Updated: March 01, 2026, 5:05 PM IST
| Chennai
چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) اتوار ( یکم مارچ) سے اپنی آئی پی ایل کی تیاریاں شروع کرے گی۔ مینجمنٹ نے تصدیق کی ہے کہ اگلے ۲۴؍ گھنٹوں میں ایک کیمپ شروع ہوگا جس میں تمام ہندوستانی کھلاڑی اکٹھے ہوں گے۔ سی ایس کے کے اسٹار کھلاڑی ایم ایس دھونی بھی اس کیمپ کا حصہ ہوں گے۔
ایم ایس دھونی۔ تصویر:آئی این این
فرنچائز کے سی ای او کاشی وشوناتھَن نے ہفتہ (۲۸؍ فروری) کے روز کرک بز سے گفتگو میں کہا کہ ہاں، میں تصدیق کر سکتا ہوں کہ ہمارا کیمپ کل شروع ہوگا اور ایم ایس بھی اس میں شامل ہوں گے۔ ہمیں امید ہے کہ اتوار تک تمام کھلاڑی یہاں پہنچ جائیں گے۔ انہوں نے پہلے ہی واضح کر دیا تھا کہ دھونی آنے والے سیزن میں ایک کھلاڑی کے طور پر نظر آئیں گے۔
تقریباً ۱۵؍ ہندوستانی کھلاڑی چنئی میں فرنچائز کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں منعقد ہونے والے تیاری کیمپ میں شرکت کریں گے۔ سنجو سیمسن اور شیوم دوبے جیسے ہندوستانی انٹرنیشنل کھلاڑی، جو اس وقت ہندوستانی ٹیم کا حصہ ہیں اور ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کھیل رہے ہیں، اس بڑے ایونٹ کے اختتام کے بعد کیمپ میں شامل ہوں گے۔ شریاس گوپال، جو حال ہی میں ختم ہونے والے رنجی ٹرافی فائنل میں کرناٹک ٹیم کا حصہ تھے، وہ بھی کچھ تاخیر سے رپورٹ کریں گے۔
ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ ۸؍ مارچ کو اختتام پذیر ہوگا، جس کے بعد یہ کھلاڑی ٹیم سے جڑیں گے۔ ساتھ ہی فرنچائز کے چند غیر ملکی کھلاڑی اور کوچنگ اسٹاف بھی شامل ہوں گے۔ فی الحال کیمپ کی نگرانی اسسٹنٹ کوچ شری دھرن شری رام اور راجیو کمار کریں گے۔
یہ بھی پڑھئے:این شری چرنی ون ڈے میں سب سے مہنگا اسپیل ڈالنے والی بھارتی بولر بنیں
مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔ اس بات کا انحصار حالات کی پیش رفت پر ہوگا کہ وہ کب اور کیسے سیزن کے لیے دستیاب ہو سکیں گے۔ سیزن کے مکمل شیڈول کے بارے میں فی الحال کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’’لَو اینڈ وار‘‘ کا اصل بجٹ سامنے آیا
ذرائع کے مطابق، آئی پی ایل ۲۸؍ مارچ کو شروع ہو سکتا ہے کیونکہ بی سی سی آئی پہلے سے طے شدہ تاریخ ۲۶؍ مارچ ۲۰۲۶ءسے دو دن تاخیر سے سیزن شروع کرنے پر غور کر رہا ہے۔ تاہم، باقاعدہ شیڈول کا اعلان اگلے ہفتے کسی بھی وقت متوقع ہے۔