• Sat, 22 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ءپلے آف ٹورنامنٹ کے میچوں کا پروگرام جاری

Updated: November 22, 2025, 8:47 PM IST | Zurich

فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے پلے آف ٹورنامنٹ کے لیے میچ شیڈول کی باضابطہ تصدیق کر دی گئی ہے۔ یہ اعلان سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ میں واقع فیفا ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ قرعہ اندازی کے بعد کیا گیا۔

Guadalaj.Photo:INN
گوادالاخارا اسٹیڈیم-تصویر:آئی این این

 فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے پلے آف ٹورنامنٹ کے لیے میچ شیڈول کی باضابطہ تصدیق کر دی گئی ہے۔ یہ اعلان سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ میں واقع فیفا ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ قرعہ اندازی کے بعد کیا گیا۔پلے آف ٹورنامنٹ کے دوران گوادالاخارا اسٹیڈیم اور مونتری اسٹیڈیم دو، دو میچز کی میزبانی کریں گے۔ گوادالاخارا میں پلے آف پاتھ وے  وَن کے مقابلے ہوں گے جن میں نیو کیلیڈونیا، جمائیکا اور کانگو ڈی آر کی ٹیمیں شامل ہوں گی  جبکہ مونتری میں پلے آف پاتھ وے ۲؍ کے تحت بولیویا، سورینام اور عراق کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں گی۔ 
دونوں شہروں میں سیمی فائنل مقابلے جمعرات ۲۶؍مارچ ۲۰۲۶ء کو کھیلے جائیں گے، جبکہ فائنل میچز منگل ۳۱؍ مارچ کو ہوں گے، جن کے ذریعے آنے والے سال کے فیفا ورلڈ کپ کے لیے آخری دو نشستوں کا فیصلہ کیا جائے گا۔  یہ پلے آف مقابلے سنگل لیگ ناک آؤٹ فارمیٹ کے تحت ہوں گے، جس کا مطلب ہے کہ ہر میچ فیصلہ کن ہوگا اور ہارنے والی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی۔ 

ان ۶؍ ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے متوقع ہیں کیونکہ یہ سب پہلی مرتبہ ۴۸؍ ٹیموں پر مشتمل فیفا ورلڈ کپ میں جگہ بنانے کے لیے میدان میں اتریں گی۔ گوادالاخارا اور مونتری میں ہونے والے میچز کے ٹکٹس شائقین فیفا کی ویب سائٹ کے ذریعے حاصل کر سکیں گے جبکہ ٹکٹوں سے متعلق مکمل معلومات آئندہ سال کے آغاز میں جاری کی جائیں گی۔فیفا ورلڈ کپ۲۰۲۶ء سے قبل اہم عالمی ایونٹس بھی منعقد ہوں گے، جن میں فائنل ڈرا ۵؍ دسمبر کو واشنگٹن ڈی سی کے جان ایف کینیڈی سینٹر فار پرفارمنگ آرٹس میں اور ۷۶؍ واں فیفا کانگریس ۳۰؍ اپریل ۲۰۲۶ء کوکنیڈا کے شہر وینکوور میں منعقد ہوگا۔ 

یہ بھی پڑھئے:دہلی کی ہوا کا معیار: دفاتر میں ۵۰؍ فیصد ورک فرام ہوم ہوگا

واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کا آغاز۱۱؍جون  ۲۰۲۶ء کو میکسیکو سٹی اسٹیڈیم میں ہوگا اور میکسیکو میں ہونے والا یہ پلے آف ٹورنامنٹ اس میگا ایونٹ کی تیاریوں میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء پلے آف ٹورنامنٹ کا مکمل میچ شیڈول فیفا کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK