• Sun, 27 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پی وی سندھو اور انتی ہڈا کی شکست، ایشین گیمز میں ہندوستان کی بیڈمنٹن مہم ختم

Updated: September 27, 2026, 4:02 PM IST | New Delhi

آئچینومیا سٹی میونسپل جمنازیم میں عالمی رینکنگ میں ۱۱؍ویں مقام پر موجود سندھو کو چین کی عالمی نمبر چار اور ٹوکیو ۲۰۲۰ء اولمپکس کی چیمپئن چن یوفئی نے۲۱۔۱۱، ۱۸۔۲۱، ۱۰۔۲۱؍ سے شکست دی۔

P V Sindhu.Photo:X
پی وی سندھو۔ تصویر:ایکس

ایشین گیمز ۲۰۲۶ء میں اتوار کو خواتین کے کوارٹر فائنل میں پی وی سندھو اور انتی ہڈا کو سخت مقابلے کے بعد شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے ساتھ ہی ہندوستان کی بیڈمنٹن مہم ختم ہوگئی۔ آئچینومیا سٹی میونسپل جمنازیم میں عالمی رینکنگ میں ۱۱؍ویں مقام پر موجود سندھو کو چین کی عالمی نمبر چار اور ٹوکیو ۲۰۲۰ء اولمپکس کی چیمپئن چن یوفئی نے۲۱۔۱۱، ۱۸۔۲۱، ۱۰۔۲۱؍  سے شکست دی۔


سندھو نے چن یوفئی کے خلاف شاندار آغاز کرتے ہوئے ۲۔۷؍ کی برتری حاصل کی اور وقفے تک۸۔۱۱؍ سے آگے رہیں۔ وقفے کے بعد بھی انہوں نے کھیل پر گرفت برقرار رکھتے ہوئے پہلا گیم جیت لیا۔ چن یوفئی نے دوسرے گیم میں واپسی کرتے ہوئے ۴۔۸؍ کی برتری حاصل کی، لیکن سندھو نے مقابلہ کرتے ہوئے وقفے تک ۱۰۔۱۱؍کی برتری حاصل کرلی۔ تاہم چن یوفئی نے دوبارہ کھیل پر کنٹرول حاصل کیا اور دوسرا گیم جیت کر مقابلے کو فیصلہ کن گیم تک پہنچا دیا، جسے انہوں نے آسانی سے جیت لیا۔ اس شکست کے ساتھ ہی جکارتہ ۲۰۱۸ء میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی سندھو کا ایشین گیمز میں خواتین کے سنگلز کا دوسرا تمغہ جیتنے کا خواب بھی ٹوٹ گیا۔

یہ بھی پڑھئے:’’مسلسل سیکھتے ہوئے اداکاری کو بہتر بنانا ہی میرا ہدف ہے‘‘

اس سے قبل انتی ہڈا نے جاپان کی عالمی نمبر تین اکانے یاماگوچی کو سخت ٹکر دی، لیکن انہیں۱۶۔۲۱، ۲۱۔۱۴، ۱۷۔۲۱؍ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے ساتھ ہی ایشین گیمز میں ان کا پہلا تمغہ جیتنے کا خواب بھی پورا نہ ہوسکا۔ ۲۴؍ویں رینکنگ والی ہندوستانی کھلاڑی نے پہلا گیم ہارنے کے بعد دوسرے گیم میں شاندار واپسی کی اور مقابلے کو فیصلہ کن گیم تک پہنچا دیا، لیکن یاماگوچی نے تیسرے گیم میں وقفے تک۸۔۱۱؍ کی برتری حاصل کرنے کے بعد میچ اپنے نام کرلیا۔ یاماگوچی تین بار کی عالمی چیمپئن اور سابق عالمی نمبر ایک ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:عالمی یومِ سیاحت: سفر ایک ایسا استاد ہے جو کلاس روم سے باہر نکل کر سبق دیتا ہے

خواتین کے ڈبلز کے کوارٹر فائنل میں ٹریسا جولی اور گایتری گوپی چند کو ملائیشیا کی پرلی تان اور تھیناہ مرلی دھرن نے۱۸۔۲۱، ۹۔۲۱؍سے شکست دی۔ ٹریسا اور گایتری نے اس سے قبل جاپان کی عالمی نمبر تین جوڑی مایو ماتسوموتو اور یوکی فوکوشیما کو شکست دے کر آخری آٹھ میں جگہ بنائی تھی۔مکسڈ ڈبلز میں دھرو کپیلا اور تنیشا کراستو کو چین کی جوڑی فینگ یان ژے اور ہوانگ ڈونگ پنگ نے سخت مقابلے کے بعد ۱۴۔۲۱، ۲۱۔۱۸، ۱۸۔۲۱؍سے شکست دی۔ ایشین گیمز کے موجودہ ایڈیشن میں بیڈمنٹن میں ہندوستان کا واحد تمغہ مردوں کی ٹیم نے کانسی کی شکل میں جیتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK