کانگریس لیڈران نے ایک ہی دن میں ۸؍شہروں میں پریس کانفرنس کی ، الزام لگایا کہ رام کے نام پر آر ایس ایس اور بی جے پی نے کئی جرائم کئے۔
لکھنؤ میں پریس کانفرنس کے دوران اجئے رائے دائیں اور مائیک تھامے دپیندر ہڈا دیکھے جاسکتے ہیں-تصویر:آئی این این
رام مندر چندے کی چوری میں بی جے پی اورآر ایس ایس کو جوابدہ بنانے کیلئے کانگریس نے جمعہ سے ملک گیر پریس کانفرنس کا سلسلہ شروع کیا ہے ۔ کانگریس نے اعلان کیا ہوا ہے کہ۱۲؍ جولائی تک ۵۰؍ سے زائد پریس کانفرنسیں کی جائیں گی اور بی جے پی اور آر ایس ایس کو ملک کے عوام سے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔ کانگریس لیڈروں نے بی جے پی وآر ایس ایس پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں نے ہی شری رام کے نام پر اور ہندو مذہب کے نام پر بہت سے جرائم کئےہیں۔ مندر کی تعمیر کے بعد سے پچھلے کچھ سال میں لوٹ مارغیر معمولی طور پر ہورہی ہے۔ وزیر اعظم، بی جے پی، آر ایس ایس، وشو ہندو پریشد اور سنگھ پریوار کی دیگر تنظیموں نے رام مندرکی تعمیر اور رام للا کی مورتی کی تنصیب کا پورا کریڈٹ لیا۔ رام مندر میں جو لوٹ مار ہوئی، اس کی ذمہ داری بھی انہیں لینی ہوگی ۔پارٹی نے اس مطالبہ کااعادہ کیا کہ موجودہ رام مندر ٹرسٹ کو تحلیل کر کے اس کی تشکیل نو کی جائے۔چمپت رائے کو فوری گرفتار کرکے اس معاملے کی سپریم کورٹ کی نگرانی میں تحقیقات کی جائے۔
اس سلسلہ میں جمعہ کو جموں میں کانگریس لیڈر پون کھیڑا ، چنڈی گڑھ( ہریانہ) میں شکتی سنگھ گوہل،لکھنؤ میں دپیندر ہڈا، اندور میں ہریش چودھری، چنئی میں راجیو گوڑا، چنڈی گڑھ میں سپریہ شرینیت، کانپور میں پپو یادو اور کوئمبٹور میں پلم راجو نے پریس کانفرنسیں کیں۔ کانگریس لیڈروں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پررام مندر کی تعمیرکی گئی لیکن اس کا سہرا اپنے سر باندھنے میں نریندر مودی سب سے آگے تھے، ’پر ان پرتشٹھا‘ میں بھی ساری توجہ خود پر مرکوز رکھی، لیکن جب عطیات کی چوری جیسا سنگین جرم سرزد ہوا تو وزیر اعظم مودی چھوٹے ملازمین کو آگے کرکے خود پیچھے ہٹ گئے۔ کانگریس لیڈروںنے کہا کہ اس چوری سے ہندو انتہائی برہم ہیں اور یہ ان کے عقیدہ پر براہ راست حملہ ہے۔ چنڈی گڑھ میں پریس کانفرنس میں سپریہ شرینیت نے کہا کہ بی جے پی ،آر ایس ایس نے عطیات چرانے کا سنگین گناہ کیا ۔ یہ لوگ مندر کے ٹرسٹ کے انتظام میں شامل تھے اور منہ میں رام بغل میں چھری رکھنے کا کام کیا۔ان لوگوں نے ۴۰؍ دنوں میں ۷۰؍ بار مندر کے عطیات کی چوری کی اور غزنوی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ایسے خود ساختہ ہندوتوا کےٹھیکیدار ہمارے مذہب پر دھبہ ہیں۔ کانپور میں پپو یادو نے سوال کیا کہ بڑے مندروں پرآر ایس ایس، بی جے پی اور کارپوریٹ کا کنٹرول کیوں ہیں؟ جب وزیر اعظم مودی کی نگرانی میں رام مندر ٹرسٹ بنایا گیا تھا، تو عطیات کی چوری کی ذمہ داری کون لے گا؟
چندہ چوری معاملے پر ۱۳؍جولائی کو سپریم کورٹ میں سماعت
رام مندر میں چڑھاوا/عطیات کی چوری کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا ہے جہاں متعدد درخواستوں میں اس معاملہ کی آزادانہ اور طے شدہ وقت میں جانچ کا مطالبہ کیا گیا ہے۔اس معاملہ کی ۱۳؍جولائی کوسپریم کورٹ میںسی جی آئی سوریہ کانت اور جسٹس جویمالیہ باغچی پر مشتمل بنچ سماعت کرے گی۔درخواستوں میں عدالت کی نگرانی میںسی بی آئی سے رام جنم بھومی تیرتھ ٹرسٹ میں مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ۔عرضی گزاروں نےفارینسک آڈٹ کا بھی مطالبہ کیا۔ایک عرضی گزارنے درخواست میں ٹرسٹ کے مالیات کی کیگ آڈٹ کا مطالبہ کیا ہے۔