Inquilab Logo

دیوآنند ۳۰؍روپے لے کر ممبئی آئے اور فلموں کے ذریعہ نام کمایا

Updated: September 26, 2023, 9:46 AM IST | Agency | Mumbai

ہندستانی سنیما میں تقریباً ۶؍دہائیوں تک مداحوں کے دلوں پر حکومت کرنے والے صدا بہار اداکار دیو آنند کواپنے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے سخت مشقت کرنی پڑی تھی۔

Dev Anand. Photo. INN
سدابہار اداکار دیو آنند۔ تصویر:آئی این این

ہندستانی سنیمامیں تقریباً ۶؍دہائیوں تک مداحوں کے دلوں پر حکومت کرنےوالے صدا بہار اداکار دیو آنند کواپنے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے سخت مشقت کرنی پڑی تھی۔ پنجاب کے گرداس پورمیں ۲۶؍ ستمبر ۱۹۲۳ء کو ایک متوسط گھرانے میں پیدا ہوئے دھرم دیو پشوری مل آنند عرف دیو آنندنے انگریزی ادب میں گریجویٹ کی تعلیم ۱۹۴۲ءمیں لاہورکےمشہورگورنمنٹ کالج سےمکمل کی۔دیو آننداس سے بھی آگےتعلیم حاصل کرنا چاہتے تھے لیکن ان کے والد نے صاف الفاظ میں کہہ دیاکہ ان کے پاس ان کو پڑھانے کیلئےپیسے نہیں ہیں اور اگر وہ آگے تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں تو وہ خود نوکری کریں۔
دیو آنند نےطے کیا کہ اگر نوکری ہی کرنی ہےتوکیوں نہ فلم انڈسٹری میں قسمت آزمائی جائے۔۱۹۴۳ءمیں اپنے خوابوں کی تعبیر کیلئے جب وہ ممبئی پہنچے، اس وقت ان کے پاس محض ۳۰؍روپے تھے اورممبئی میں ٹھہرنے کیلئےان کےپاس کوئی ٹھکانہ بھی نہ تھا۔ دیو آنند نے یہاں پہنچ کر ریلوے اسٹیشن کے قریب ہی ایک سستے سےہوٹل میں کمرہ کرائے پر لے لیا۔ اس کمرے میں ان کے ساتھ ۳؍ دیگر افراد بھی رہتے تھے، جو دیوآنند کی طرح فلم انڈسٹری میں اپنی شناخت بنانے کے لئے کوشش کررہے تھے۔
 بہت کوششوں کے بعدانہیں ملٹری سینسر آفس میں کلرک کی نوکری مل گئی۔یہاں انہیں فوجیوں کےخطوط پڑھنا ہوتا تھا۔ملٹری سینسرآفس میں دیو آنند کو۱۶۵؍ روپےتنخواہ ملتی تھی، جس میں سے وہ ۴۵؍روپےاپنےگھر خرچ کیلئے بھیجا کرتےتھے۔تقریباً ایک سال تک نوکری کرنے کے بعد وہ اپنے بڑے بھائی چیتن آنندکےپاس چلے گئے جو اس وقت ہندستانی ڈرامہ ایسوسی ایشن سے وابستہ تھے۔ انہوں نےدیو آنند کو اپنے ساتھ کام کرنے کا موقع دیااور دیو آنند نے چھوٹے موٹےکردار ادا کرنا شروع کردیئے۔
 ۱۹۴۵ءمیں فلم ’ہم ایک ہیں ‘ سے بطور فلم اداکاردیوآنندنےاپنےفلمی کرئیرکا آغاز کیا۔ ۱۹۴۸ء میں فلم ضدی دیو آنند کے فلمی کریئرکی پہلی ہٹ فلم ثابت ہوئی۔اس فلم کی کامیابی کے بعد انہوں نے فلم ڈائریکشن کے شعبے میں قدم رکھا اور نووکیتن بینر کی بنیاد ڈالی۔نووکیتن کے بینر تلے ۱۹۵۰ءمیں فلم افسربنائی اسکےبعد۱۹۵۱ءمیں انہوں نے فلم بازی بنائی۔دیوآنند نےہالی ووڈ کے تعاون سے ہندی اور انگریزی دونوں زبانوں میں فلم گائیڈ بنائی، جو دیو آنندکےفلمی کریئر کی پہلی رنگین فلم تھی۔ اس فلم کیلئےدیو آنندکوان کی عمدہ اداکاری کیلئے بہترین اداکارکے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔
دیو آنند کو اداکاری کے لئے۲؍مرتبہ فلم فیئر ایوارڈسےنوازا گیا۔۲۰۰۱ءمیں ایک طرف جہاں دیو آنند کو ہندستان کی جانب سے پدم بھوشن سے نوازا گیا وہیں ۲۰۰۲ءمیں ہندی سنیما میں بہترین خدمات کے پیش نظر انہیں دادا صاحب پھالکے ایوراڑسے سرفراز کیا گیا۔ اپنی فلموں سے ایک خاص پہنچان بنانے والایہ عظیم اداکار۳؍ دسمبر۲۰۱۱ءکو اس دنیا سے رخصت ہوگیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK