Updated: November 08, 2025, 8:04 PM IST
| Washington
دنیا کے مشہور کافی برانڈ اسٹاربکس نے رواں سال اپنے کرسمس کلیکشن میں ایک نیا ’’بیئرستا‘‘ Bearista کپ متعارف کرایا جو تقریباً ۳۰؍ ڈالر کا ہے۔ امریکہ بھر میں مداحوں نے اسے حاصل کرنے کیلئے صبح ۴؍ بجے سے اسٹورز کے باہر قطاریں لگائیں جبکہ محدود اسٹاک کے باعث جھگڑوں اور ہنگاموں کے ویڈیوز وائرل ہوئے۔
دنیا کے مشہور کافی برانڈ اسٹاربکس کی جانب سے لانچ کئے گئے نئے ’’بیئرستا کپ‘‘ Bearista Cup کی صارفین میں اس قدر دیوانگی ہے کہ اسٹورز پر ہنگامہ آرائی اور جھگڑوں کی نوبت آ گئی۔ یہ کپ چھٹیوں کے کلیکشن کا حصہ ہے جو ۶؍ نومبر ۲۰۲۵ء سے فروخت کیلئے دستیاب ہے۔ تقریباً ۳۰؍ ڈالر (۲۶۵۹؍ روپے) کا یہ ٹیڈی بیئر ڈیزائن والا شیشے کا کپ صرف چند گھنٹوں میں اسٹورز سے ختم ہو گیا، اور سوشل میڈیا پر ’’اسٹاربکس کب کیوس‘‘ کے نام سے ٹرینڈ کرنے لگا۔
مداحوں کی دیوانگی: صبح ۴؍ بجے سے لمبی قطاریں
امریکہ بھر میں اسٹاربکس اسٹورز کے باہر صبح ۴؍ بجے سے صارفین قطار میں کھڑے ہو گئے تاکہ یہ کپ حاصل کر سکیں۔ محدود تعداد میں دستیاب ہونے کی وجہ سے یہ چند منٹوں میں فروخت ہو گیا، جس کے بعد کئی صارفین نے جھگڑوں، تلخ کلامی اور دھکم پیل کی ویڈیوز پوسٹ کیں۔ کچھ صارفین نے طنزیہ تبصرے کئے کہ ایک کپ کیلئے ایسی دیوانگی ’’صارف کلچر‘‘ کی حدوں کو ظاہر کرتی ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’’اسٹاربکس نے ۳۰؍ ڈالر کے کپ کو آدھی رات کی لڑائی میں بدل دیا، کیفین کے دیوانوں کو ہتھیار بنانے پر مبارکباد!‘‘
یہ بھی پڑھئے: کولنز ڈکشنری نے ’’وائب کوڈنگ‘‘ کو ’’ورڈ آف دی ایئر‘‘ قرار دیا
قیمت پر تنقید: کپ کم، اجرت زیادہ!
کپ کی قیمت پر بھی سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی۔ کچھ صارفین نے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ ۳۰؍ ڈالر کا یہ کپ امریکہ کی کم از کم فی گھنٹہ اجرت (۲۵ء۷؍ ڈالر) سے بھی زیادہ مہنگا ہے۔ایک صارف نے طنزاً لکھا کہ ’’ایک بیئرستا کپ خریدنے کیلئےچار گھنٹے کام کرنا پڑے گا، اور پھر بھی شاید اسٹاک ختم ہو جائے!‘‘
سوشل میڈیا پر FOMO کلچر کی بحث
یہ واقعہ صرف خریداری تک محدود نہیں رہا بلکہ صارفین کے درمیان ’’فومو‘‘ (Fear of Missing Out) پر گہری بحث کا باعث بنا۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’’یہ پاگل پن ہے کہ ایک چھوٹی سی چیز، جیسے ایک کپ، اتنی بڑی افراتفری پیدا کر سکتی ہے۔ لوگ اب نایاب چیزوں کے مالک ہونے کو خوشی کے مترادف سمجھنے لگے ہیں۔‘‘ ایک اور صارف نے کہا کہ ’’اسٹاربکس نے یہ ثابت کر دیا کہ FOMO ماڈل اب بھی بہترین کام کرتا ہے۔ مگر کمپنی کو اس اچانک مانگ میں اضافے کیلئے بہتر منصوبہ بندی کرنی چاہئے تھی۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: چین نے امریکی زرعی اجناس کی محدود خریداری شروع کردی
برانڈ کی معافی
ہنگاموں اور وائرل ویڈیوز کے بعد اسٹاربکس نے باضابطہ معافی نامہ جاری کیا۔ کمپنی کے ترجمان نے نیویارک پوسٹ کو بتایا کہ ’’ہمارے ’’بیئرستا‘‘ کپ کیلئے جوش و خروش ہماری توقعات سے کہیں زیادہ تھا۔ ہم نے دیگر مصنوعات کے مقابلے زیادہ اسٹاک بھیجا، لیکن یہ جلد ہی فروخت ہو گیا۔ ہم ان صارفین سے معذرت خواہ ہیں جو اسے حاصل نہ کر سکے۔‘‘ اگرچہ کمپنی نے ری اسٹاکنگ کا کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا، مگر توقع ہے کہ چھٹیوں کے سیزن میں محدود مقدار میں یہ دوبارہ دستیاب ہو سکتا ہے۔
انٹرنیٹ کی رائے
کئی صارفین نے اس واقعے کو ’’ایک نیا ثقافتی رجحان‘‘ قرار دیا، جیسے پہلے بیئنی بیبیز، محدود ایڈیشن اسنیکرز یا اسٹینلی کپس کے ساتھ دیکھا گیا تھا۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’’یہ صرف ایک کپ نہیں، بلکہ جدید صارف کلچر کی تصویر ہے جہاں کمی اور شہرت مل کر جنون پیدا کرتی ہیں۔‘‘