Inquilab Logo Happiest Places to Work

فولارین بالوگن کی معطلی ختم کرنے پر فیفا کے خلاف شکایت پر غور

Updated: July 24, 2026, 5:06 PM IST | Oslo

امریکی فارورڈ فولارین بالوگن کی ایک میچ کی خودکار معطلی واپس لینے کے فیفا کے فیصلے پر تنازع مزید شدت اختیار کر گیا ہے جبکہ ناروے فٹبال فیڈریشن نے اس معاملے کو فیفا کی ایتھکس کمیٹی میں اٹھانے پر غور شروع کر دیا ہے۔

Norway Team.Photo:X
ناروے کی ٹیم۔ تصویر:ایکس

 امریکی فارورڈ فولارین بالوگن کی ایک میچ کی خودکار معطلی واپس لینے کے فیفا کے فیصلے پر تنازع مزید شدت اختیار کر گیا ہے جبکہ ناروے فٹبال فیڈریشن نے اس معاملے کو فیفا کی ایتھکس کمیٹی میں اٹھانے پر غور شروع کر دیا ہے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ناروے فٹبال فیڈریشن نے اعلان کیا ہے کہ وہ فیفا کے اس فیصلے کے خلاف باضابطہ شکایت دائر کرنے کے امکان کا جائزہ لے رہی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:ہندوستان سیریز جیتنے کے قریب، زمبابوے کے لیے کرو یا مرو کی صورتحال

رپورٹ کے مطابق بالوگن کو بوسنیا و ہرزیگووینا کے خلاف میچ میں سیدھا ریڈ کارڈ دکھایا گیا تھا، جس کے باعث انہیں بلجیم  کے خلاف پری کوارٹر فائنل سے محروم ہونا تھا۔تاہم فیفا نے بعد میں ان کی ایک میچ کی پابندی ۱۲؍ ماہ کے لیے معطل کر دی، جس کے نتیجے میں وہ  بلجیم  کے خلاف میدان میں اترے، اگرچہ اس میچ میں امریکہ کو ۱۔۴؍گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ناروے فٹبال فیڈریشن کی صدر لیزے کلاوینیس کے مطابق اس معاملے کو فیفا کی جانب سے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو دیے گئے مبینہ پیس پرائز  سے متعلق پہلے سے دائر شکایت کے ساتھ شامل کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب بلجیم  فٹبال فیڈریشن اور یورپی فٹبال تنظیم یوئیفا نے بھی فیفا کے فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے، جبکہ فیفا نے بلجیم کی جانب سے وضاحت طلب کرنے کی درخواست کو ناقابلِ سماعت قرار دے دیا ہے۔
ورلڈ کپ سے جلد باہر ہونے کے باوجود کولمبیا نے نیسٹر لورینزو پر اعتماد برقرار رکھا
 کولمبیا فٹبال فیڈریشن نے جمعرات کو اعلان کیا کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نیسٹر لورینزو کا معاہدہ مزید چار برس کے لیے بڑھا دیا گیا ہے۔ یہ اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب لورینزو کی قیادت میں کولمبیا کی ٹیم رواں ماہ کے آغاز میں سوئزرلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل (راؤنڈ آف ۱۶ ) سے باہر ہوگئی تھی۔

یہ بھی پڑھئے:جانی ڈیپ کی ہالی ووڈ میں واپسی، ’’ایبینیزر‘‘ کا پہلا ٹریلر کامک کان ۲۰۲۶ء میں جاری

فیڈریشن نے اپنے بیان میں کہا کہ معاہدے میں توسیع کا فیصلہ ارجنٹائنا سے تعلق رکھنے والے کوچ کی قیادت میں جاری  تکنیکی منصوبے  پر مکمل اعتماد اور اس کی مسلسل حمایت کا اظہار ہے۔ نیسٹر لورینزو نے ۲۰۲۲ء میں کولمبیا کی قومی ٹیم کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔ ان کی کوچنگ میں ٹیم نے اب تک ۳۱؍ میچ جیتے، ۱۲؍ مقابلے برابر کھیلے، جبکہ آٹھ میچوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ۲۰۲۴ء میں کولمبیا نے امریکہ میں منعقدہ کوپا امریکہ ٹورنامنٹ میں رنر اپ رہنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ یہ کامیابی اس شاندار سفر کا حصہ تھی، جس کے دوران ٹیم مسلسل ۲۸؍میچوں تک ناقابل شکست رہی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK