقال کے بعد حالات نے انہیں مزید مضبوط بنایا۔ ان کی طبیعت میں شروع سے ہی شوخی اور شرارت تھی، لیکن زندگی کی سختیوں نے ان کے مزاح کو ایک خاص رنگ دے دیا۔ وہ لوگوں کو ہنسانے کو اپنی زندگی کا راستہ بنانے لگے۔ فلمی دنیا میں قدم رکھنے سے پہلے دادا کونڈکے نے تھیٹر اور اسٹیج پر اپنی جگہ بنائی۔ وہ ایک میوزیکل بینڈسے بھی وابستہ رہے اور بعد میں مراٹھی تھیٹرسے جڑ گئے۔ مہاراشٹر کے مختلف علاقوں میں اسٹیج پروگرام اور ڈرامے کرتے ہوئے انہیں عام لوگوں کے مزاج کو سمجھنے کا موقع ملا۔ یہ تجربہ آگے چل کر ان کے فلمی کریئرمیں بے حد کام آیا۔ انہیں معلوم ہوگیا تھا کہ دیہات، قصبوں اور چھوٹے شہروں کا ناظر کس طرح کامزاح پسند کرتا ہے اور کن باتوں پر پورا تھیٹر قہقہوں سے گونج اٹھتا ہے۔ ۱۹۶۹ءمیں انہیں بھال جی پینڈھارکر کی فلم ’تنبڑی ماٹی‘میں کام کرنے کا موقع ملا۔ یہ فلم بعد میں مراٹھی زبان کی بہترین فیچر فلم کا قومی فلم ایوارڈحاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔ لیکن دادا کی اصل پہچان بطور فلمساز اور مرکزی اداکار ۱۹۷۱ءمیں بننے والی ’’سونگڈیا‘‘ سے قائم ہوئی۔ دادا کونڈکے کی مقبولیت کا سب سے بڑا ثبوت ان کا گنیز ورلڈ ریکارڈ ہے۔ ان کی ۹؍فلموں نے مسلسل سلور جوبلی حاصل کی، یعنی ہر فلم کم از کم ۲۵؍ ہفتوں تک سینما گھروں میں چلتی رہی۔ اسی غیر معمولی ریکارڈ کی وجہ سے ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں درج ہوا۔ دادا کونڈکے صرف اداکار نہیں تھے۔ وہ پروڈیوسر، ہدایت کار، مصنف اور نغمہ نگار بھی تھے۔ ’سونگڈیا‘ سے شروع ہونے والا ان کا فلم سازی کا سفر آگے بڑھتا گیا اور انہوں نے اپنی فلموں کے ذریعے ایک ایسا نظام قائم کیا جس میں ان کی اپنی تخلیقی سوچ نمایاں رہتی تھی۔ ان کی فلموں میں بار بار وہی ٹیم، وہی عوامی زبان اور وہی مخصوص مزاح دکھائی دیتا تھا، اس کے باوجود ناظرین انہیں دیکھنے کیلئے سینما گھروں کا رخ کرتے رہے۔ سب کو ہنسانے والا یہ اداکار ۱۴؍مارچ ۱۹۹۸ءکو سب کوروتا چھوڑ گیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK