Updated: November 08, 2025, 8:05 PM IST
| Mumbai
دپیکا پڈوکون نے سی این بی سی گلوبل لیڈرشپ سمٹ میں شرکت کے دوران اپنے کریئر کے ابتدائی دنوں، فلم انڈسٹری میں تنقید، اور عالمی سطح پر اپنی نمائندگی کے سفر پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ جب وہ انڈسٹری میں آئیں تو ان کی آواز اور لہجے کا مذاق اڑایا جاتا تھا، لیکن آج وہی آواز میٹا اے آئی کی عالمی آواز بن گئی ہے۔
دیپیکا پڈوکون۔ تصویر: آئی این این
دپیکا پڈوکون نے حال ہی میں سی این بی سی گلوبل لیڈرشپ سمٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے کریئر، شناخت اور عالمی نمائندگی پر کھل کر بات کی۔ گفتگو کے دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ اپنے ابتدائی دنوں میں ان کی آواز اور لہجے کا مذاق اڑایا گیا تھا، لیکن آج وہی ان کی کامیابی کی پہچان بن چکا ہے۔ دپیکا نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’’میں وہ شخص ہوں جس کی آواز کا اس وقت مذاق اڑایا گیا تھا جب انڈسٹری میں داخل ہوئی۔ اور اب، میں میٹا اے آئی AI کی آواز ہوں۔ میرا لہجہ میرا فخر ہے، اور میں اس کی مالک ہوں۔‘‘
اداکارہ نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کے امکانات سے پرجوش ہیں، لیکن انہیں یقین ہے کہ اے آئی انسانی جذبات کی جگہ نہیں لے سکتا۔انہوں نے کہا کہ ’’اے آئی بہت کچھ بدل سکتا ہے، لیکن انسانی روح اور احساسات کو کبھی نہیں۔ یہی وہ چیز ہے جو ہمیں انسان بناتی ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: فیملی مین ۳؍ کا ٹریلر جاری، منوج باجپئی اس سیریز میں مطلوب ہوں گے
مساوات اور خاموش جدوجہد پر گفتگو
دپیکا پڈوکون نے حال ہی میں بالی ووڈ میں کام کے حالات اور مساوی تنخواہ پر بھی بات کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ اپنی لڑائیاں خاموشی سے لڑتی آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں نے یہ کئی سطحوں پر کیا ہے۔ میرے لئے یہ کوئی نئی بات نہیں۔ میں خاموشی سے اپنی لڑائیاں لڑتی ہوں، چاہے وہ تنخواہ کی بات ہو یا عزت کی۔‘‘
عالمی سطح پر ہندوستان کی نمائندگی
اداکارہ نے کہا کہ ان کے بین الاقوامی کریئر کی بنیاد ایک شعوری فیصلے پر رکھی گئی وہ ہندوستان کو اپنے طریقے سے دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں دنیا کو وہ ہندوستان دکھانا چاہتی ہوں جسے میں جانتی ہوں، نہ کہ وہ جو دنیا دیکھنا چاہتی ہے۔ میں نے کاسٹنگ، لہجے اور جلد کے رنگ پر تبصروں جیسے تعصبات کا سامنا کیا، لیکن ہمیشہ اپنی شرائط پر کام کیا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ مغرب میں اکثر ہندوستان کے بارے میں ایک محدود خیال پایا جاتا ہے، جو حقیقت سے بہت مختلف ہے۔میںنے ہمیشہ اپنے ملک کی نمائندگی فخر کے ساتھ کی، چاہے وہ وقت زیادہ لے، لیکن میں نے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔
یہ بھی پڑھئے:گوا میں ۲۰؍نومبر سے انڈیا انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کا آغاز
بین الاقوامی کامیابیاں
دپیکا نے ۲۰۱۷ء میں ون ڈیزل کے ساتھ ہالی ووڈ فلم ’’ڈرپل ایکس: دی ریٹرن آف زینڈر کیج‘‘ سے عالمی سنیما کی دنیا میں قدم رکھا۔ اس کے بعد وہ کانز فلم فیسٹیول کی جیوری میں شامل ہوئیں، فیفا ورلڈ کپ فائنل میں ٹرافی کی نقاب کشائی کی، اور لوئی ویتون اور کارٹیئر جیسے عالمی برانڈز کی نمائندہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ لاس اینجلس میں اپنے چہرے کو لوئی ویتون کے بل بورڈ پر دیکھ کر انہیں ہر ہندوستانی عورت کیلئے فخر محسوس ہوا۔
مستقبل کے پروجیکٹ
دپیکا جلد ہی شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’’کنگ‘‘ میں نظر آئیں گی، جس کی شوٹنگ جاری ہے۔اس کے علاوہ وہ ہدایتکار ایٹلی اور اداکار اللو ارجن کے ساتھ ایک بلا عنوان پروجیکٹ پر بھی کام کر رہی ہیں۔