• Sun, 11 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نانا پاٹیکر کی موت کی حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری، دل کا دورہ پڑنے موت کی تصدیق

Updated: October 11, 2026, 8:03 PM IST | panji

معروف اداکار نانا پاٹیکر کی موت کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ گوا میڈیکل کالج اینڈ اسپتال ، بامبولم کی حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ان کی موت کی وجہ شدید دل کا دورہ قرار دی گئی ہے۔

Nana Patekar.Photo:INN
نانا پاٹیکر۔ تصویر:آئی این این

معروف  اداکار نانا پاٹیکر کی موت کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ گوا میڈیکل کالج اینڈ اسپتال ، بامبولم کی حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ان کی موت کی وجہ شدید دل کا دورہ قرار دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، نانا پاٹیکر کی موت قدرتی وجوہات کی بنا پر ہوئی اور اس معاملے میں کسی مجرمانہ سازش یا بیرونی مداخلت کے شواہد سامنے نہیں آئے۔ گوا پولیس نے اس رپورٹ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اداکار کے اہل خانہ کو بھی طبی رپورٹ سے آگاہ کردیا گیا ہے اور اب تک خاندان کی جانب سے اس پر کوئی اعتراض نہیں کیا گیا۔ پولیس کے مطابق، حتمی رپورٹ سامنے آنے کے بعد غیر فطری موت کے معاملے میں درج مقدمہ جلد بند کردیا جائے گا۔  
گوا میڈیکل کالج کے ڈاکٹروں کی ٹیم کی حتمی رپورٹ کے مطابق، نانا پاٹیکر دل کی شریانوں کی بیماری، جسے طبی اصطلاح میں کورونری آرٹری ڈیزیز کہا جاتا ہے، میں مبتلا تھے۔ اس بیماری میں دل کو خون پہنچانے والی شریانوں میں چربی اور دیگر مادوں کے جمع ہونے سے خون کی روانی متاثر ہوسکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، اداکار کے دل کی اہم شریان میں خون کا لوتھڑا بن گیا تھا، جس کے باعث دل کو خون کی فراہمی رک گئی اور انہیں شدید دل کا دورہ پڑا۔ اس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہوئی۔ ڈاکٹروں نے موت کو قدرتی قرار دیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:نصیرالدین شاہ سلمان رشدی کی قاتلانہ حملے سے متعلق یادداشت کو اسٹیج پر پیش کریں گے

 ۷۵؍ سالہ نانا پاٹیکر کا انتقال ۸ ؍اکتوبر کی صبح گوا میں ان کی رہائش گاہ پر ہوا تھا۔ پولیس کی تحقیقات کے مطابق، طبیعت خراب ہونے سے چند گھنٹے پہلے انہوں نے اپنے قریبی دوست امے نائک کو پیغام بھیج کر بتایا تھا کہ رات تقریباً ڈھائی بجے ان کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔ دوست نے صبح تقریباً ساڑھے تین بجے پیغام دیکھا اور فوراً اداکار کے ڈونا پاؤلا واقع گھر پہنچے، جہاں نانا پاٹیکر صوفے پر بے ہوشی کی حالت میں ملے۔ اس کے بعد انہیں ایمبولینس کے ذریعے منی پال اسپتال  لے جایا گیا۔ ڈاکٹروں نے انہیں بچانے کے لیے تقریباً ۴۵ ؍ منٹ تک طبی کوششیں کیں، لیکن ان کی حالت میں بہتری نہیں آئی۔ بالآخر صبح تقریباً ۵ ؍بج کر ۲۰؍ منٹ پر ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔  نانا پاٹیکر کے انتقال کے بعد پنجی پولیس نے ضابطے کے تحت غیر فطری موت کا معاملہ درج کیا تھا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ اداکار اپنے گھر میں بے ہوش پائے گئے تھے اور انہیں اسپتال پہنچنے پر مردہ قرار دیا گیا تھا۔ پولیس نے واقعہ کی جانچ شروع کی، اہل خانہ کے بیانات لیے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کیا تاکہ موت کی اصل وجہ واضح ہوسکے۔ حتمی رپورٹ میں قدرتی موت کی تصدیق ہونے اور اہل خانہ کی جانب سے کسی مشتبہ صورتِ حال پر اعتراض سامنے نہ آنے کے بعد پولیس نے مقدمہ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:ارجنٹائنا کی ٹیم کو الوداع کہنے کے بعد پہلے ہی میچ میں میسی کے انٹر میامی کیلئے ۲؍ گول

 پوسٹ مارٹم کا عمل مکمل ہونے کے بعد نانا پاٹیکر کی میت پونے ضلع کے ڈونجے گاؤں میں واقع ان کے فارم ہاؤس لے جائی گئی، جہاں سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا کی گئیں۔ ان کے بیٹے ملہار پاٹیکر نے والد کو آخری رسومات ادا کیں۔ اداکار کے انتقال سے ہندوستانی فلمی صنعت میں سوگ کی لہر دوڑ گئی، جبکہ ان کے مداحوں اور ساتھی فنکاروں نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔  نانا پاٹیکر ہندی اور مراٹھی سنیما کے معروف اداکاروں میں شمار ہوتے تھے۔ ان کی تقریباً پانچ دہائیوں پر محیط فلمی زندگی میں کئی یادگار کردار شامل رہے۔ ان کی موت کی حتمی رپورٹ سامنے آنے کے بعد اب پولیس کی توجہ مقدمے کی کارروائی مکمل کرکے اسے بند کرنے پر ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK