کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ کشادہ فٹ اوور بریج کا استعمال کم کیا جا رہا ہے۔
EPAPER
Updated: August 09, 2026, 12:57 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan
کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ کشادہ فٹ اوور بریج کا استعمال کم کیا جا رہا ہے۔
کلیان ریلوے اسٹیشن سینٹرل ریلوے کا ایک اہم جنکشن ہونے کے باعث یہاں سے مضافاتی ٹرینوں کے علاوہ طویل فاصلے کی متعدد ٹرینیں بھی گزرتی اور رکتی ہیں۔ مسافروں کی سہولت کے لئے اسٹیشن کے کرجت سمت میں ۱۷؍ کروڑ روپے کی لاگت سے ایک کشادہ فٹ اوور برج تعمیر کیا گیا ہے لیکن حیرت انگیز طور پر اس بریج کا استعمال مسافروں اور پیدل چلنے والوں کی جانب سے انتہائی کم کیا جا رہا ہے۔ نتیجتاً مسافروں کا تمام تر بوجھ اب بھی پرانے پلوں پر ہی موجود ہے۔ کلیان اسٹیشن پر ممبئی کی سمت ایک پرانا فٹ اوور بریج اور کرجت کی سمت بھی ایک قدیم پل موجود ہے۔ ان دونوں پلوں کے درمیان ریلوے انتظامیہ نے مسافروں کی سہولت کے لئے چند سال قبل ایک وسیع و عریض نیا فٹ اوور بریج تعمیر کیا تھا۔ اس بریج پر ایسکلیٹر کی سہولت بھی دستیاب ہے اور یہاں سے اسٹیشن کے تمام ۸؍ پلیٹ فارم تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مسافروں کی بڑی تعداد درمیانی حصے میں واقع اس بریج کا استعمال کرتی ہے۔ دوسری جانب کرجت سمت موجود پرانے فٹ اوور بریج سے پلیٹ فارم نمبر ایک (اے) تک رسائی ممکن نہیں جبکہ دیگر ۷؍ پلیٹ فارم تک پہنچا جاسکتا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر ریلوے انتظامیہ نے کرجت سمت ۱۷؍ کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ کرکے ایک نیا اور کشادہ فٹ اوور بریج تعمیر کیا ہے لیکن بھاری رقم خرچ ہونے کے باوجود اس کا استعمال توقع کے مطابق نہیں ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: پوترپورٹل کی سست رفتاری سےاُمیدواروں کو فارم بھرنے میں دشواری
عیاں رہے کہ کلیان ریلوے اسٹیشن اور اس کے اطراف کا علاقہ اسمارٹ سٹی منصوبے کے تحت ڈیولپ ہورہا ہے۔ اسی منصوبے کے تحت کلیان بیل بازار سے نیتاجی سبھاش چندر بوس چوک تک ایک وسیع فلائی اوور تعمیر کیا جا رہا ہے۔ فلائی اوور کی تعمیر کے باعث اسٹیشن علاقے کے اسکائی واک کا ایک حصہ منہدم کیا گیا ہے۔ اس حصے کے منہدم ہونے سے کرجت سمت موجود پرانے فٹ اوور بریج کو اسکائی واک سے براہِ راست ملنے والی سہولت بھی ختم ہو گئی ہے اور مذکورہ راستے کو لوہے کی چادریں لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر ریلوے انتظامیہ نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ نئے کشادہ فٹ اوور بریج کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔ اس پل کی ایک اہم خصوصیت یہ بھی ہے کہ کلیان مشرق سے سڑک کے ذریعے براہ راست فٹ اوور بریج کی لفٹ کے قریب تک پہنچا جا سکتا ہے جس سے مسافروں کو آمدورفت میں مزید سہولت حاصل ہوگی۔