Inquilab Logo Happiest Places to Work

میرا روڈ میں مراٹھی زبان پر تنازع۔ ایم این ایس کی مداخلت

Updated: August 25, 2026, 11:28 AM IST | Sajid Mahmood Sheikh | Mumbai

یہاں کے پیناکولا مہاڈا سوسائٹی علاقے میں مراٹھی زبان کے معاملے پر ماحول اس وقت کشیدہ ہو گیا جب مہاراشٹر نو نرمان سینا (ایم این ایس) کارکنوں نے مراٹھی زبان کی لازمی شرط کے خلاف احتجاج کرنے والے غیر مراٹھی آٹو رکشا ڈرائیوروں کی مخالفت کی۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

یہاں کے پیناکولا مہاڈا سوسائٹی علاقے میں مراٹھی زبان کے معاملے پر ماحول اس وقت کشیدہ ہو گیا جب مہاراشٹر نو نرمان سینا (ایم این ایس) کارکنوں نے مراٹھی زبان کی لازمی شرط کے خلاف احتجاج کرنے والے غیر مراٹھی آٹو رکشا ڈرائیوروں کی مخالفت کی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ٹریفک پولیس اور آر ٹی او حکام نے موقع پر پہنچ کر قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے ۲۵ ؍آٹو رکشوں پر کارروائی کرتے ہوئے جرمانہ عائد کیا۔ 

اطلاعات کے مطابق ریاست میں آٹو پرمٹ کیلئے مراٹھی زبان کی شرط کے خلاف کچھ غیر مراٹھی آٹو ڈرائیوروں نے میرا روڈ کی مہاڈا سوسائٹی کے قریب احتجاج شروع کیا اور الزام ہے کہ وہ مسافروں کو گاڑیوں سے اترنے پر مجبور کر رہے تھے۔ اس بات کی خبر ملتے ہی ایم این ایس کے عہدیدار سچن پوپھلے پارٹی کارکنوں کے ساتھ وہاں پہنچ گئے۔ ایم این ایس لیڈران نے احتجاج کو ختم کرواتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹر میں رہتے ہوئے مراٹھی زبان کا احترام کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے اور زبان کی مخالفت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ 

یہ بھی پڑھئے: غزہ جنگ بندی کے ۳۱۵؍ دن میں ۴۳۷۹؍ اسرائیلی خلاف ورزیاں

معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے آر ٹی او اور ٹریفک پولیس کی ٹیموں نے فوری کارروائی شروع کی۔ آر ٹی او حکام نے واضح کیا کہ مسافروں کے ساتھ بدسلوکی کرنے اور انہیں بیچ سڑک پر اتارنے والے ڈرائیوروں کے لائسنس اور پرمٹ منسوخ کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ نو پارکنگ اور دیگر قوانین کی خلاف ورزی پر ۲۵ ؍ کے قریب رکشوں کے چالان کاٹے گئے۔ 

دوسری جانب آٹو ڈرائیوروں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اپنا موقف پیش کیا۔ ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ وہ مراٹھی سیکھنے کے خلاف نہیں ہیں لیکن انہیں زبان سیکھنے اور امتحان کی تیاری کیلئے کم از کم ۵ ؍ سے ۶ ؍مہینے کا مزید وقت دیا جانا چاہئے۔ ڈرائیوروں نے شکایت کی کہ جگہ جگہ کارروائیوں اور چالان کے باعث ان کیلئے روزی روٹی کمانا اور گاڑیوں کی قسطیں ادا کرنا انتہائی دشوار ہو گیا ہے۔ فی الوقت پولیس اور ٹریفک محکمہ کی بروقت مداخلت سے علاقے میں صورتحال قابو میں ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ’’ظہران ممدانی کوئی اینٹی نیشنل نہیں کہ میں ان سے مل نہیں سکتا‘‘

مراٹھی زبان کے ٹیسٹ کیلئے آر ٹی او کےسخت رویے پر میرابھائندر کے رکشا ڈرائیوروں کا احتجاج

دریں اثناءمیرا بھائندر علاقے میں آٹو رکشا ڈرائیوروں اور آر ٹی او کے درمیان مراٹھی زبان کے ٹیسٹ پر تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔ رکشہ ڈرائیوروں کا الزام ہے کہ آر ٹی او حکام ٹیسٹ کے دوران ان کے ساتھ سخت رویہ اختیار کر رہے ہیں اور نصاب سے ہٹ کر سوالات پوچھ رہے ہیں۔ 

اس حوالے سے ایک رکشا ڈرائیور نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ’’ہمیں انتظامیہ کی جانب سے جو ۱۶؍ جملے سکھائے گئے تھے، ہم وہی بتا سکتے ہیں لیکن آر ٹی او والے کلاس میں سکھائے گئے سوالات پوچھنے کے بجائے مکمل اور روانی سے مراٹھی بولنے کا مطالبہ کر رہے ہیں جو ہمارے لئے ایکدم ممکن نہیں ہے۔ ‘‘ڈرائیوروں کا مزید کہنا ہے کہ رکشا میں بیٹھنے والوں کی اکثریت ہندی بھاشی مسافروں کی ہوتی ہے جس کی وجہ سے انہیں روزمرہ کی زندگی میں مراٹھی بولنے کا موقع نہیں ملتا۔ ان کایہ بھی کہنا ہے کہ جو ڈرائیور پڑھے لکھے نہیں ہیں، وہ اتنی جلدی زبان پر عبور کیسے حاصل کر سکتے ہیں ؟ انتظامیہ کو چاہئےکہ وہ ہمیں مزید وقت دے تاکہ ہم آہستہ آہستہ مراٹھی زبان سیکھ سکیں۔ ‘‘

آٹو رکشا ڈرائیوروں نے آر ٹی او کے اس سخت رویے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے ساتھ انصاف کیا جائے اور ٹیسٹ کو آسان بنایا جائے تاکہ ان کی روزی روٹی پر اثر نہ پڑے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK