Updated: June 10, 2026, 5:20 PM IST
| Mumbai
فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ءکےآفیشل میوزک البم کا نیا گانا’’Siir Siir‘‘جاری کر دیا گیا ہے، جس میں بالی ووڈ اداکارہ اور گلوکارہ نورا فتحی نے اپنی آواز اور پرفارمنس کا جادو جگایا ہے۔ یہ گانا مختلف ثقافتوں اور موسیقی کے رنگوں کو یکجا کرتے ہوئے عالمی ہم آہنگی کا پیغام دیتا ہے۔
نورا فتحی نے فیفا کے آفیشل نغمے میں اپنی شمولیت کو ہندوستانیوں کیلئے باعث فخر لمحہ قرار دیا ہے۔ تصویر: آئی این این
فیفا ورلڈ کپ۲۰۲۶ءکا نیا گانا آخرکار جاری کر دیا گیا ہے، جس میں بالی ووڈ اسٹارنورا فتحی شامل ہیں۔ اس گانے کا عنوان ’’Siir Siir‘‘ہے۔ یہ گانا موسیقی کے پروڈیوسر’’سنجوئے‘‘(Sanjoy )اور فرانسیسی گلوکار Vegedream کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔ یہ فیفا ورلڈ کپ۲۰۲۶ءکے آفیشل میوزک پروجیکٹ کا حصہ ہے اور ٹورنامنٹ کے آفیشل البم میں شامل کیا گیا ہے، جس میں دنیا بھر کے مختلف موسیقی کے پس منظر رکھنے والے فنکاروں کو یکجا کیا گیا ہے۔ نورا فتحی نے پیر کو یہ گانا اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا۔
اداکارہ نے کہا:’’یہ گانا میرے لئے بہت خاص ہے۔ ’’ Siir Siir‘‘ کے ذریعے ہم نے مختلف ثقافتی اثرات کو یکجا کرنے اور ایسی موسیقی تخلیق کرنے کی کوشش کی ہے جو عالمی ہونے کے ساتھ منفرد بھی محسوس ہو۔ میں اپنی شناخت کے ہر پہلو کو اس میں شامل کرنا چاہتی تھی، چاہے وہ میری مراکشی جڑیں ہوں، میری کنیڈین شناخت ہو، یا پھر ہندوستان کا مجھ پر گہرا اثر، جہاں سے مجھے بے پناہ محبت ملی ہے۔ جنوبی ایشیائی برادری کی حمایت بھی میرے سفر میں انتہائی اہم رہی ہے۔ ‘‘انہوں نے مزید کہا:’’اس گانے کو مزید بامعنی بنانے والی بات یہ ہے کہ اس کے پس منظر میں ہندوستانی نمائندگی بہت مضبوط ہے۔ کوریوگرافر، رقاص، اسٹائلنگ ٹیم، سب نے اس وژن کو حقیقت کا روپ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ فیفا ورلڈ کپ جیسے عالمی ایونٹ کیلئے یہ گانا تخلیق کرنا میرے لئےکسی خواب سے کم نہیں۔ یہ ایک ایسا لمحہ ہے جہاں مختلف ثقافتیں، آوازیں اور لوگ ایک جگہ جمع ہوتے ہیں۔ میں امید کرتی ہوں کہ اپنے انداز میں مشرق کی خوبصورت دھنوں کو دنیا تک پہنچانے میں کامیاب رہوں گی۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: نصرت بھروچا نے جانوروں پر ظلم کے خلاف آواز بلند کی
پریس ریلیز کے مطابق، میوزک ویڈیو کی تیاری میں شامل عملے کا ایک بڑا حصہ ہندوستانی تھا، جن میں کوریوگرافر، ڈانسرز اور اسٹائلسٹس شامل ہیں۔ فیفا نے باضابطہ طور پر فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ءکے آفیشیل البم کے مکمل فنکاروں کی فہرست بھی جاری کر دی ہے، جو دنیا بھر کے فنکاروں، ثقافتوں اور موسیقی کی مختلف جہتوں کو یکجا کرتی ہے۔ ۱۸؍ گانوں پر مشتمل یہ سرکاری البم ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا کثیرالجہتی موسیقی اور ثقافتی منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس میں اس عالمی ایونٹ کی توانائی، جذبات اور عالمی روح کو پیش کیا گیا ہے، جو کنیڈا، میکسیکو اور امریکہ میں منعقد ہونے والے ورلڈ کپ کی نمائندگی کرتا ہے۔ ۱۰؍جون کو ہونے والے فیفا کاؤنٹ ڈاؤن کنسرٹ اور اگلے دن ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ سے قبل، فیفا موسیقی کو فٹبال، ثقافت اور تفریح کے عالمی جشن کا اہم حصہ بنائے ہوئے ہے، تاکہ ۲۰۲۶ءورلڈ کپ کے آغاز سے پہلے دنیا بھر کے شائقین کو جوڑا جا سکے۔