روہت شیٹی نے پہلی جھلک کے ساتھ تاریخ ظاہر کردی، شرمن جوشی تقریباً ۲؍ دہائی بعد فرنچائز میں واپس؛ اکشے کمار پہلی بار ’گول مال‘ کا حصہ بنے۔
EPAPER
Updated: September 20, 2026, 4:01 PM IST | Mumbai
روہت شیٹی نے پہلی جھلک کے ساتھ تاریخ ظاہر کردی، شرمن جوشی تقریباً ۲؍ دہائی بعد فرنچائز میں واپس؛ اکشے کمار پہلی بار ’گول مال‘ کا حصہ بنے۔
روہت شیٹی کی مقبول کامیڈی فرنچائز ’گول مال‘ ایک بار پھر بڑے پردے پر واپسی کے لیے تیار ہے۔ فلم ساز نے ۱۹؍ ستمبر ۲۰۲۶ء کو پانچویں فلم ’گول مال ۵‘ کی باضابطہ ریلیز تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ فلم ۸؍ جنوری ۲۰۲۷ء کو سنیما گھروں میں پہنچے گی۔ اس کے ساتھ فلم کی پہلی جھلک بھی جاری کردی گئی، جس میں اجے دیوگن سمیت فرنچائز کے کئی پرانے چہرے ایک ساتھ نظر آرہے ہیں۔ روہت شیٹی نے اعلان کے ساتھ لکھا، ’’ہنسی، مستی، خوشی، مسرت اور خاندان… بس، اس کے علاوہ کچھ نہیں۔ ‘‘ فلم سازوں کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا کہ ۲۰۲۷ء کا آغاز ’گول مال‘ کے ساتھ ہنسی، تفریح اور نئے ہنگامے سے ہوگا۔
نئی فلم میں اجے دیوگن، ارشد وارثی، کنال کھیمو، شریاس تلپڑے اور تشار کپور اپنے معروف کرداروں کے ساتھ واپس آرہے ہیں۔ اجے دیوگن ایک بار پھر گوپال، ارشد وارثی مادھو، تشار کپور لکی اور کنال کھیمو لکشمن کے کردار میں دکھائی دیں گے، جبکہ شریاس تلپڑے بھی اپنے کردار میں واپس آئیں گے۔ اس بار فرنچائز میں ایک بڑا نیا اضافہ بھی ہوا ہے۔ اکشے کمار پہلی مرتبہ ’گول مال‘ کی دنیا میں داخل ہورہے ہیں۔ روہت شیٹی نے مارچ ۲۰۲۶ء میں ان کی شمولیت کی تصدیق کی تھی۔ ان کے کردار کی مکمل تفصیل ابھی سامنے نہیں آئی، اگرچہ مختلف رپورٹس میں انہیں ممکنہ مخالف کردار میں دکھائے جانے کی بات کہی گئی ہے؛ اس کی باضابطہ تصدیق ابھی نہیں ہوئی۔
یہ بھی پڑھئے: ’’میں ایسے کردار نبھانا چاہتی ہوں جن میں کچھ نیا کرنے کا موقع ملے ‘‘
فلم میں شرمن جوشی کی واپسی بھی خاص توجہ حاصل کررہی ہے۔ وہ ۲۰۰۶ء میں ریلیز ہونے والی پہلی فلم ’گول مال: فن ان لمیٹڈ‘ میں لکشمن کے کردار میں نظر آئے تھے، لیکن اس کے بعد آنے والی فلموں میں فرنچائز کا حصہ نہیں رہے۔ تقریباً ۲۰؍ برس بعد ان کی واپسی پرانی کاسٹ کو دوبارہ ایک ساتھ لے آئی ہے۔ ’گول مال ۵‘ کی شوٹنگ ۲۰۲۶ء میں جاری رہی۔ فلم کا پہلا شیڈول اپریل میں اوٹی میں شروع ہوا تھا، جبکہ اگست تک رپورٹس کے مطابق مکالموں کی شوٹنگ مکمل ہوچکی تھی۔ اس وقت ۲؍ گانوں، جن میں فلم کا مرکزی گانا بھی شامل ہے، کی شوٹنگ باقی بتائی گئی تھی۔ تشار کپور نے مئی میں اپنا انفرادی شیڈول مکمل ہونے کی اطلاع بھی دی تھی۔
یہ بھی پڑھئے: اتل کلکرنی کا کردار چھوٹا ہو یا بڑا، اداکاری ہمیشہ بڑی ہوتی ہے
نئی فلم کے ساتھ ’گول مال‘ فرنچائز اپنے ۲۰؍ ویں سال میں داخل ہورہی ہے۔ پہلی فلم ۲۰۰۶ء میں ریلیز ہوئی، جس کے بعد ’گول مال ریٹرنز‘ ۲۰۰۸ء، ’گول مال ۳‘ ۲۰۱۰ء اور ’گول مال اگین‘ ۲۰۱۷ء میں سنیما گھروں میں آئیں۔ پانچویں فلم تقریباً )۹؍ برس بعد اس سلسلے کی واپسی ہوگی۔ اس بار ریلیز کا وقت بھی پچھلی ۳؍ فلموں سے مختلف ہے۔ ’گول مال ریٹرنز‘، ’گول مال ۳‘ اور ’گول مال اگین‘ دیوالی کے موقع پر ریلیز ہوئی تھیں، جبکہ ’گول مال ۵‘ کے لیے ۸؍ جنوری ۲۰۲۷ء کی تاریخ منتخب کی گئی ہے۔ یہ تاریخ پہلی ’گول مال‘ کے ۲۰۰۶ء میں ریلیز ہونے کے انداز سے بھی مماثلت رکھتی ہے، کیونکہ وہ فلم بھی کسی بڑے تہوار کے بجائے سال کے آغاز میں ریلیز ہوئی تھی۔ فلم کو روہت شیٹی پکچرز اور ٹی سیریز کے اشتراک سے تیار کیا جارہا ہے۔ نئی فلم میں پرانے گینگ کی واپسی کے ساتھ اکشے کمار اور شرمن جوشی کی شمولیت نے کاسٹ کو مزید وسیع کردیا ہے، جبکہ خواتین مرکزی کردار کے بارے میں ابھی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔