Updated: October 07, 2026, 5:06 PM IST
| Mumbai
ایکشن فلم ’’کنگ‘‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے والے ابھیشیک نے بتایا کہ شاہ رخ نے کئی مواقع پر ان کے کریئر کے حوالے سے ’’ذاتی ذمہ داری‘‘ لی، جس میں موجودہ فلم ’’کنگ‘‘ بھی شامل ہے۔ ابھیشیک نے یہ بات بی بی سی ایشین نیٹ ورک کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہی۔
شاہ رخ اور ابھیشیک۔ تصویر:آئی این این
بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن نے سپر اسٹار شاہ رخ خان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلق اور اپنے کریئر میں ان کے تعاون کے بارے میں اہم انکشاف کیا ہے۔ آنے والی ایکشن فلم ’’کنگ‘‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے والے ابھیشیک نے بتایا کہ شاہ رخ نے کئی مواقع پر ان کے کریئر کے حوالے سے ’’ذاتی ذمہ داری‘‘ لی، جس میں موجودہ فلم ’’کنگ‘‘ بھی شامل ہے۔ ابھیشیک نے یہ بات بی بی سی ایشین نیٹ ورک کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہی۔
ابھیشیک نے شاہ رخ خان کو اپنے لیے بڑے بھائی جیسی شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے فن اور کریئر کے لیے ہمیشہ بہت مددگار رہے ہیں۔ ان کے مطابق شاہ رخ نے متعدد مرتبہ ان کی رہنمائی کی اور انہیں اپنے فیصلوں اور کام کے حوالے سے حوصلہ دیا۔ ابھیشیک کے مطابق شاہ رخ کا ان کے کریئر میں یہ تعاون محض رسمی نہیں رہا بلکہ کئی مواقع پر انہوں نے خود ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے ان کا ساتھ دیا۔
یہ بھی پڑھئے:شریا چودھری آیوشمان کھرانہ کے ساتھ’’مُپاپا‘‘ میں نظر آئیں گی ، اگلے سال فلم ریلیز ہوگی
ابھیشیک نے اپنے انٹرویو میں پرانے دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے سے پہلے وہ اتوار کے دن فلمساز آدتیہ چوپڑا کے گھر کرکٹ کھیلا کرتے تھے۔ اس دوران ان کے ساتھ ادے چوپڑا، رتیک روشن اور سکندر کھیر بھی موجود ہوتے تھے۔ شاہ رخ خان بھی کبھی کبھار ان کے ساتھ کرکٹ کھیلنے آتے تھے۔
ابھیشیک کے مطابق اس دور میں شاہ رخ خان ان سب کے لیے بڑے بھائی جیسی حیثیت رکھتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ کرکٹ کھیلنے کے بعد سب لوگ بیٹھ کر مختلف موضوعات پر بات چیت کیا کرتے تھے اور اس وقت وہ، ہریتک روشن، سکندر کھیر اور دیگر نوجوان مستقبل میں اداکار بننے کے خواب دیکھ رہے تھے۔ ابھیشیک نے ایک پرانی گفتگو کا ذکر بھی کیا، جب انہوں نے شاہ رخ خان سے پوچھا تھا کہ ان کی پسندیدہ فلم کون سی ہے۔ شاہ رخ نے جواب دیا تھا کہ ان کی پسندیدہ فلم وہی ہوتی ہے جس پر وہ اس وقت کام کر رہے ہوتے ہیں کیونکہ اگر موجودہ فلم پسندیدہ نہیں تو پھر اسے کرنے کی وجہ کیا ہے۔
ابھیشیک نے بتایا کہ یہ بات ان کے ذہن میں ہمیشہ کے لیے بیٹھ گئی اور وہ آج بھی اسی سوچ کے ساتھ اپنے کام کو دیکھتے ہیں۔ ان کے مطابق ماضی میں کیا ہوا، اسے پیچھے چھوڑ کر موجودہ کام پر پوری توجہ دینی چاہیے۔ اسی لیے اس وقت ان کے لیے ’’کنگ‘‘ ان کی پسندیدہ فلم ہے۔ ’’کنگ‘‘ شاہ رخ خان کے لیے بھی خاص فلم ہے، کیونکہ اس میں وہ پہلی مرتبہ اپنی بیٹی سہانا خان کے ساتھ بڑے پردے پر نظر آئیں گے۔ فلم میں شاہ رخ ایک تجربہ کار قاتل کا کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ سہانا ان کی تربیت حاصل کرنے والی نوجوان شاگرد کے کردار میں ہیں۔ فلم کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند کر رہے ہیں اور اسے گوری خان کی ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ کے تحت تیار کیا جا رہا ہے جبکہ سدھارتھ آنند اور ممتا آنند بھی پروڈکشن سے وابستہ ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:خشک سالی اور ایل نینو کا اثر: مہاراشٹر میں ۱۶؍ اکتوبر سے پانی کی سپلائی میں ۱۰؍ فیصد کٹوتی
فلم کی کاسٹ میں دپیکا پڈوکون، رانی مکھرجی، ابھی ورما، جے دیپ اہلاوت اور ارشد وارثی بھی شامل ہیں۔ ’’کنگ‘‘ کی عالمی سطح پر سنیما گھروں میں ریلیز ۲۴؍ دسمبر ۲۰۲۶ء کو مقرر ہے۔ شاہ رخ خان اور ابھیشیک بچن اس سے قبل بھی ایک ساتھ کام کرچکے ہیں، جن میں ’’کبھی الوداع نہ کہنا‘‘ اور ’’ہیپی نیو ایئر‘‘ شامل ہیں۔ تاہم ’’کنگ‘‘ میں دونوں کا رشتہ پہلے کی فلموں سے مختلف ہوگا اور ابھیشیک فلم میں اہم منفی کردار ادا کر رہے ہیں۔ ابھیشیک کے حالیہ بیان نے ایک بار پھر شاہ رخ خان اور بچن خاندان کے درمیان دیرینہ تعلق کو نمایاں کردیا ہے۔ خاص طور پر ’’کنگ‘ ‘کی ریلیز سے قبل ابھیشیک کی جانب سے شاہ رخ کی حمایت، رہنمائی اور کریئر میں ان کے کردار کا ذکر فلم کے حوالے سے مداحوں کی دلچسپی مزید بڑھا رہا ہے۔