Inquilab Logo Happiest Places to Work

جنیلیا اپنی سادگی اور بے ساختہ مسکراہٹ کیلئے مشہور ہیں

Updated: August 06, 2026, 11:02 AM IST | Mumbai

بالی ووڈاور جنوبی ہند کی فلمی صنعت میں چند ایسی اداکارائیں ہیں جنہوں نے اپنی سادگی، بے ساختہ مسکراہٹ اور جاندار اداکاری سے لاکھوں دل جیتے۔جنیلیا ڈی سوزا بھی انہی فنکاراؤں میں شامل ہیں۔

Genelia D`Souza. Photo: INN
جینیلیا ڈی سوزا۔ تصویر: آئی این این

بالی ووڈاور جنوبی ہند کی فلمی صنعت میں چند ایسی اداکارائیں ہیں جنہوں نے اپنی سادگی، بے ساختہ مسکراہٹ اور جاندار اداکاری سے لاکھوں دل جیتے۔جنیلیا ڈی سوزا بھی انہی فنکاراؤں میں شامل ہیں۔اگرچہ انہوں نے اپنے کریئرمیں نسبتاً کم ہندی فلمیں کیں، لیکن جن کرداروں میں بھی نظر آئیں، اپنی فطری اداکاری اور پرکشش شخصیت کے باعث ناظرین پر گہرا اثر چھوڑنے میں کامیاب رہیں۔تمل، تیلگو، کنڑ، ملیالم اور ہندی فلموں میں یکساں کامیابی حاصل کرنے والی جنیلیا کو ہندوستانی فلمی صنعت کی سب سے مقبول اداکاراؤں میں شمار کیا جاتا ہے۔

جنیلیا ڈی سوزا کی پیدائش۵؍اگست ۱۹۸۷ءکوممبئی میں ایک رومن کیتھولک خاندان میں ہوئی۔ ان کے والد نیل ڈی سوزا ایک بڑی دوا سازکمپنی سے وابستہ تھے جبکہ والدہ جینیٹ ڈی سوزا ایک فارماسیوٹیکل ادارے میں اعلیٰ عہدے پر فائز رہیں، تاہم بعد میں انہوں نے بیٹی کے فلمی کریئر کی نگرانی کے لیے ملازمت چھوڑ دی۔

یہ بھی پڑھئے: ’’لاک اپ۲‘‘ کی فاتح شریا کالرا نےٹرافی کے ساتھ ایک کروڑ روپے کی انعامی رقم جیتی

جنیلیانےاپنی ابتدائی تعلیم ممبئی کے معروف اسکول سے حاصل کی اور بعد ازاں سینٹ اینڈریوز کالج سے مینجمنٹ کی تعلیم حاصل کی۔ تعلیم کے دوران ان کی خواہش کھیلوں کے میدان میں نمایاں ہونے کی بھی تھی، لیکن قسمت نے انہیں فلمی دنیا کی طرف لے آیا۔

صرف۱۵؍ برس کی عمر میں جنیلیا نے ایک معروف اشتہار میں امیتابھ بچن کے ساتھ کام کیا۔ اس اشتہار میں ان کی معصوم اداکاری اور دلکش مسکراہٹ نےناظرین اور فلم سازوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی۔ یہی اشتہار ان کے فلمی سفر کی بنیاد ثابت ہوا۔۲۰۰۳ءمیں انہوںنےہندی فلم ’تجھے میری قسم‘سےفلمی دنیا میں قدم رکھا۔ اس فلم میں ان کے ہیرو رتیش دیشمکھ تھے۔فلم اگرچہ بہت بڑی تجارتی کامیابی حاصل نہ کرسکی، لیکن جنیلیا کی اداکاری کو کافی سراہا گیا۔

جنیلیا کی اصل شہرت جنوبی ہند کی فلموں سے شروع ہوئی۔ ان کی پہلی تیلگو فلم ’ستیام‘سپر ہٹ ثابت ہوئی اور وہ راتوں رات جنوبی ہند کی پسندیدہ اداکارہ بن گئیں۔اس کے بعد انہوں نے مسلسل کامیاب فلمیں دیں۔جنوبی فلموں میں کامیابی کے بعد جنیلیا نے دوبارہ ہندی فلموں کارخ کیا۔ ان کی فلم ’جانے تو... یا جانے نہ‘(۲۰۰۸ء)ان کے کیریئر کا اہم سنگ میل ثابت ہوئی۔عامر خان کی پروڈکشن میں بننے والی اس فلم میں انہوں نے’ادیتی‘ کا کردار ادا کیا۔ ان کی شوخ، زندہ دل اور جذباتی اداکاری کو ناقدین اور شائقین دونوں نے بے حد پسند کیا۔ یہ فلم نوجوانوں میں بے حد مقبول ہوئی اور جنیلیا کو بالی ووڈ میں مضبوط شناخت ملی۔اس کے بعد انہوں نے میرے باپ پہلے آپ، لائف پارٹنر،چانس پہ ڈانس، فورس، تیرے نال لو ہوگیاجیسی فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

یہ بھی پڑھئے: شاہ رخ خان نے سب سے قیمتی سیلیبریٹی برانڈمیں وراٹ کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا

جنیلیا اور رتیش دیشمکھ کی محبت کی کہانی بالی ووڈ کی خوبصورت داستانوں میں شمار کی جاتی ہے۔ دونوں کی پہلی ملاقات فلم ’تجھے میری قسم‘ کے سیٹ پر ہوئی۔ابتدائی دنوں میں دونوں صرف اچھے دوست تھے، لیکن وقت کے ساتھ یہ دوستی محبت میں بدل گئی۔ تقریباً ۹؍برس تک ایک دوسرے کو سمجھنے اور جاننے کے بعد دونوں نے۲۰۱۲ءمیں شادی کرلی۔ان کی شادی میں مہاراشٹری اور عیسائی دونوں روایات کا اہتمام کیا گیا، جس نے میڈیا میں خاصی توجہ حاصل کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK