Inquilab Logo

ڈریم گرل ہیما مالنی اداکاری کےساتھ فلم ساز بھی ہیں

Updated: October 17, 2023, 10:30 AM IST | Agency | Mumbai

۱۶؍اکتوبر۱۹۴۸ءکو امان کنڈی، تمل ناڈو میں پیدا ہوئیں ہیما مالنی کی والدہ جیا چکرورتی ایک فلم پروڈیوسرتھیں۔ ہیما نے اپنی ابتدائی تعلیم چنئی سےمکمل کی۔

Hema Malini. Photo: INN
ہیما مالنی۔ تصویر:آئی این این

۱۶؍اکتوبر۱۹۴۸ءکو امان کنڈی، تمل ناڈو میں پیدا ہوئیں ہیما مالنی کی والدہ جیا چکرورتی ایک فلم پروڈیوسرتھیں۔ ہیما نے اپنی ابتدائی تعلیم چنئی سےمکمل کی۔۱۹۶۱ءمیں ہیما مالنی کو ایک مختصر ڈرامے پانڈو ونواسم میں بطور ڈانسر کام کرنے کا موقع ملا۔۱۹۶۸ءمیں ہیما مالنی کو پہلی بار راج کپور کےساتھ سپنوں کا سوداگر میں کام کرنے کا موقع ملا۔فلم کی پروموشن کے دوران ہیما مالنی کو ڈریم گرل کےطور پرپروموٹ کیا گیا۔ بدقسمتی سے یہ فلم باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئی لیکن بطور اداکارہ ہیما مالنی کو ناظرین نے پسند کیا۔
 ہیمامالنی کو پہلی کامیابی۱۹۷۰ءمیں ریلیز ہونےوالی فلم جانی میرا نام سےملی۔ اس میں ان کےساتھ اداکار دیوآنند مرکزی کردار میں تھے۔ فلم میں ہیما اور دیوآنند کی جوڑی کو شائقین نے بے حدسراہا اور فلم سپرہٹ رہی۔ اس کے بعد رمیش سپی کی۱۹۷۱ءمیں ریلیز ہونے والی فلم انداز میں ہیمامالنی نے اپنی اداکاری سےناظرین کو مسحور کردیا۔ ۱۹۷۲ءمیں ہیما کو رمیش سپی کی ہی فلم  سیتا اور گیتا میں کام کرنے کا موقع ملا، جو ان کے فلمی کریئرمیں سنگ میل ثابت ہوا۔ اس فلم کی کامیابی کے بعد وہ شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئیں۔ اس فلم میں ان کی زبردست اداکاری کے لئے انہیں بہترین اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ ہیما مالنی نے جب  فلم انڈسٹری میں قدم رکھاتھا تو ایک تمل ہدایت کار سریدھر نے انہیں اپنی فلم میں کام دینے سے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ ان کے پاس اسٹار  اپیل نہیں ہے۔ بعد ازاں ۷۰ء کی دہائی میں اسی پروڈیوسر اور ہدایت کار نے ان کی مقبولیت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے۱۹۷۳ء میں ان کے ساتھ فلم ’گہری چال‘ بنائی۔ دھرمیندر کےساتھ ہیما مالنی کی جوڑی سلور اسکرین پر  کامیاب رہی۔ یہ فلمی جوڑی پہلی بار فلم شرافت سے روشنی میں آئی تھی۔ ۱۹۷۵ءمیں ریلیز ہونے والی فلم شعلے میں دھرمیندر نے ویرو اور ہیما مالنی نے بسنتی کے کردار میں شائقین کو محظوظ کیا، ہیما اور دھرمیندرکی اس جوڑی کو اس قدرپسند کیا گیا کہ دھرمیندرکی پردے پر ڈریم گرل ہیما مالنی ان کی حقیقی زندگی کی ڈریم گرل بن گئیں۔ بعد میں اس جوڑی نے ڈریم گرل، چرس، آس پاس، پرتگیا، راجہ جانی، رضیہ سلطان، علی بابا چالیس چور، بغاوت، آتنک، دی برننگ ٹرین، دوست وغیرہ جیسی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا۔
 ۱۹۹۰ءمیں ہیما مالنی نے  چھوٹے پردے کا رخ کیا اور سیریل نوپور کی ہدایت کاری کی، اس کے بعد ۱۹۹۲ءمیں انہوں نے فلم اداکار شاہ رخ خان کے ساتھ فلم دل آشنا ہے کی فلم سازی اور ہدایت کاری کی۔ ۱۹۹۵ءمیں انہوں نے  چھوٹے پردے کیلئےموہنی پروڈیوس اور ڈائریکٹ کی۔ فلموں میں کئی کردار ادا کرنے کے بعد ہیما مالنی نےسماجی خدمت کے لیے سیاست میں قدم رکھا۔ ۲۰۰۰ءمیں ہیما مالنی کو پدم شری ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ہیما مالنی نے اپنے۴؍دہائیوں کے طویل فلمی کریئرمیں تقریباً۱۵۰؍فلموںمیں کام کیا۔ ہیما مالنی بھارتیہ جنتا پارٹی کے ٹکٹ پر متھرا پارلیمانی سیٹ سے الیکشن جیت کر پارلیمنٹ پہنچی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK