Updated: March 12, 2026, 6:06 PM IST
| Los Angeles
لاس اینجلس میں ہونے والے ۹۸؍ ویں اکیڈمی ایوارڈز سے قبل ممکنہ ڈرون حملے کے خدشے کے باعث ایف بی آئی نے سیکوریٹی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ تقریب کے دوران سیکوریٹی مزید سخت کی جائے گی اور ایف بی آئی اور مقامی پولیس کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جا رہا ہے۔
۹۸؍ ویں اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب سے قبل سیکوریٹی خدشات کے باعث امریکہ میں قانون نافذ کرنے والے ادارے الرٹ ہو گئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن نے کیلیفورنیا بھر کے پولیس محکموں کو ممکنہ ڈرون حملے کے بارے میں خبردار کیا ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی کی رپورٹ کے مطابق ایف بی آئی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ممکنہ طور پر سمندر میں موجود جہازوں سے ڈرون حملہ کیا جا سکتا ہے۔ یہ الرٹ ایسے وقت جاری کیا گیا ہے جب ایران کے خلاف جاری امریکی فوجی کارروائی کے باعث عالمی سطح پر سیکوریٹی خدشات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بامعنی سنیما کیلئے فنڈنگ، ناظرین تک رسائی مشکل: وشال بھردواج کا انتباہ
اگرچہ آسکر ایوارڈز کے منتظمین نے ایف بی آئی کے الرٹ پر براہ راست تبصرہ نہیں کیا، تاہم انہوں نے سیکوریٹی اقدامات میں اضافے کی تصدیق کی ہے۔ ہالی ووڈ رپورٹر کے مطابق آسکر ٹیلی کاسٹ کے ایگزیکٹو پروڈیوسرز کیٹی مولن اور راج کپور نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ تقریب کے دوران سیکوریٹی کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’ہمیں ایف بی آئی اور لاس اینجلس پولیس ڈیپارٹمنٹ کی مکمل حمایت حاصل ہے اور یہ ایک قریبی تعاون ہے۔ یہ شو انتہائی منظم انداز میں ہونا چاہیے اور ہم چاہتے ہیں کہ ہر وہ شخص جو اس شو میں شرکت کرے یا اسے دیکھے، وہ خود کو محفوظ محسوس کرے۔‘‘ واضح رہے کہ ۹۸؍ ویں اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب ۱۶؍ مارچ ۲۰۲۶ء کو ہالی ووڈ کے ڈولبی تھیٹر میں منعقد کی جائے گی۔ اس تقریب میں اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز کی جانب سے ۲۰۲۵ء میں ریلیز ہونے والی فلموں کو ۲۴؍ مختلف زمروں میں ایوارڈز دیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھئے: مجھے گندگی میں رہنا پسند نہیں:پرینکا چوپڑہ نے بالی ووڈ چھوڑنے کی وجہ بتائی
اس سال کی تقریب کی میزبانی معروف کامیڈین کونن اوبرائن کریں گے، جو گزشتہ سال بھی اس شو کی میزبانی کر چکے ہیں اور انہیں اس کارکردگی پر خاصی پذیرائی ملی تھی۔ تقریب کے ایگزیکٹو پروڈیوسرز کے طور پر راج کپور اور کیٹی مولن مسلسل تیسرے سال اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے جبکہ ہمیش ہیملٹن اس ایوارڈ شو کے ہدایت کار کے طور پر واپس آ رہے ہیں۔اس سال آسکر تقریب میں کئی عالمی شہرت یافتہ اداکار اور شخصیات بطور پریزنٹر شرکت کریں گی۔ ان میں پرینکا چوپڑا، ول آرنیٹ، ایڈرین بروڈی، جیویئر بارڈیم، روز برن، رابرٹ ڈاؤنی جونیئر، کرس ایونز، این ہیتھ وے، نکول کڈمین، جمی کامل، کومیل نانجیانی، گیوینتھ پیلٹرو، مایا روڈولف، زوئی سالڈانا، چیننگ ٹیٹم اور سیگورنی ویور شامل ہیں۔منتظمین کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی سیکوریٹی کے باوجود تقریب کو معمول کے مطابق منعقد کرنے کی تیاری جاری ہے اور ناظرین اور مہمانوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔