Updated: August 14, 2026, 1:09 PM IST
| Quito
ایکواڈور میں پولیس نے کولمبیا کی سرحد کے قریب ایک ٹرک سے ۴۶۹؍ کلوگرام کوکین ضبط کی ہے، جس کے پیکٹوں پر ناروے کے اسٹار فٹبالر ارلنگ ہالینڈ کی تصاویر والے اسٹیکرز لگے ہوئے تھے۔ پولیس نے کارروائی کے دوران ایک خاتون کو گرفتار کیا ہے، جبکہ منشیات کی اس غیر معمولی کھیپ کے پسِ پردہ نیٹ ورک اور اس کی منزل کا تعین کرنے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔
ایکواڈور کی پولیس نے کولمبیا کی سرحد کے قریب ایک کارروائی کے دوران ۴۶۹؍ کلوگرام کوکین ضبط کی ہے، لیکن اس کارروائی نے اس وقت عالمی توجہ حاصل کرلی جب منشیات کے پیکٹوں پر ناروے کے معروف فٹبالر ارلنگ ہالینڈ کی تصاویر والے اسٹیکرز لگے ہوئے پائے گئے۔ پولیس کے مطابق کوکین ایک ٹرک کے خفیہ خانے میں چھپائی گئی تھی۔ یہ کارروائی ایکواڈور کے شمالی علاقے میں کولمبیا کی سرحد کے قریب تولکان کے نزدیک کی گئی۔ حکام کو ایک گمنام اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد پولیس نے پان امریکن ہائی وے پر ایک ٹرک کو روکا۔ تلاشی کے دوران ٹرک کے فرش کے نیچے بنائے گئے ایک خفیہ خانے کا انکشاف ہوا، جہاں کوکین کے سیکڑوں پیکٹ چھپائے گئے تھے۔ مجموعی طور پر ۳۷۰؍ پیکٹ برآمد ہوئے، جن کا وزن تقریباً ۴۶۹؍ کلوگرام بتایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق متعدد پیکٹوں کو سبز رنگ کی پیکنگ میں لپیٹا گیا تھا اور ان پر ارلنگ ہالینڈ کی تصاویر والے اسٹیکرز نمایاں تھے۔ ہالینڈ ناروے کے معروف اسٹرائیکر اور مانچسٹر سٹی کے اہم کھلاڑی ہیں۔ تاہم پولیس نے یہ نہیں بتایا کہ اسمگلروں نے ہالینڈ کی تصویر کو پیکٹوں پر استعمال کرنے کی مخصوص وجہ کیا تھی۔
ہالینڈ کا منشیات کی کھیپ سے کوئی تعلق نہیں
حکام کی جانب سے جاری معلومات میں ایسا کوئی اشارہ نہیں دیا گیا کہ ہالینڈ خود اس منشیات کی کھیپ یا اسمگلنگ میں کسی طرح ملوث ہیں۔ ان کی تصویر کا پیکٹوں پر استعمال بظاہر اسمگلنگ نیٹ ورک کی جانب سے سامان کی شناخت یا منزل سے متعلق ایک علامت ہوسکتا ہے۔ منشیات کی غیر قانونی کھیپ پر معروف شخصیات کی تصاویر یا مخصوص نشانات استعمال کئے جانے کے واقعات پہلے بھی سامنے آچکے ہیں۔ تاہم کارروائی کے دوران ایک خاتون، جس کی شناخت ماریہ آر کے نام سے کی گئی ہے اور جس کے پاس کولمبیا کی شناختی دستاویزات تھیں، کو گرفتار کیا گیا۔ بعض رپورٹس کے مطابق ٹرک کے ڈرائیور کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ منشیات کہاں سے لائی گئی تھیں، ان کی منزل کیا تھی اور اس اسمگلنگ نیٹ ورک کے پیچھے کون لوگ موجود ہیں۔
کوکین کی مالیت کروڑوں ڈالر
حکام کے مطابق ضبط کی گئی کھیپ کی مالیت مختلف مارکیٹوں کے لحاظ سے نمایاں طور پر مختلف ہوتی ہے۔ ایکواڈور میں اس کی مالیت تقریباً ۸؍ لاکھ ۴۲؍ ہزار ڈالر، امریکہ میں ایک کروڑ ۱۰؍ لاکھ ڈالر سے زیادہ اور یورپی مارکیٹ میں تقریباً ۲؍ کروڑ ڈالر بتائی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ہندوستان کا ۱۵۰ بار دورہ کرنے والا ایک جرمن شہری، روانی کے ساتھ ہندی اور بھوجپوری بولتا ہے
یہ واقعہ ایکواڈور میں منشیات کی اسمگلنگ کے وسیع مسئلے کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ ملک جغرافیائی طور پر کولمبیا اور پیرو جیسے بڑے کوکین پیدا کرنے والے ممالک کے قریب واقع ہے اور اسے بین الاقوامی منشیات کی ترسیل کیلئے ایک اہم راستے کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ ایکواڈور کی پولیس کے مطابق ۲۰۲۶ء کے پہلے نصف حصے میں تقریباً ۸۰ء ٹن منشیات ضبط کی جاچکی ہیں، جبکہ ۲۰۲۵ء میں یہ مقدار تقریباً ۲۱۵؍ ٹن اور ۲۰۲۴ء میں تقریباً ۲۹۵؍ ٹن تھی۔
ہالینڈ کی تصویر والے پیکٹوں کی برآمد نے اس کارروائی کو غیر معمولی بنا دیا ہے، تاہم تفتیش کاروں کیلئے اصل توجہ منشیات کے نیٹ ورک، اس کی ترسیلی زنجیر اور اس کھیپ کے ممکنہ خریداروں تک پہنچنے پر ہے۔ پولیس نے ابھی تک یہ وضاحت نہیں کی کہ ہالینڈ کی تصاویر کا انتخاب کیوں کیا گیا اور کیا یہ کسی مخصوص گروہ یا منشیات کی منزل کی شناخت کیلئے استعمال کی گئی تھیں۔